چین نے اپنی تیزی سے بڑھتی ہوئی بزرگ آبادی کے امور سے
نمٹنے کے لئے حالیہ برسوں میں عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بھال کی خدمات میں
توسیع کی ہے ، خصوصاً گھر پر اور کمیونٹی پر مبنی دیکھ بھال کی ترقی پر زور
دیا ہے۔چینی وزارت شہری امور کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال جون کے آخر
تک ملک میں معمر افراد کی دیکھ بھال کے کل 4 لاکھ 10 ہزار ادارے اور
سہولیات تعمیر کی جا چکی ہیں جو 2019 کی تعداد سے دوگنی ہیں۔ان میں سے 3
لاکھ 69 ہزار کمیونٹی پر مبنی بزرگوں کی دیکھ بھال کے ادارے اور سہولیات
فعال تھے، جو 2019 کے مقابلے میں 120 فیصد زیادہ ہیں۔
ملک نے بزرگوں کی دیکھ بھال کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی کوششیں بھی تیز
کردی ہیں۔ 2023 کے آخر تک ، ملک بھر میں کالجوں اور یونیورسٹیوں نے نرسنگ
اور بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمت کے انتظام سے متعلق 770 سے زیادہ بڑے
ادارے کھولے ہیں۔2020سے 2022 تک ملک نے مجموعی طور پر بزرگوں کی دیکھ بھال
کرنے والے 2.48 ملین پیشہ ور کارکنوں، 10 ہزار نرسنگ ہوم ڈائریکٹرز اور ایک
لاکھ کل وقتی اور جزوقتی سینئر سماجی کارکنوں کو تربیت دی ہے۔
آگے چل کر ملک بھر میں سماجی تحفظ، بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمت اور صحت کی
مدد کے نظام کو بھی مربوط اور بہتر بنایا جائے گا، بزرگوں کی مدد اور سماجی
بہبود کے نظام میں بہتری لائی جائے گی ، بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات کی
اصلاح اور ترقی کو گہرا کیا جائے گا۔ چینی حکام کی جانب سے یہ عزم بھی ظاہر
کیا گیا ہے کہ بزرگوں کی فلاح و بہبود پر مبنی "سلور ایج ایکشن" کے پیمانے
اور اثرات کو وسعت دی جائے گی، اور بزرگ شہریوں کو سماجی سرگرمیوں میں فعال
طور پر حصہ لینے کے لئے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔"سلور ایج ایکشن" 2003
میں شروع کیا گیا ایک اقدام ہے جس کا مقصد پسماندہ علاقوں کی ترقی میں مدد
کے لئے مختلف ڈومینز میں سینئر پیشہ ور افراد کی مہارت اور علم سے فائدہ
اٹھانا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2023 کے اواخر تک ملک
میں 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 297 ملین افراد تھے ، جو کل آبادی کا
21.1 فیصد ہیں۔ 65 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد 217 ملین تک
پہنچ گئی ، جو کل کا 15.4 فیصد ہے۔
شہروں کے مقابلے میں دیہی علاقوں میں عمر بڑھنے کی سطح بہت زیادہ ہے۔اس کو
مدنظر رکھتے ہوئے "ہیپی ایلڈر ہاؤس" نرسنگ ہوم تعمیر کیے گئے ہیں۔ خوبصورت
مناظر سے گھرے ہوئے"ہیپی ایلڈر ہاؤس" ایسے بزرگوں کے لئے ایک مثالی جگہ ہے
جو گھر سے بہت دور نرسری گھر میں منتقل ہونے کے لئے تیار نہیں ہیں۔معمر
افراد کی دیکھ بھال کرنے والے دیگر پیشہ ورانہ اداروں کی طرح ، یہ سہولت
بزرگ افراد کی زندگیوں کو خوشحال بنانے کے لئے وقتاً فوقتاً مختلف سرگرمیوں
کا بھی اہتمام کرتی ہے۔یہاں بزرگ افراد ہر وقت دیکھ بھال کرنے کے بجائے خود
کو مصروف رکھنا پسند کرتے ہیں۔ عمر رسیدہ خواتین " کیفے" اور آؤٹ ڈور ہاٹ
پاٹ ریستوراں جیسے کاروبار چلاتی ہیں، جو نوجوان صارفین کی ایک بڑی تعداد
کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں اور خود کو کامیابی کا احساس دلاتی ہیں۔ یوں
بزرگوں کی خدمت کے دوران اُن میں خود اعتمادی کا احساس بھی مزید پختہ کیا
جا رہا ہے۔
مضبوط خاندانی نظام چینی معاشرے کا ایک نمایاں خاصہ ہے جس میں بزرگوں کے
احترام اور دیکھ بھال کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ چینی حکومت نے جہاں بزرگوں
کے علاج معالجے کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں وہاں اُن کی مصروفیات
کی روشنی میں ایسی سہولیات بھی متعارف کروائی ہیں جہاں بزرگ شہری صحت
مندانہ سرگرمیوں میں شریک ہو سکتے ہیں اور ایک آئیڈیل وقت گزار سکتے ہیں۔
|