منافع کمانے کی بہترین جگہ

ابھی حال ہی میں 7 ویں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر سے آئے نمائش کنندگان نے شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ خیال سمیت پیش کردہ مواقع سے بہترین انداز سے استفادہ کرنے کی کوشش کی۔2018 میں دنیا کی پہلی قومی سطح کی درآمدات پر مرکوز نمائش کے طور پر اپنے آغاز کے بعد سے ، ایکسپو نے شرکاء میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے۔ رواں سال کی ایکسپو میں کاروباری نمائش ، جو 5 سے 10 نومبر تک جاری رہی ، 3 لاکھ 60 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر محیط رہی۔ ایکسپو میں 129 ممالک اور خطوں سے تقریباً 3،500 نمائش کنندگان نے شرکت کی ، جو پچھلے سیشن سے زیادہ رہی۔ ان میں سے 297 فارچیون گلوبل 500 کمپنیاں اور صنعت کے رہنما بھی شامل رہے ، جو ریکارڈ بلند سطح پر ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ جب سے چین نے تیز رفتار اقتصادی ترقی کے بجائے "اعلی معیار کی ترقی" کا تصور پیش کیا ہے ، ملک نے بہت سے شعبوں میں بڑی تبدیلیاں دیکھی ہیں ۔آج ، تیز رفتار صنعتی تبدیلی ، مضبوط جدت طرازی ، اور یہاں تک کہ لوگوں کے طرز زندگی میں تبدیلیاں ، اسی تصور پر عمل درآمد کے ثمرات ہیں۔چین کے نزدیک ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی طلب کا مطلب بالکل واضح ہے کہ سب کے لئے نئے کاروباری مواقع لائے جائیں۔

رواں سال کی ایکسپو میں " انوویشن انکیوبیشن اسپیشل سیکشن" میں پہلی بار چار بڑے شعبوں میں نمائشیں پیش کی گئیں اور ڈیجیٹل معیشت ، سبز اور کم کاربن ترقی ، لائف سائنسز ، اور مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز پر توجہ مرکوز رہی۔ اس سیکشن میں تقریباً 360 اختراعی منصوبے پیش کیے گئے، جو 2018 کے بعد سے اس سیکشن کے لئے سب سے زیادہ تعداد ہے۔اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ چینی صارفین جدت طرازی اور نئی مصنوعات، کاروباری ماڈلز اور نئے طور طریقوں کی جانچ کے لئے کھلے ہیں۔چینی صارفین ایسی تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کا خیرمقدم کرنے کے خواہاں ہیں جو اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات پیش کریں گی۔

مارکیٹ کا وسیع پیمانے چین کے لئے ایک منفرد فائدہ ہے. 1.4 بلین سے زائد آبادی کے ساتھ، چین میں صارفین کے گروپوں کی ایک متنوع رینج ہے، جن میں سے ہر ایک کا پیمانہ قدرے وسیع ہے، جو پریمیم زمروں سے لے کر روزمرہ کی ضروریات تک مصنوعات اور خدمات کی زبردست مانگ میں تبدیل ہوتا ہے.عالمی نمائش کنندگان کے نزدیک چین 40 کروڑ سے زائد متوسط آمدنی والے افراد کا گھر ہے۔اگرچہ مارکیٹ کی ترقی ہمیشہ تیز رفتار حالت میں نہیں ہوسکتی ہے ، لیکن دنیا کی دوسری سب سے بڑی صارف مارکیٹ کے حوالے سے چین میں وسیع امکانات کا مستقبل انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

نمائش کنندگان کو وسیع چینی مارکیٹ کے ساتھ زیادہ مؤثر طریقے سے جڑنے میں مدد کی خاطر، چین بھر میں مقامی حکومتوں اور اداروں نے ایکسپو میں خریداری کے لئے 780 وفود کا اہتمام کیا ہے، جو ایکسپو کی تاریخ میں سب سے زیادہ تعداد ہے.اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین اپنے کھلے پن کو وسعت دینے اور دنیا کے ساتھ اپنے ترقیاتی مواقع کا اشتراک کرنے کے لئے پرعزم ہے۔اس ضمن میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے اور سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کی گئی ہیں۔

ساتو یں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کے آغاز سے صرف چار روز قبل، غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے چین کی منفی فہرست کا تازہ ترین ورژن نافذ ہوا، جس نے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں باقی سرمایہ کاری کی پابندیوں کو ہٹا دیا. ملک نے ٹیلی کمیونیکیشن، تعلیم، ثقافت اور طبی دیکھ بھال جیسے شعبوں میں کھلے پن کی منظم توسیع کے ساتھ مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے کا عزم کیا ہے۔ایکسپو میں شرکت کرنے والے منتخب نمائش کنندگان اور خریداروں سے ملاقات کے دوران چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی واضح کیا کہ ملک کاروباری ماحول کو بہتر بنانا جاری رکھے گا اور دیگر شعبوں کے علاوہ پیداواری عوامل تک رسائی، اہلیت لائسنسنگ اور سرکاری خریداری میں شرکت میں مساوی مواقع فراہم کرے گا۔

مسلسل بڑھتی ہوئی طلب، بے پناہ امکانات اور تیزی سے کھلی مارکیٹ نے ایسی غیر ملکی کمپنیوں کے لیے ٹھوس منافع لایا ہے ، جو چین میں اپنی موجودگی کو بڑھا رہی ہیں۔2018 کے بعد سے ، 2400 سے زیادہ نئی مصنوعات ، ٹیکنالوجیوں اور خدمات نے ایکسپو میں اپنا ڈیبیو کیا ہے ، اور مجموعی طور پر لین دین کی مالیت تقریباً 420 بلین امریکی ڈالر ہے۔یہ شرکاء کے لیے ایک ناقابل یقین حد تک فائدہ مند سفر رہا ہے جو اُن کی توقعات سے کہیں بڑھ کر ثمرات لایا ہے اور مسلسل لا رہا ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1324 Articles with 615045 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More