چین میں موسم سرما یا برفباری کے عروج کا تذکرہ کیا جائے
تو آئس سٹی کہلانے والا شہر ہاربن سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو اپنی طرف
متوجہ کر رہا ہے۔ موسم سرما کی متنوع سرگرمیوں، بڑھتے ہوئے بنیادی ڈھانچے
اور مقامی مہمان نوازی کے ساتھ، یہ شہر چین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی برف کی
معیشت میں ایک اہم منزل بنا ہوا ہے۔
گزشتہ موسم سرما کے دوران، ہاربن نے 87 ملین سے زیادہ سیاحوں کا خیرمقدم
کیا، جو سال بہ سال 300 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے، جبکہ سیاحت کی آمدنی 500
فیصد اضافے کے ساتھ 124.8 بلین یوآن (17.3 بلین ڈالر) تک پہنچ گئی.
چینی ٹریول پلیٹ فارم چھونار کے مطابق رواں سال موسم سرما کے تفریحی سفر کی
طلب مستحکم ہے اور اسپرنگ فیسٹیول ہوٹل کی بکنگ میں گزشتہ سال کے مقابلے
میں 76 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔اسی طرح حالیہ ہاربن ایشین ونٹر گیمز اور موسم
سرما کی تھیم پر مبنی سفر کے نئے آپشنز نے شہر کی اپیل کو مزید تقویت دی ہے۔
بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے ، موسم سرما کی تھیم پر مبنی نئے ٹرین
روٹس متعارف کرائے گئے ہیں ، جس سے رسائی میں اضافہ ہوا ہے اور منفرد
تجربات پیش کیے گئے ہیں۔ چائنا ریلوے کی جانب سے شروع کی گئی" کے 974 " برف
کی تھیم والی ٹرین اب شیامین اور ہاربن کو جوڑتی ہے ، جس سے موسم سرما کی
سیاحت جنوب کے مسافروں کے لئے زیادہ آسان ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ ،" کے
5197" آئس ایند سنو ٹریول فوٹوگرافی ٹرین ، میں خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ
کیبن شامل ہیں جو اسٹوڈیو فوٹو شوٹ کی خدمات پیش کرتے ہیں۔
دریں اثنا، ہاربن آئس سنو ورلڈ جیسے مقبول پرکشش مقامات پر بڑی تعداد میں
لوگ جمع ہو رہے ہیں۔ ایک ملین مربع میٹر پر پھیلے اس پارک نے اپنے سالانہ
افتتاح کے بعد دسمبر سے اب تک 2 ملین سے زیادہ زائرین کا خیرمقدم کیا ہے۔
رواں سال، اس میں ایشین ونٹر گیمز کے عناصر شامل کیے گئے ہیں، جن میں برف
کے بڑے پیمانے پر مجسمے، موسم سرما کی انٹرایکٹو سرگرمیاں اور تھیم پر مبنی
پرفارمنس شامل ہیں جو برف کے جادو کو زندہ کرتی ہیں۔
اگرچہ سیاحوں کے نزدیک برف کی سرگرمیاں ایک بڑی کشش ہیں ، تاہم مقامی ثقافت
میں دلچسپی بھی دیکھی جا رہی ہے۔ علاقائی پکوان بھی سیاحوں میں مقبولیت
حاصل کر رہے ہیں جبکہ بہت سے سیاح ہاربن میں روزمرہ کی زندگی کا تجربہ کرنے
کے لئے مقامی مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں اور علاقائی خوبیوں سے آراستہ اشیاء
کی خریداری کرتے ہیں۔
مقامی سیاحت بیورو کے مطابق، 2024 میں، ہاربن نے 179 ملین سیاحوں کا
خیرمقدم کیا، جس سے سیاحت کی آمدنی میں 231.42 بلین یوآن حاصل ہوئے، یہ
دونوں اعداد و شمار سال بہ سال 30 فیصد سے زیادہ اضافہ ظاہر کرتے ہیں.
ہاربن میں سیاحت کا فروغ چین کی موسم سرما کی سیاحتی صنعت میں وسیع ترترقی
کا عکاس ہے۔ چائنا آئس اینڈ سنو ٹورازم ڈویلپمنٹ رپورٹ کے مطابق، 2023تا
2024 کے موسم سرما کے موسم کے دوران 430 ملین سیاحوں نے برف کی سیاحت میں
حصہ لیا، جس سے 524.7 بلین یوآن کی آمدنی ہوئی۔رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ
2024تا 2025 کے سیزن میں مزید اضافے کی توقع ہے ، جس میں موسم سرما کے 520
ملین سے زیادہ مسافروں اور 630 بلین یوآن سے زیادہ آمدنی کا تخمینہ ہے۔
نومبر 2024 سے صوبہ ہیلونگ جیانگ برف کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے 60
اہدافی اقدامات کے ساتھ 100 روزہ موسم سرما کی سیاحت کے اقدام پر عمل درآمد
کر رہا ہے۔ ان اقدامات میں نئے موضوعات پر مبنی سفری راستے، ثقافتی
سرگرمیاں اور مقامی خصوصیات اور بہتر نقل و حمل کے نیٹ ورک شامل ہیں۔ مزید
برآں، مارکیٹ کی سخت نگرانی کا مقصد صنعت کے معیار کو بلند کرنا ہے، جس سے
سرمائی سیاحت کو مسلسل تقویت دی جا رہی ہے اور سرمائی سیاحت ملکی معیشت کی
ترقی دینے کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔
|