دنیا کا بلند ترین پل
(Shahid Afraz Khan, Beijing)
|
دنیا کا بلند ترین پل تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین کے صوبہ گوئی چو میں دنیا کا بلند ترین پل" ہوا جیانگ گرینڈ کینیون پل" باضابطہ طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔اس پل کا مرکزی سپین 1420 میٹر ہے جو پہاڑی علاقوں میں دنیا کے کسی بھی پل سے زیادہ ہے ، جبکہ پل کے فرش اور دریا کی سطح کے درمیان 625 میٹر کا فرق بھی اسے دنیا کے بلند ترین پل کا درجہ دیتا ہے ۔
ہوا جیانگ گرینڈ کینیون پل کی کل لمبائی 2890 میٹر ہے اور یہ ہوا جیانگ گرینڈ کینیون کے اوپر سے گزرتا ہے۔ پل کی فعالیت کے بعد،صوبہ گوئی چو کی ژین فینگ کاؤنٹی سے گوان لنگ کاؤنٹی جانے کے لیے درکار وقت جو پہلے 2 گھنٹے کا سفر تھا، اب محض 2 منٹ میں طے ہو جائے گا۔ تعمیر کے دوران، انجینئرز نے پل کی طویل مدتی حفاظت اور مضبوطی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد جدتیں متعارف کرائیں۔ ہر مرکزی کیبل 217 تاروں پر مشتمل ہے، اور ہر تار میں 91 فولادی تاریں ہیں۔ اسمارٹ کیبل ان فولادی تاروں کے اندر نصب کی گئی ہے۔ کل مل کر دو مرکزی کیبلز کے اندر تین اسمارٹ کیبلز لگائی گئی ہیں۔آٹومیٹک اسمارٹ کیبل سسٹم نمی کی سطح بڑھنے پر نمی ختم کرنے والے آلے (ڈی ہیومیڈیفائرز) بھی فعال کر دیتا ہے، جس سے زنگ لگنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے اور کیبلز کی عمر میں اضافہ ہوتا ہے۔
درحقیقت، یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ چین کے صوبہ گوئی چو نے تعمیرات بالخصوص پلوں کی تعمیر میں بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے بلکہ اس شعبے میں کئی اعلیٰ بین الاقوامی ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔ گوئی چو عالمی برج ایوارڈز کا "گرینڈ سلام" بھی جیت چکا ہے، جس میں گستاو لنڈینتھل میڈل بھی شامل ہے جسے انجینئرنگ کے شعبے کا "نوبل انعام" کہا جاتا ہے۔ صوبہ گوئی چو کے پلوں نے بین الاقوامی سطح کے ایسے متعدد ایوارڈز جیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایسی ایوارڈز تقریب میں جب بھی پلوں کی تعمیر کا ذکر آتا ہے تو لوگوں کو یقین ہوتا ہے کہ " گوئی چو ایک بار پھر بہترین پل کا ایوارڈ لے اُڑے گا ۔"
حیرت کی بات یہ ہے کہ نقل و حمل میں دشواری طویل عرصے سے صوبہ گوئی چو کی ترقی کو محدود کرنے والی رکاوٹ رہی ہے۔ جنوب مغربی چین کے جغرافیائی مرکز کے طور پر، اس نے ٹریفک کی ناکافی سہولیات کی وجہ سے اپنی صلاحیتوں کو ماضی میں پوری طرح استعمال نہیں کیا، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم ، کئی عشرے پہلے، گوئی چو نے پلوں کی تعمیر شروع کی اور بیرونی ممالک جیسے جاپان اور جرمنی کے جدید پلوں کے منصوبوں کے تجربات سے استفادہ کیا۔ تاہم، اس کی خاص معدنیات پر مشتمل زمین اور پہاڑ اور پہاڑیوں سے ڈھکی ہوئی زمین کی سطح کا 90 فیصد سے زیادہ ہونے کی وجہ سے،گوئی چو نے اس شعبے میں اپنی منفرد صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ، صوبہ گوئی چو تقریباً 30 ہزار پل بناچکا ہے جب کہ شاہراہوں کی طوالت بھی دو لاکھ کلو میٹر سے زائد ہے۔ گوئی چو میں سسپنشن برجز، کیبل اسٹیڈ برجز، آرچ برجز اور بیم برجز موجود ہیں، جو دنیا کے تقریباً تمام پلوں کی اقسام کا احاطہ کرتے ہیں۔ "پلوں کے عجائب گھر" کے طور پر مشہور، صوبہ گوئی چو پہاڑوں اور وادیوں میں دنیا کے دس سپر پلوں میں سے پانچ کا گھر ہے۔
بین الاقوامی برادری کی جانب سے صوبہ گوئی چو کے ماحولیاتی تحفظ کے تصور کو پل کی تعمیر کے ڈیزائن اور تکنیک میں شامل کیا گیا ہے۔ جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی اور دھماکے سے ہونے والے ماحولیاتی نقصان سے بچا گیا، بلکہ پرانے پل کی ری سائیکلنگ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
گوئی چو اس وقت اپنے ملکی اور غیر ملکی ساتھیوں کے لیے اپنی ٹیکنالوجیز اور پلوں کے ڈیزائن متعارف کروا رہا ہے۔ آج، گوئی چو پلوں کی تعمیر کے میدان میں ایک ماڈل بن رہا ہے، جنوب مغربی خطے میں ایک ناگزیر نقل و حمل کے مرکز کے طور پر گوئی چو ملک کی معاشی ترقی میں بھی ٹھوس مدد فراہم کررہا ہے۔ صوبہ گوئی چو کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر جانے میں بھی مدد ملی ہے، نئے دور میں ماحولیاتی تحفظ کا تصور اور "شاہراہوں کی تعمیر خوشحالی کی جانب پہلا قدم " کے تصور کو بھی مستقل فروغ مل رہا ہے۔ |
|