چین کا عظیم الشان ٹرانسپورٹ نیٹ ورک

چین کا عظیم الشان ٹرانسپورٹ نیٹ ورک
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

یہ ایک حقیقت ہے کہ ، گزشتہ پانچ سالوں میں، چین کے ٹرانسپورٹ شعبے نے "تاریخی ترقی" حاصل کی ہے، جہاں قومی جامع ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا 90 فیصد سے زیادہ بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی قائم ہو چکا ہے۔آج ، زمین، سمندر اور آسمان تک پھیلا، چین کا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک ملک کی جدید کاری کو طاقت فراہم کرنے والی اہم شریان میں تبدیل ہو چکا ہے۔

چین نے اپنے چودھویں پانچ سالہ منصوبے (2021-2025) کے دوران، ایک زیادہ مربوط اور کثیر جہتی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک تشکیل دیا ، جس نے رابطے کو بہتر بنانے اور معاشی ترقی کو سہارا دینے میں ہمہ گیر ترقی حاصل کی ہے۔ پانچ سالہ منصوبے میں طے کیے گئے 17 بڑے ٹرانسپورٹ اہداف میں سے چھ 2024 کے اختتام تک وقت سے پہلے حاصل کر لیے گئے ہیں، جن میں ایکسپریس وے اور شہری ریل کی لمبائی، دیہاتوں میں ایکسپریس پارسل ڈیلیوری تک رسائی، اور شہری پبلک ٹرانسپورٹ میں نئی توانائی بسوں کا حصہ شامل ہیں۔باقی اہداف اس سال کے اختتام تک حاصل کر لینے کی توقع ہے۔

اس ترقی کے پیچھے مضبوط سرمایہ کاری ہے۔ 2021 سے 2024 تک، ٹرانسپورٹ میں پائیدار اثاثوں کی سرمایہ کاری کل 15.2 ٹریلین یوآن (تقریباً 2.1 ٹریلین امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی، جو پچھلے پانچ سالہ منصوبے کے مقابلے میں 23.3 فیصد کا اضافہ ہے۔

2024 کے اختتام تک، چین کے ریلوے نیٹ ورک کی کل آپریٹنگ لمبائی 1 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر تک پہنچ گئی، جو 2020 کے اختتام کے مقابلے میں تقریباً 16 ہزار کلومیٹر کا اضافہ ہے۔ اس میں ہائی اسپیڈ ریل 10 ہزار کلومیٹر کے اضافے سے 48 ہزار کلومیٹر سے تجاوز کر چکی ہے، جو 5 لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں کے 97 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

شاہراہیں 5.49 ملین کلومیٹر تک پھیل گئیں، جو پانچ سال پہلے کے مقابلے میں 2 لاکھ 90 ہزار کلومیٹر زیادہ ہیں۔ ایکسپریس ویز 1 لاکھ 91 ہزار کلومیٹر تک پہنچ چکی ہیں، جو 2 لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں کے 99 فیصد کا احاطہ کرتی ہیں۔

سرٹیفائیڈ سویلین ایئرپورٹس کی تعداد 2024 کے اختتام تک بڑھ کر 263 ہو گئی، جو 2020 کے مقابلے میں 22 زیادہ ہیں، فضائی خدمات اب ملک کی 91 فیصد سے زیادہ آبادی تک پہنچ چکی ہیں۔

شہری آمدورفت میں، ایک متنوع پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم نے روزمرہ کی نقل و حرکت کے لیے مضبوط سہارا فراہم کیا ہے۔ ہر روز تقریباً 10 کروڑ شہری سفر ،ریل کے ذریعے، 10 کروڑ بس کے ذریعے، اور 10 کروڑ ٹیکسی اور رائڈ ہیلنگ خدمات کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔ ان اعداد و شمار سے چین کے شہری ٹرانسپورٹ سسٹم کی صلاحیت اور جاندار پن کا پتہ چلتا ہے۔

آن لائن ٹکٹنگ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں جیسے اسمارٹ ٹولز نے سفر کو زیادہ موثر اور قابل رسائی بنا دیا ہے، 80 سے زیادہ مرکزی شہر فضائی۔ریل مربوط نقل و حمل کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔

اسی طرح بہتر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس دیہی اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں رسائی کو بہتر بنا رہے ہیں، جس سے خدمات، منڈیاں اور نئے مواقع قریب پہنچ رہے ہیں۔2024 کے اختتام تک، دیہی سڑکیں 4.64 ملین کلومیٹر تک پہنچ گئیں، اور 30 ہزار سے زائد قصبات اور 5 لاکھ انتظامی دیہات پکی سڑکوں سے منسلک ہو چکے ہیں۔دیہی سڑکیں نئی صنعتوں اور سیاحت کی ترقی کو تیز کر رہی ہیں، مقامی روزگار پیدا کر رہی ہیں، اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کر رہی ہیں۔

شہری اور دیہی خلیج ختم کرنے میں ایکسپریس ڈیلیوری خدمات نے بھی تیزی سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ چین نے کاؤنٹیوں، قصبات اور دیہات کو جوڑنے والا ایک تین سطحی لاجسٹکس نظام تعمیر کیا ہے، جس نے دیہی ڈیلیوری کی کمزوریوں کو کھپت اور ترقی کے انجن میں بدل دیا ہے۔2024 میں، وسطی اور مغربی چین میں ایکسپریس ڈیلیوری حجم میں بالترتیب 30 فیصد اور 34 فیصد کا اضافہ ہوا، جو قومی اوسط سے زیادہ ہے۔چنگھائی اور گانسو جیسے علاقوں میں، نئے لانچ ہونے والے ڈاک اور کورئیر پروسیسنگ سینٹرز نے ہینڈلنگ کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے، جس سے مغربی چین میں لاجسٹکس انفراسٹرکچر کو تقویت ملی ہے۔

اسی طرح چین نے گزشتہ برسوں میں اپنے عالمی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو وسعت دی ہے، جس سے رابطہ بڑھا ہے اور سرحد پار تجارت اور تعاون کو فروغ ملا ہے۔چین۔یورپ مال بردار ٹرینوں نے 1 لاکھ 10 ہزار سے زیادہ سفر کیے ہیں، اور نیو ویسٹرن لینڈ سی کوریڈور کے ساتھ سالانہ تقریباً 10 ہزار سمندر۔ ریل مربوط مال بردار ٹرینیں چلائی گئی ہیں۔چین کا عالمی فضائی کارگو بھی بڑھ رہا ہے۔ ای کامرس کی ترقی کی وجہ سے، بین الاقوامی فضائی کارگو کا حجم 2024 میں تقریباً 9 ملین ٹن تک پہنچ گیا، جو 2020 کے مقابلے میں 32.8 فیصد زیادہ ہے۔

چین اس وقت بھی قواعد و ضوابط کی ہم آہنگی کے ذریعے زیادہ سے زیادہ روابط کے لیے کوشاں ہے۔ملک نے ریل، روڈ، سمندر، فضائی اور ڈاک کے شعبوں کا احاطہ کرتے ہوئے 270 سے زیادہ دوطرفہ اور کثیر جہتی ٹرانسپورٹ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

چین نے بین الاقوامی تعاون منصوبوں کے ذریعے مقامی خطوں کے لیے ٹھوس ثمرات لائے ہیں۔ مثال کے طور پر، مومباسا نیروبی ریلوے نے کینیا میں 74 ہزار سے زیادہ ملازمتیں پیدا کی ہیں، جہاں لوکلائزیشن ریٹ 90 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے اور 2,800 سے زیادہ ریلوے پیشہ ور افراد کو تربیت دی گئی ہے۔

مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے، چین نے عزم ظاہر کیا ہے کہ گہرے انضمام، بہتر حفاظت، اسمارٹ اپ گریڈز اور سبز تبدیلی کے ذریعے ایک مضبوط ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی تعمیر میں تیزی لائی جائے گی تاکہ ملک کی جدید کاری کی مہم کو سہارا دیا جا سکے۔ 
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1571 Articles with 844635 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More