دنیا کی اہم ترین بین الاقوامی اقتصادی تنظیموں کے
سربراہان نے حالیہ دنوں بیجنگ میں منعقدہ "ون پلس ٹن" ڈائیلاگ میں شرکت کے
دوران چین کی قابل ذکر اقتصادی کامیابیوں کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار
کیا کہ چین عالمی ترقی کا انجن رہے گا ۔چین کے صدر شی جن پھنگ نے بین
الاقوامی اقتصادی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران چین کے معاشی
اعتماد کا اعادہ کیا اور دنیا کو ترقی کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لئے
کھلے پن کو وسعت دینے کا عہد کیا۔
شی جن پھنگ نے چین کی اقتصادی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 40 سال
سے زائد عرصے کی پائیدار اور تیز رفتار ترقی کے بعد چینی معیشت نے اعلیٰ
معیار کی ترقی کے مرحلے کا آغاز کیا ہے اور عالمی اقتصادی ترقی میں تقریباً
30 فیصد حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کو رواں سال کے معاشی نمو کے ہدف
کے حصول پر مکمل اعتماد ہے اور وہ عالمی اقتصادی ترقی کے سب سے بڑے انجن کے
طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ 2022 میں ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ میں
انکشاف کیا گیا تھا کہ 2013 سے 2021 تک، چین کا عالمی اقتصادی ترقی میں
اوسطاً 38.6 فیصد شیئر رہا ہے، جس نے جی 7 ممالک کے مشترکہ شیئر کو پیچھے
چھوڑ دیا ہے، جس سے یہ عالمی اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا محرک بن گیا ہے.
اکتوبر میں چین کے قومی ادارہ شماریات کے مطابق، 2024 کی پہلی تین سہ
ماہیوں میں چین کی جی ڈی پی 94.97 ٹریلین یوآن (تقریباً 13.09 ٹریلین ڈالر)
تک پہنچ گئی، جو مستقل قیمتوں پر سال بہ سال 4.8 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی
ہے۔شی جن پھنگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین بیرونی دنیا کے لیے مزید کھلا
پن اپنائے گا، اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی قوانین کے
ساتھ فعال طور پر ہم آہنگ ہوگا اور عالمی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے
مارکیٹ پر مبنی، قانون پر مبنی اور بین الاقوامی کاروباری ماحول کی تعمیر
کرے گا۔
انہوں نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی)
میں نمایاں پیش رفت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ انیشی ایٹو چین اور دنیا
کے درمیان مشترکہ ترقی کے لئے ایک پل تعمیر کرتا ہے۔ شی جن پھنگ نے تمام
ممالک کی جدیدکاری کو فروغ دینے کے لئے بی آر آئی میں شرکت کرنے والی بین
الاقوامی اقتصادی تنظیموں کا خیرمقدم بھی کیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اب تک چین 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زائد بین
الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بی آر آئی تعاون کی دستاویزات پر دستخط کر چکا
ہے۔چینی وزارت تجارت کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2023 کے آخر تک
چینی کمپنیوں نے بی آر آئی میں حصہ لینے والے ممالک میں 17 ہزار غیر ملکی
کاروباری ادارے قائم کیے ہیں، جن میں براہ راست سرمایہ کاری کا اسٹاک 330
ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ اس اقدام کے تحت تعمیر ہونے والے
اوورسیز اکنامک اینڈ ٹریڈ کوآپریشن زونز نے 5 لاکھ 30 ہزار مقامی ملازمتیں
پیدا کی ہیں۔
اس اہم ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے بین الاقوامی برادری کو درپیش بڑے
چیلنجز کو اجاگر کیا، ڈی کپلنگ اور تحفظ پسندی کی شدید مخالفت کی اور ایک
کھلے عالمی معاشی نظام کی تعمیر میں عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں
نے ممالک پر زور دیا کہ وہ جدت طرازی کو ترجیح دیں، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی
ذہانت اور کم کاربن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور
اقتصادی ترقی کے نئے محرکات پیدا کرنے کے لئے علم، ٹیکنالوجی اور ٹیلنٹ کے
سرحد پار بہاؤ کی حمایت کریں۔ انہوں نے اونچی دیواروں کے ساتھ چھوٹے صحن
تعمیر کرنے اور سپلائی زنجیروں کو الگ کرنے اور کاٹنے جیسے طریقوں کی سخت
مخالفت کی اور کہا کہ اس سے خود کو اور دوسروں کو نقصان پہنچے گا۔
اس وقت، چونکہ عالمی تجارت کو تحفظ پسندی اور جغرافیائی سیاسی تناؤ کے باعث
مشکلات کا سامنا ہے ،ایسے میں چین نے اپنی کھلی پالیسیوں کو مسلسل وسعت دی
ہے ، اور اپنی معیشت کو عالمی مارکیٹ کے ساتھ مزید مربوط کرنے میں اہم پیش
رفت کی ہے۔چین کے اہم اقدامات میں سے ایک 2020 میں نئے غیر ملکی سرمایہ
کاری قانون کا نفاذ تھا۔ یہ قانون دانشورانہ ملکیت کے حقوق کے تحفظ کو
بڑھاتا ہے، غیر ملکی کاروباری اداروں کے لئے یکساں مواقع کو یقینی بناتا
ہے، اور زیادہ شفاف اور منصفانہ کاروباری ماحول کو فروغ دیتا ہے.
مزید برآں، حالیہ برسوں میں، ملک نے مالیاتی خدمات کی صنعت میں غیر ملکی
سرمائے کی پابندیوں میں زبردست نرمی کی ہے، جس سے بینکاری، سیکورٹیز،
انشورنس اور اثاثوں کے انتظام کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی شرکت
کی اجازت ملی ہے. چین نے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی
پابندیوں کو بھی مکمل طور پر ختم کردیا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے
مواقع کو بڑھانے کے لئے ٹیلی مواصلات اور صحت کی دیکھ بھال کی صنعتوں میں
پائلٹ منصوبے شروع کیے ہیں ، جو چین کے زیادہ کھلی ، جامع اور مساوی عالمی
معیشت کی تعمیر کے عزم کا اشارہ ہے۔
|