چین کی معروف شیامین یونیورسٹی

عہد حاضر میں کسی بھی ملک کی ترقی بالخصوص جدیدیت کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے اور ہر ملک کوشاں ہے کہ اپنے معاشرے کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم سے روشناس کروایا جائے۔ ایک بڑے ملک کی حیثیت سے چین کو دیکھا جائے تو یہاں تعلیم اور معلم دونوں کو نمایاں اہمیت دینے کی روایت صدیوں سے موجود ہے اور یہ چینی تہذیب کے ہزاروں سالوں سے قائم رہنے کا ایک اہم سبب بھی ہے۔تعلیم کی معیاری ترقی ، اعلیٰ سطحی سائنسی و تکنیکی ترقی کی خود انحصاری ،عوام کی مشترکہ خوشحالی کا موثرذریعہ اور چینی قوم کی نشاۃ الثانیہ کا بنیادی مقصد ہے۔ملک میں تعلیم کے شعبے میں عوام کو ہمیشہ سے مرکزی اہمیت دی جاتی ہے۔گزرتے وقت کے ساتھ مختلف علاقوں، اسکولز اور مختلف گروہوں کے درمیان تعلیمی فرق کو کم کیا جا رہا ہے تاکہ ہر ایک بچے کو مساوی اور معیاری تعلیم میسر ہو۔

ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں جدید سہولیات سے آراستہ جامعات بھی نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ابھی حال ہی میں اس حوالے سے شیامین شہر کے دورے کے دوران معروف درسگاہ شیامین یونیورسٹی جانے کا اتفاق ہوا۔ سبز پہاڑیوں اور نیلے سمندر کے درمیان واقع شیامین یونیورسٹی کو اپنی بہترین تعلیمی سہولیات اور خوبصورت ماحول کی وجہ سے چین کی سب سے خوبصورت یونیورسٹی کے طور پر جانا جاتا ہے۔یہ یونیورسٹی 1921 میں معروف محب وطن سمندر پار چینی رہنما تان کاہ کی نے قائم کی تھی ۔اسے چین کی جدید تعلیم کی تاریخ میں کسی سمندر پار چینی کی قائم کردہ پہلی یونیورسٹی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ شیامین یونیورسٹی کو طویل عرصے سے نیشنل 211 پروجیکٹ ، 985 پروجیکٹ اور ڈبل فرسٹ کلاس انیشی ایٹو کے تحت چین کی معروف یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا ہے ، جسے چینی حکومت نے منتخب یونیورسٹیوں کو عالمی معیار کا مقام حاصل کرنے میں مدد دینے کے لئے ترتیب دیا ہے۔

حال ہی میں ، کمپیوٹر سائنس رینکنگ (سی ایس درجہ بندی) نے 2024 میں کمپیوٹر سائنس کے میدان میں بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست کو اپ ڈیٹ کیا۔ شیامین یونیورسٹی اس فہرست میں 68 ویں نمبر پر ہے۔ عالمی درجہ بندی کے علاوہ ، سی ایس رینکنگ نے تمام تحقیقی موضوعات کی چار اہم سمتوں میں بھی درجہ بندی کی ہے جن میں مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سسٹم، کمپیوٹر تھیوری اور انٹر ڈسپلنری ایریاز ، شامل ہیں۔ مصنوعی ذہانت میں شیامین یونیورسٹی 37 ویں نمبر پر ہے۔ سی ایس رینکنگ مختلف کانفرنس پیپر انڈیکیٹرز پر مبنی کمپیوٹر سائنس اداروں کی درجہ بندی کے لئے ایک عالمی ویب سائٹ ہے۔ یہ بنیادی طور پر کمپیوٹر سائنس کے میدان میں اعلی تعلیمی کانفرنسوں میں یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کی طرف سے شائع ہونے والے مقالوں کی تعداد پر غور کرتی ہے ، جو ایک حد تک کمپیوٹر سائنس اور متعلقہ شعبوں میں عالمی یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کے تعلیمی اثر و رسوخ اور بین الاقوامی سرگرمی کی عکاسی کرتی ہے۔

شیامین یونیورسٹی کا نصب العین ہے: بہترین کارکردگی کی جستجو کریں۔ کمال کے لیے جدوجہد کریں۔اس جملے کی اگر آسان الفاظ میں وضاحت کی جائے تو اس سے مراد جیسے جیسے آسمان کی حرکت ہمیشہ متحرک رہتی ہے، اسی طرح برتر انسان اپنی ساری زندگی کمال کی تلاش میں رہتا ہے۔

چونتیس اسکولوں اور کالجوں اور 17 تحقیقی اداروں پر مشتمل چھ تعلیمی ڈویژنوں کے ساتھ، شیامین یونیورسٹی میں تقریباً 45 ہزار کل وقتی طالب علموں کا اندراج ہے۔ یونیورسٹی میں اس وقت 3 ہزار سے زیادہ کل وقتی اساتذہ اور محققین کی فیکلٹی ہے۔یونیورسٹی نے برطانیہ ، امریکہ ، جاپان ، فرانس ، روس وغیرہ سمیت ممالک اور خطوں میں 277 یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ ایس اے آر ، مکاؤ ایس اے آر اور چین کے علاقے تائیوان کے ساتھ شراکت داری بھی قائم کی ہے۔ شیامین یونیورسٹی نے پانچ براعظموں کے 13 ممالک میں 14 کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور 1 چینی زبان اور ثقافت ریسرچ سینٹر بھی قائم کیے ہیں۔

سنہ2014 ء میں قائم ہونے والی شیامین یونیورسٹی ملائیشیا ایک معروف چینی یونیورسٹی کی طرف سے قائم کیا گیا پہلا بیرون ملک کیمپس ہے اور ملائیشیا میں پہلا چینی یونیورسٹی برانچ کیمپس ہے۔اس یونیورسٹی کو 21 ویں صدی کی میری ٹائم سلک روڈ پر ایک شاندار موتی کے طور پر سراہا جاتا ہے۔ فروری 2016 میں طلباء کی پہلی انٹری کے ساتھ ، شیامین یونیورسٹی ملائیشیا میں اب 48 ممالک اور خطوں سے 8،500 سے زیادہ طلباء کا اندراج ہے۔

شیامین یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعاون اور تبادلے کا دفتر دنیا بھر کی دیگر غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی تعاون اور تبادلے کو فروغ دینے کے لئے قائم کیا گیا ہے. اس کے مشن میں بین الاقوامی تبادلے کو فروغ دینا، سسٹر یونیورسٹیوں اور اداروں کے ساتھ تعاون کے تعلقات کو برقرار رکھنا اور نافذ کرنا شامل ہے، نیز غیر ملکی ماہرین، بین الاقوامی طلباء اور شیامین یونیورسٹی کا دورہ کرنے والوں کے لئے مشاورت، کوآرڈینیشن اور خدمات فراہم کرنا شامل ہے.
یہ دفتر غیر ملکی عملے اور طلبا کو مقامی ماحول میں ایڈجسٹ کرنے میں مدد کی فراہمی سمیت انہیں مختلف قسم کی سرگرمیوں اور مقامی تہواروں میں حصہ لینے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔ علاوہ ازیں ،ویزا درخواستوں، اورینٹیشن، ہاؤسنگ، طبی خدمات اور انشورنس کے ساتھ غیر ملکی طالب علموں کی مدد کا فریضہ بھی یہی دفتر سرانجام دیتا ہے۔ساتھ ساتھ دفتر کی جانب سے غیر ملکی طلباء کے لئے ہر قسم کی تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

چینی قیادت نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی اور ٹیلنٹ چینی جدیدیت کے لئے بنیادی اور اسٹریٹجک بنیاد کے طور پر کام کرتے ہیں ، اسی تصور کی روشنی میں شیامین یونیورسٹی ملک میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے تاکہ قومی ترقی کی ایک مضبوط بنیاد قائم کی جا سکے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1486 Articles with 777851 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More