چین میں تعطیلات کا "سپر گولڈن وِیک"

چین میں تعطیلات کا "سپر گولڈن وِیک"
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والا 2025ء کا "سپر گولڈن وِیک" ثقافت، معیشت اور ترقی کا حسین امتزاج رہا ہے۔سال 2025 کے سپر گولڈن وِیک کے دوران قومی دن اور مڈ آٹم فیسٹیول کی تعطیلات کو یکجا کیا گیا،جس نے چین کی متحرک کھپت اور پائیدار اقتصادی رفتار کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ، اور یہ ملک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کی جانب واضح پیش رفت کا مظہر ہے۔

انہی تعطیلات کے دوران، چین بھر میں ثقافتی فروغ اور اقتصادی نمو کے درمیان ہم آہنگ تعلق ایک مرتبہ پھر ابھر کر سامنے آیا ۔شنگھائی میں، تاریخی کسٹمز ہاؤس کی عمارت میں ایک جدید ایکس آر تجربہ متعارف کرایا گیا ہے، جو سیاحوں کو علاقے کے ماضی، حال اور مستقبل کا ورچوئل مشاہدہ فراہم کرتا ہے۔بیجنگ میں، شوگانگ پارک نے ورلڈ ٹیبل ٹینس چائنا اسماش کی میزبانی کی، جس کے لیے 88,000 سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئے ، یہ صنعتی ورثے اور جدید کھیلوں کی ثقافت کا حسین امتزاج تھا۔

صوبہ جیانگ سو کے دارالحکومت نانجنگ کے پہاڑوں کے بیچ واقع گاؤں شیانگ تانگ نے خود کو ایک پُرسکون تفریحی مقام میں بدل لیا ہے۔ اس کے دیہی طرز کے کاٹیجز، کیفے اور کیمپ سائٹس تعطیلات کے دوران شہری زندگی سے تھکے ہوئے سیاحوں کے لیے سکون اور سادگی کا مرکز بنے رہے۔ثقافتی پہچان قائم کرنے کے بعد، مقامی مصنوعات جیسے “گارڈینیا پھول” اب مہنگی قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں، جب کہ تخلیقی اشیاء کی سالانہ فروخت تقریباً 50 لاکھ یوان (تقریباً 7 لاکھ 3 ہزار امریکی ڈالر) تک پہنچ چکی ہے ، جو اس چھوٹی سی کمیونٹی کے لیے غیر معمولی پیش رفت ہے۔

آن لائن ٹریول تنظیم فلیگی کے مطابق، رواں تعطیلاتی موسم میں دیہی ہوم اسٹیز (گھریلو طرز کی رہائش) کی بُکنگز میں سال بہ سال 40 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ، جو ذاتی اور تجرباتی طرزِ سفر کی بڑھتی ہوئی ترجیح کی عکاسی کرتا ہے۔چائنا ٹوارزم اکیڈمی کے مطابق ثقافتی سیاحت محض تفریح سے ایک طرزِ زندگی کے تجربے میں تبدیل ہو رہی ہے اور یہی تبدیلی پوری صنعت کی ساخت کو ازسرِنو تشکیل دے رہی ہے۔

یہ تعطیلات چین میں صارفین کی جدید ترجیحات اور معیشت کی تبدیلی کا پیمانہ بھی ثابت ہوئیں ،جہاں نئے کاروباری ماڈلز اور تجارتی مواقع نے منڈی میں نئی جان ڈال دی۔تھیان جن شہر میں، ایک گھریلو اینی میٹڈ سیریز پر مبنی پاپ اَپ اسٹور نے مداحوں کو اپنے پسندیدہ کرداروں سے براہِ راست ملنے کا موقع فراہم کیا۔صوبہ زے چیانگ کے شہر ہُوجو میں کم بلندی کی سیاحت جیسے ہیلی کاپٹر، پیراگلائیڈنگ اور غبارے کی سیر کے پروگراموں کو زبردست مقبولیت ملی ، تعطیلات کے دوران 16 روٹس اور 7 آپریٹنگ مقامات قائم کیے گئے۔

سیاحت اور تفریح کے ساتھ ساتھ ، سمارٹ گھریلو آلات نے گھریلو مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ کیا۔اس دوران ، مصنوعی ذہانت پر مبنی اسمارٹ آلات کی فروخت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا۔ ان رجحانات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اب خریداروں کی توجہ قیمت سے زیادہ ذہانت اور استعمال کے تجربے پر مرکوز ہو چکی ہے۔

حکومتی پالیسیاں بھی کھپت میں اضافے کا ایک اہم سبب بنیں۔ 30 ستمبر کو مرکزی حکومت نے 69 ارب یوان مالیت کے انتہائی طویل مدتی خصوصی ٹریژری بانڈز کا چوتھا مرحلہ جاری کیا، جو صارفین کے لیے پرانے سامان کے بدلے نئے سامان کی اسکیم کے لیے مخصوص تھا۔مقامی حکومتوں نے بھی صارفین کے واؤچرز جاری کیے اور “کریڈٹ پر مبنی سیاحت” جیسے پروگرام متعارف کرائے تاکہ کھپت کو مزید آسان بنایا جا سکے۔

چھٹیوں کے دوران بھی ملک بھر میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبے اور جدید مینوفیکچرنگ مراکز پوری رفتار سے کام کرتے رہے ، جو چین کی مضبوط معاشی رفتار کو واضح کرتے ہیں۔صوبہ شاندونگ کے شہر جی نان میں 26,000 سے زائد مزدور بیک وقت آٹھ میٹرو لائنوں پر کام کرتے نظر آئے۔گوانگ دونگ۔ہانگ کانگ۔مکاؤ گریٹر بے ایریا سے لے کر صحرائے ٹینگر کے کنارے واقع توانائی کے مراکز تک، ہزاروں کارکنان چھٹیوں کے دوران بھی قومی منصوبوں پر کام میں مصروف رہے۔

تعطیلات کے اختتام پر، چین میں ثقافتی سرگرمیوں کی توانائی اور معاشی حرکیات کے امتزاج نے، ملک بھر کے کارکنان کی محنت و استقامت کے ساتھ، ایک واضح منظر پیش کیا ،ایک ایسے ترقی پذیر، پُرامید اور بااعتماد چین کا، جو مسلسل اعلیٰ معیار کی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1641 Articles with 942363 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More