یہ ایک حقیقت ہے کہ چینی معاشرے میں خاندانی اقدار کو
نمایاں ترحیح حاصل ہے ۔بزرگوں کا احترام ، دیکھ بھال اور اُن کی خدمت بھی
انہی خاندانی اقدار میں شامل ہے۔ چینی سماج کا یہ پہلو بھی مختلف ہے کہ
یہاں آپ کو بزرگ محض گھروں تک محدود نظر نہیں آتے ہیں بلکہ تمام شعبہ ہائے
زندگی میں آپ اُن کی فعال شمولیت کا بخوبی مشاہدہ کر سکتے ہیں۔چینی حکام
بھی اس ضمن میں ہمیشہ یہ کوشش کرتے ہیں کہ بزرگ اور عمر رسیدہ افراد کی
روزمرہ زندگی کو آسان بنایا جائے اور اُن کی تفریح کے پہلو کو بھی ترجیح
حاصل رہے۔
انہی کوششوں کو آگے بڑھاتے ہوئے ابھی حال ہی میں چین نے عمر رسیدہ افراد کے
لئے زیادہ جامع اور خوشگوار سفری تجربات لانے کی کوششوں میں اپنی سینئر
دوست سیاحتی ٹرین خدمات کو وسعت دی ہے اور اس حوالے سے ایک باقاعدہ ایکشن
پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔وزارت تجارت اور آٹھ دیگر سرکاری اداروں کی جانب
سے مشترکہ طور پر جاری کیے جانے والے اس اقدام کا مقصد سیاحت کی مارکیٹ کو
خوشحال بنانا، خدمات کی کھپت کو فروغ دینا اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سفر
کے آپشنز کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے۔
اس اقدام کے تحت ٹرینوں کو زیادہ عمر دوست، سبز اور آرام دہ بنانے کے لئے
اپ گریڈ کیا جائے گا ، جسے چین کے بڑے پیمانے پر سازوسامان کی اپ گریڈ اور
صارفی مصنوعات کی تجارت کے پروگرام کی بھی حمایت حاصل ہوگی، اور بزرگوں کی
خواہشات کے مطابق تھیم پر مبنی سفری راستوں اور مصنوعات کی تیاری میں بھی
مدد ملے گی.ایکشن پلان میں سیاحتی ٹرینوں اور فطری خوبصورت مقامات کے
درمیان بہتر کوآرڈینیشن کی بھی وکالت کی گئی ہے، مقامی سیاحتی مقامات کو
ریزرویشن، گرین چینلز، نقل و حمل کے کنکشن اور سینئر مسافروں کے لئے مخصوص
استقبالیہ خدمات جیسی مناسب خدمات پیش کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
یہ خصوصی ٹرینیں نقل و حمل سے کہیں بڑھ کر خدمات فراہم کرتی ہیں اور بزرگ
مسافروں کی ضروریات کے مطابق جامع خدمات پیش کرتی ہیں۔ ان میں سے اکثر
ٹرینوں پر طبی عملہ، صحت کی نگرانی کا سامان اور خاص طور پر ڈیزائن کردہ
کھانے شامل ہیں. مشہور پانڈا ایکسپریس سروس ، جو صوبہ سی چھوان سے چلتی ہے
، میں قومیتی طرز کی استقبالیہ تقریبات اور روایتی پرفارمنس جیسی مخصوص
ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں ، جو پہلے سے ہی منفرد سفر میں ثقافتی جذب کے
پہلو کا اضافہ کرتی ہیں۔
چینی حکام کے خیال میں یہ مارکیٹ وافر اقتصادی صلاحیت کی حامل ہے. چین کی
چاندی کی معیشت یا سلور اکانومی پر ایک حالیہ بلیو پیپر کے مطابق ، اس وقت
اس شعبے کی مالیت 7 ٹریلین یوآن (تقریباً 976 بلین امریکی ڈالر) ہے ، جو
ملک کی جی ڈی پی کا تقریباً 6 فیصد ہے ، جس میں سیاحت ایک اہم ترقی کا شعبہ
ہے۔چین کی قومی کمیٹی برائے عمر رسیدہ افراد کے مطابق 2023 تک چین میں عمر
رسیدہ افراد نے مجموعی طور پر 78.4 ٹریلین یوآن کی دولت جمع کی ہے۔ اور
مجموعی طور پر چاندی کی معیشت 2035 تک 30 ٹریلین یوآن تک پہنچنے کی توقع ہے
، جو چین کی جی ڈی پی کے 10 فیصد کی نمائندگی کرے گی۔
یہی وجہ ہے کہ چین کی معمر آبادی کی بڑھتی ہوئی قوت خرید اور سفری امنگوں
کو تسلیم کرتے ہوئے مذکورہ ایکشن پلان میں اس شعبے کو مزید ترقی دینے کے
لیے متعدد اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے، جن میں خدمات کی پیش کشوں کو
وسعت دینے، تھیم پر مبنی روٹس تیار کرنے اور ٹرینوں میں طبی اور سینئر کیئر
سروسز کو بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔
سینئر سیاحتی ٹرینوں میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے انضمام پر روشنی
ڈالتے ہوئے ، ایکشن پلان میں واضح کیا گیا ہے کہ طبی پیشہ ور افراد کو
ٹرینوں میں تعینات کیا جائے گا ، اور سفر کے دوران ہونے والے طبی اخراجات
بین العلاقائی میڈیکل انشورنس تصفیے کے اہل ہوں گے ، جس سے عمر رسیدہ
مسافروں کے لئے دعووں کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔ایکشن پلان کا مقصد
2027 تک سینئر دوست سیاحتی ٹرینوں کا ایک جامع قومی نیٹ ورک تشکیل دینا ہے
، جس میں سروس کے معیارات اور قابل شناخت برانڈ قائم کی جائیں گی۔
چینی ریلوے حکام کے مطابق یہ خصوصی ٹرین خدمات معمول کی مسافر خدمات ٹرینوں
سے ٹکراو سے بچنے کے لئے آف پیک سفر کے اوقات کا استعمال کریں گی ، اس بات
کو یقینی بنائیں گی کہ ٹرینیں وسیع تر نقل و حمل کے نظام میں خلل ڈالے بغیر
موثر طریقے سے چلیں۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ چین کی ریلوے، جو پہلے ہی
اقتصادی ترقی کی شریانیں ہیں، ملک کی بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی کی
زندگیوں کو خوشحال بنانے کے لئے تیار ہیں۔
|