چین میں بیس مئی یا "520" کا صوتی مطلب "میں تم سے محبت
کرتا ہوں " کے مشابہ ہے، جس کی وجہ سے 20 مئی جوڑوں کے لیے شادی کی ایک
مقبول تاریخ ہے۔کہا جا سکتا ہے کہ "520" چینی ویلنٹائن ڈے کے طور پر منایا
جاتا ہے۔ اس روز چین بھر میں جوڑوں کی ایک بڑی تعداد شادی رجسٹریشن دفاتر
کا رخ کرتی ہے اور حالیہ عرصے میں اس حوالے سے آن لائن اپوائنٹمنٹ میں بھی
زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ چین آبادی کے لحاظ سے دنیا کا ایک بڑا ملک ہے جہاں ایک
ارب چالیس کروڑ سے زائد افراد بستے ہیں۔حالیہ عرصے میں ملک کی جانب سے
بہبود آبادی کے حوالے سے اہم اقدامات متعارف کروائے گئے ہیں جن میں عمر
رسیدہ آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ بچوں کی شرح پیدائش میں اضافے
کے لیے جوڑوں کو تین بچوں کی اجازت بھی شامل ہے۔
چینی قیادت کی جانب سے فرٹیلیٹی کی پالیسیوں کو بہتر بناتے ہوئے آبادی کی
طویل المدتی متوازن ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے سامنے آئے ہیں۔ یہ بات قابل
ذکر ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران چین بھر میں سوشل سیکیورٹی سسٹم اوربہبود
آبادی کے لیے خدماتی سسٹم کے قیام میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے ۔
ساتھ ساتھ چین کی کوشش ہے کہ بہبود آبادی کو معاشی اور سماجی پالیسیوں سے
ہم آہنگ کرتے ہوئے آگے بڑھا جائے اورشادی کی عمر کو پہنچنے والے نوجوانوں
میں شادی اور خاندانی اقدار کو فروغ دینے کے لئے تعلیم اور رہنمائی فراہم
کی جائے۔آبادی کی فلاح کے لیے بہتر جامع نظام وضع کیا جائے ، منصفانہ نظام
تعلیم کو یقینی بنایا جائے ،بہتر طبی سہولیات کی ضمانت دی جائے، معیاری
تعلیمی وسائل تک رسائی کے ساتھ ساتھ تعلیمی اخراجات میں کمی کے لیے کوشش کی
جائے۔
شادی بیاہ کے حوالے سے "520" سے جڑے مزید لوازمات کا تذکرہ کیا جائے تو اس
دن شادی کی ضیافت ، پھولوں کی خریداری اور ہوٹل کی بکنگ جیسی متعلقہ
مصنوعات اور خدمات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
ماہرین کے نزدیک ایک مخصوص دن میں شادی کی رجسٹریشن کی تعداد کے پیچھے
متعدد عوامل کارفرما ہو سکتے ہیں جن میں "520" تاریخ کا مطلب، شادی کی عمر
کے نوجوانوں کی آبادی کی بنیاد اور شادی کرنے کے لئے لوگوں کی عمومی خواہش
وغیرہ شامل ہیں۔اگرچہ اس سال 20 مئی کے روز منگل کا دن تھا جو کہ کام کاج
کا دن ہوتا ہے ، لیکن اس کے باوجود زیادہ تر جوڑوں نے شادی کے لئے اسی
مبارک تاریخ اور دن کا انتخاب کیا۔ یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ 21 مئی کو ،
روایتی چینی شمسی اصطلاح شیاؤمان (اناج کی کلیاں) بھی چینی قمری کیلنڈر کے
مطابق ایک مبارک موقع کہلاتا ہے۔
چین کی ریاستی کونسل نے اس سے قبل ملک بھر کے صوبائی سطح کے علاقوں میں بین
الصوبائی میرج رجسٹریشن پائلٹ پروگرام کی توسیع کی منظوری دی تھی، جو طویل
مدتی اور متوازن آبادی کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک تازہ ترین اقدام
ہے۔اس اقدام کو تارکین وطن آبادی کی جانب سے خاص طور پر سراہا جاتا ہے،
جنہیں اب اپنی شادیوں کو رجسٹر کرنے کے لئے اپنے آبائی علاقوں میں واپس
جانے کی ضرورت نہیں ہے. یوں شادی جیسے بندھن کی بدولت چینی سماج میں خاندان
کی مضبوطی کا تصور بھرپور طریقے سے اجاگر ہو رہا ہے اور شادی بیاہ سے جڑے
متنوع رسوم و رواج کو بھی آگے بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔
|