فوڈ سکیورٹی کا آبی ماڈل

چین اس وقت اپنی وسیع ساحلی پٹی کے ساتھ، خوراک کی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے سمندر کو استعمال کر رہا ہے اور جدید سمندری فارمز تعمیر کر رہا ہے۔ یہ سمندری فارمز، جنہیں "بلیو گرینریز" کہا جاتا ہے، ملک کی خوراک کی فراہمی کو متنوع بنانے کی کوششوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ زیادہ سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ، چین کا سمندری فارمنگ کا شعبہ خوراک کی سلامتی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

خوراک کی سلامتی کے لیے چینی قیادت نے زمین اور سمندر دونوں کے وسائل کو استعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ 1.4 ارب سے زیادہ آبادی کو خوراک فراہم کی جا سکے۔ اس سال کی مرکزی دستاویز میں زور دیا گیا ہے کہ خوراک کی فراہمی کے نظام کو متنوع بنانے اور زراعت اور خوراک کے شعبے میں جامع نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ماہی گیری کے شعبے کو بہتر بنانے، گہرے اور دور دراز سمندری علاقوں میں آبی فارمنگ کی ترقی کو حمایت فراہم کرنے، اور سمندری فارمز کی تعمیر کے ذریعے خوراک کے وسائل کو بڑھانے کی کوششیں کی جائیں گی۔

حالیہ برسوں میں، چین کے ساحلی علاقوں میں سمندری فارمنگ نے تیزی سے ترقی کی ہے۔ 2024 میں،صوبہ گوانگ دونگ کے صرف ایک شہر نے 2 ارب یوآن سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے آٹھ سمندری فارمز کے ساتھ ساتھ کولڈ چین اور سیلز کی سہولیات تعمیر کی ہیں۔ اب تک، چین میں 180 سے زیادہ قومی سطح کے سمندری فارمز بن چکے ہیں۔ صوبہ شان دونگ میں 71 قومی سطح کے سمندری فارمز ہیں، جو ملک کے مجموعی پیمانے کا 38 فیصد ہیں۔

جدید ٹیکنالوجی، جیسے خودکار فیڈنگ اور زیر آب امیجنگ سسٹمز، نے آبی فارمنگ کے شعبے کو تبدیل کر دیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت مچھلی فارمنگ زیادہ موثر ہو چکی ہے اور سمندری فارم پر اگرچہ کام مصروف ہے لیکن روایتی مچھلی فارمنگ کے مقابلے میں کہیں آسان ہے۔ہر بڑے پنجرے میں جدید سونار، لائڈار، اور بینوکیولر ویژن سسٹمز نصب ہیں، جو کارکنوں کو مچھلیوں کی تعداد، تقسیم، صحت، پانی کے معیار، اور موسمی حالات کی حقیقی وقت میں نگرانی کی اجازت دیتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے اطلاق سے قبل مناسب فیڈنگ کے علم کی کمی کی وجہ سے بہت زیادہ کھانا ضائع ہو جایا کرتا تھا، جو سمندر کی تہہ میں جمع ہو جاتا تھا۔ اب، سائنسی پرورش کا نکتہ نظر اپناتے ہوئے، معیار اور پیداوار دونوں کو بہتر بنا دیا گیا ہے، جبکہ سمندری ماحول کو بھی محفوظ کیا گیا ہے ۔

آج مقامی ماہی گیری کمپنیاں مقامی کسانوں سے چھوٹی مچھلیاں خریدتی ہیں۔ اس شراکت داری کا مطلب سرمایہ کاری پر تیزی سے منافع، کم مالی خطرات، اور بہتر معیار کے ساتھ زیادہ سمندری خوراک کی پیداوار ، ہے۔سمندری فارمنگ نئے کاروباری مواقع بھی پیدا کر رہی ہے، کیونکہ کچھ فارمز سیاحتی خدمات پیش کرتے ہیں تاکہ صارفین کی منڈی کو بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔ کچھ سمندری فارمز میں آبی فارمنگ اور سیاحت کی سہولیات کو یکجا کیا گیا ہے تاکہ اضافی آمدنی حاصل کی جا سکے۔

ہفتے کے آخر میں، سیاح ایسے فارمز کا دورہ کرتے ہیں اور سمندری تجربے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ مرکزی ڈیک پر، سیاح ورچوئل رئیلٹی اور آگمینٹڈ رئیلٹی ڈیوائسز کے ذریعے گہرے سمندر کے ماحول سے محظوظ ہو سکتے ہیں، سیاح تفریحی ماہی گیری میں بھی حصہ لے سکتے ہیں اور سمندر کے نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ سیاحوں کی بہتر تفریح اور رہائش کے لیے انہیں سمندر کے نظارے والے ہوٹل کے کمرے فراہم کیے جاتے ہیں، اور وہ تازہ پکڑی گئی سمندری خوراک سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں ۔کم کاربن کا اخراج بھی ایسے فارمز کے آپریشن کا مرکز ہے۔ یہاں قابل تجدید توانائی کے ذرائع جیسے سولر اور ونڈ پاور سے بجلی پیدا کی جاتی ہے ۔ یوں ، چین کا جدید آبی فارمنگ ماڈل تحفظ خوراک کی کوششوں کو ماحول دوستی سے مربوط کرتے ہوئے نئی معاشی سرگرمیوں کا بھی اہم ذریعہ بن رہا ہے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1440 Articles with 730879 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More