پروفیسر اسٹیوارٹ اور ہماری عدالتیں ہمارا مان

ہماری عدالتیں ہمارا مان ہیں جو اپنے کام کے ساتھ ساتھ حکومت اور اداروں کا کام بھی کررہی ہیں خاص کر عوامی فلاحی کاموں میں عدالتی احکامات کے مثبت اثرات بھی آئے خاص کر سموگ کو کنٹرول کرنے اور خواتین پر ظلم و جبر کے خلاف عدالت کے احکامات سے بہت سی مثبت تبدیلیاں آئیں اور ابھی سکولوں میں ٹرانسپورٹ کے حوالہ سے جو حکم ہے وہ تو بہت ہی اعلی ہے اور اسکا واقعی کوئی جواب نہیں اگر محکمہ تعلیم اس پر عملدرآمد کروانے میں کامیاب ہوگیا تو لاہور شہر میں بہت سی تبدیلیاں نظر آنا شروع ہوجائیں گی ایک تو والدین کی جو ذمہ داری ہے وہ بھی کم ہو جائے گی اور سب سے بڑھ کر گاڑیوں کے رش کی وجہ سے جو سڑکیں بلاک ہو جاتی تھیں وہ بھی کھلی رہیں گی اور ہزاروں گاڑیوں کا دھواں جو فضا کی گندگی کا باعث بن رہا ہے اس سے بھی جان چھوٹ جائے گی لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد بچوں کو ٹرانسپورٹ مہیا کرنا سکول کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں سیکرٹری ایجوکیشن خالد نذیر وٹو نے نجی سکولوں سے فوری ایکشن پلان طلب کر لیا اور ایکشن پلان نہ دینے والے سکولوں کی رجسٹریشن منسوخی کابھی کہہ دیا ہے اور پھر سکولوں کی رجسٹریشن بھی نہیں ہوگی امید ہے کہ محکمہ تعلیم اس عدالتی حکم پر من و عن عمل کروائے گی اور اس طرح بچے بھی سست نہیں ہونگے انہیں اپنا بیگ اٹھا کر بس یا وین میں خود ہی سوار ہونا پڑے گا اور پھر اس سے اتر کر اپنا بیگ اٹھا کر کلاس روم تک جانا ہوگا یوں بچپن سے ہی بچہ اپنا وزن خود اٹھانے کے قابل بننا شروع ہوجائیگاہمارے بچے آجکل ویسے بھی کسی کھیل کود میں کم ہی حصہ لیتے ہیں خاص کر جب سے موبائل آیا ہے تب سے ہر بچہ موبائل پر گیمیں کھیلنے میں مصروف ہے مجھے پروفیسر اسٹیوارٹ کی 1960میں اپنی الوداعی تقریر یاد آگئی پروفیسر صاحب اور انکی بیگم دونوں پچاس سال راولپنڈی میں پڑھاتے رہے پروفیسر اسٹیوارٹ کا انتقال 103 سال کی عمر میں کیلیفورنیا میں ہواانہوں نے اپنی تقریر میں ہمارے خطے کے بارے میں بڑی خوبصورت بات کی کہ پاکستانی ایک ناکارہ اور مفلوج قوم ہیں اس قوم کو پہلے اس کی مائیں نکما بناتی ہیں یہ اپنے بچوں کا ہر کام خود کرتی ہیں ان کے کپڑے دھوتی ہیں استری کرتی ہیں بچوں کو جوتے پالش کر کے دیتی ہیں لنچ باکس تیار کرکے بچوں کے بستوں میں رکھتی ہیں اور واپسی پر باکسز کو نکال کر دھو کر خشک بھی خود کرتی ہیں بچوں کی کتابیں اور بستے بھی مائیں صاف کرتی ہیں اور ان کے بستر بھی خود لگاتی ہیں چنانچہ بچے ناکارہ اور سست ہو جاتے ہیں اور یہ پانی کے گلاس کے لیے بھی اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کو آواز لگادیتے ہیں یا ماں کو اونچی آواز میں کہتے ہیں امی پانی تو دے دوپاکستانی بچے اسی کلچر کے ساتھ جوان ہوتے ہیں اس کے بعد ان کی بیویاں آ جاتی ہیں یہ انہیں اپنا مجازی خدا سمجھتی ہیں اور غلاموں کی طرح ان کی خدمت کرتی ہیں یہ بھی ان کا کھانا بناتی ہیں کپڑے دھو کر استری کرتی ہیں ان کے واش رومز صاف کرتی ہیں ان کے بستر لگاتی ہیں اور پھر ان کی نفرت ۔حقارت اور غصہ برداشت کرتی ہیں چنانچہ میں اگر یہ کہوں پاکستانیوں کی مائیں بچوں کی نرسیں ، بیویاں ملازمائیں اور چھوٹے بہن بھائی غلام ہوتے ہیں تو یہ غلط نہیں ہوگا لہٰذا سوال یہ ہے جو لوگ اس ماحول میں پل بڑھ کر جوان ہوتے ہیں کیا وہ ناکارہ اور مفلوج نہیں ہوں گے؟ پروفیسر اسٹیوارٹ کا کہنا تھااگر تم لوگوں نے واقعی قوم بننا ہے تو پھر تمہیں اپنے بچوں کو شروع سے اپنا کام خود کرنے اور دوسروں بالخصوص والدین کی مدد کی عادت ڈالنا ہو گی تاکہ یہ بچے جوانی تک پہنچ کر خود مختار بھی ہو سکیں اور ذمے دار بھی ادا کرسکیں ایسے ہی بچے مستقبل میں ذمہ دار شہری بنتے ہیں اس لیے یہ اب آپ لوگوں کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ جو بچہ خود اٹھ کر پانی کا گلاس نہیں لے سکتا وہ کل قوم کی ذمے داری کیسے اٹھائے گا؟۔پروفیسر صاحب کی یہ باتیں واقعی حقیقت ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ ہماری عدالتوں کا بچوں کو ذمہ داری کا احساس دلوانے کے حوالہ سے یہ پہلا قدم ہے اور اگلا قدم والدین خود اٹھائیں اسی طرح ہماری عدالتوں نے خواتین کے حقوق کے حوالہ سے بہت سے احکامات دے رکھے ہیں اگر ان پر بھی عمل درآمد ہو جائے تو ہماری خواتین جو مردوں سے کہیں زیادہ بہادر،محنتی اور کام کرنے والی ہیں وہ بھی پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں ہمارے ہاں آج بھی خواتین کو پاؤں کی جوتی سمجھا جاتا ہے اور ہمارے ہاں تو ویسے بھی آگاہی نہیں خواتین کے حقوق کے حوالے سے یہی وجہ ہے کہ خواتین ہر جگہ استحصال کا شکارہورہی ہیں چائے وہ استحصالی ماں باپ کی وراثت سے حصہ نہ ملنے کی ہو، کام کی جگہ پر ہراسگی کی شکل میں ہو یا کے غیرت کے نام پر قتل کی کی صورت میں ہو ہر جگہ خواتین ہی اسکا شکار دکھائی دیتی ہیں صوبائی محتسب اور وفاقی محتسب کے ادارے خواتین کے مسائل کے حل کے لیے بھی کوشاں ہیں مگر ان اداروں میں بھی جو کیس رپورٹ ہوتے ہیں وہ آدھے سے بھی کم ہیں خواتین معاشرتی بدنامی کے خوف سے ان اداروں سے مدد نہیں لے سکتی ہیں ملک میں خواتین کے بنیادی معاشرتی حقوق کی بات کریں تو پنجاب پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ ہے جہاں خواتین کے خلاف جرائم تشویش ناک حد تک بڑھ چکے ہیں 2024ء کے پہلے چھ ماہ میں خواتین کے خلاف ہراسانی، گینگ ریپ، اغوا اورغیرت کے نام پر قتل کے8462واقعات رجسٹرڈ ہوئے اور جو نہیں رجسٹرڈ ہو سکے وہ بھی لاتعدادہونگے کیونکہ ہمارے ہاں قانونی جنگ میں گھسنا آسان نہیں ہے خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات گھر، تعلیمی اداروں سرکاری اور نجی کام کی جگہ پر دن بہ دن بڑھ رہے ہیں پنجاب حکومت نے ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک ’’ہیلپ لائن‘‘ بھی قائم کر رکھی ہے بلکہ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کے واضح احکامات بھی خواتین کی حفاظت کے لیے ریکارڈ پر ہیں جہاں خواتین اپنی شکایت درج کروا کر ملزم کو سزا دلوا سکتی ہیں مگر خواتین اس عمل سے بھی کتراتی ہیں ہمارے معاشرے میں خواتین کو شرم و حیا کا پیکر سمجھا جاتا ہے اور وہ بیچاری ایسی کسی بھی قسم کی کاروائی سے گھبراتی ہیں کہ معاشرے میں مزید بدنامی ہو گی اور اسی خاموشی کی بنا پر اوباش روش نوجوان مزید بے لگام ہوجاتے ہیں جو معاشرے میں خواتین کو ہراساں کرتے ہیں اگر ہماری عدالتیں خواتین پر مظالم کے حوالہ سے بھی اپنے احکامات پر عمل درآمد کروادیں توخجستہ ریحان اور مہوش نعیم جیسی بہت سی خواتین کو انصاف مل سکے عدالت کا قد م بھی خواتین کو باصلاحیت اور خود مختار بنانے کی طرف ایک اہم سنگ میل ہوگا ۔

 

rohailakbar
About the Author: rohailakbar Read More Articles by rohailakbar: 833 Articles with 634778 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.