"نعمت" جس کو ہم نے صحیح استعمال نہیں کیا نمبر 10

(انسانی سرمائے کی پرواز کی تصویر گوگل سے لی گئی ہے)

انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے بعد جو زمین کا ٹکڑا پاکستان کہلاتا ہےاس میں 1971 تک مشرقی پاکستان بھی شامل تھا جو اب بنگلہ دیش کہلاتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی سر زمین میں بے شمار نعمتیں عطا کی تھیں لیکن افسوس ان میں سے کسی کی قدر ہم نے نہ کی۔ آج ہم پاکستان میں انسانی سرمائے کی بے قدری کے بارے میں ذکر کریں گے۔
انسانی سرمائے کا ضیاع یا برین ڈرین ایک اصطلاح ہے جو کسی ملک سے انتہائی ہنر مند اور باصلاحیت لوگوں کی ہجرت کو بیان کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ پاکستان میں حالیہ برسوں میں ملک چھوڑنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔2023 میں 862,625 افراد نے ملک چھوڑ دیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مسلسل سالوں میں ملک چھوڑنے والوں کی تعداد 800,000 سے زیادہ ہو گئی۔اس کی مختلف وجوہات ہیں جیسے:ملازمتوں میں مواقع کی کمی ، کمزور ادارے، محدود تحقیقی سہولیات، میرٹ سسٹم کا فقدان، غیر پیداواری کام کا ماحول، کم تنخواہ، زندگی گذارنے کے اخراجات میں زیادتی اور سیاسی بدامنی وغیرہ۔ان تمام عناصر کا علاج اور بین الاقوامی نقل مکانی کے اعدادوشمار کے ڈیٹا بیس کو برقرار رکھنا ہی اس کا ممکنہ حل ہے۔
1971 سے 2022 تک پاکستان سے ہجرت کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند پیشہ ور افراد کی کل تعداد 60,19,888 ہے۔ ان میں سے 251677 (4.18%) اعلیٰ تعلیم یافتہ، 455097 (7.55%) انتہائی ہنر مند، اور 5314004 (88.27%) ہنر مند پیشہ ور تھے۔بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق، 2024 میں، 700,000 سے زیادہ پاکستانی ملازمت کے بہتر مواقع کی تلاش میں ملک چھوڑ گئے۔ہمیں خود ہی اس بیماری کا ادراک کر کے علاج بھی کرنا ہوگا تب ہی اللہ ہماری مدد فرمائے گا۔
فَبِاَىِّ اٰلَاۤءِ رَبِّكُمَا تُكَذِّبٰنِ‏ تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟

Syed Musarrat Ali
About the Author: Syed Musarrat Ali Read More Articles by Syed Musarrat Ali: 221 Articles with 163714 views Basically Aeronautical Engineer and retired after 41 years as Senior Instructor Management Training PIA. Presently Consulting Editor Pakistan Times Ma.. View More