ورلڈ سٹیز ڈے اور کراچی – مسائل، سہولتیں اور حکومتی غفلت

*از قلم : محمد ارسلان شیخ*

31 اکتوبر کو دنیا بھر میں ورلڈ سٹیز ڈے (World Cities Day) منایا جاتا ہے۔
یہ دن اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام 2014 سے منایا جا رہا ہے، تاکہ شہروں میں پائیدار ترقی، بہتر شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی توازن، اور سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔
چلیں پھر اج بات کریں کراچی کی تو کراچی، پاکستان کا سب سے بڑا اور معاشی حب ہونے کے باوجود، آج شدید شہری مسائل کا شکار ہے۔پانی کی قلت، صفائی کے ناقص انتظامات، ٹریفک کا دباؤ، غیر منصوبہ بند تعمیرات، اور بلدیاتی بدانتظامی نے شہری زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔مگر ان سب کے باوجود کراچی کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت شہر کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔
کراچی کے مسائل کی جڑ صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی اور بلدیاتی اداروں کے محدود اختیارات میں پوشیدہ ہے۔اختیارات کی کشمکش، فنڈز کی کمی، اور عملی اقدامات کی عدم موجودگی نے شہری سہولتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔اکثر اوقات ترقیاتی منصوبے صرف دعووں اور اعلانات تک محدود رہ جاتے ہیں۔
جہاں عوام اپنی مدد آپ کے تحت شہر کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں، وہیں حکومتی سطح پر ایسے اقدامات کیے جاتے ہیں جو شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
چھوٹے چھوٹے معاملات پر FIR درج کر کے شہریوں کے ریکارڈ خراب کر دیے جاتے ہیں، جس سے عام آدمی خوف زدہ ہو جاتا ہے۔
حال ہی میں شروع کیے گئے E-Challan نظام کی مثال سامنے ہے سروس شروع ہونے کے صرف چھ گھنٹوں میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کے چالان جاری کر دیے گئے۔یہ طرزِ عمل شہری نظم و ضبط کے بجائے انتظامی دباؤ اور مالی جرمانے کو ترجیح دیتا ہے، جو شہریوں میں بداعتمادی کو بڑھا رہا ہے۔
اس تمام غفلت اور دباؤ کے باوجود، کراچی کے عوام پیچھے نہیں ہٹے۔نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہمات چلا رہے ہیں،مقامی تنظیمیں شجرکاری اور آگاہی پروگرام ترتیب دے رہی ہیں۔کئی شہری اپنی گلیوں، پارکوں اور سڑکوں کی بحالی میں رضاکارانہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔

یہی جذبہ بتاتا ہے کہ اگر حکومت سنجیدگی دکھائے اور عوام کو ساتھ لے کر چلے، تو کراچی ایک بار پھر روشنیوں اور ترقی کا شہر بن سکتا ہے۔

 

Muhammad Arslan Shaikh
About the Author: Muhammad Arslan Shaikh Read More Articles by Muhammad Arslan Shaikh: 21 Articles with 6719 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.