چین کا سب سے بڑا اور بااثر کھیلوں کا ایونٹ
(SHAHID AFRAZ KHAN, Beijing)
|
چین کا سب سے بڑا اور بااثر کھیلوں کا ایونٹ تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین میں اس وقت 9 نومبر سے 21 نومبر تک، 15ویں نیشنل گیمز جاری ہیں، جو ملک کا سب سے بڑا اور بااثر کھیلوں کا ایونٹ ہے۔ اس سال، یہ گیمز نہ صرف کھلاڑیوں کے مقابلوں کے لیے ایک اسٹیج ہیں بلکہ جدید ترین ٹیکنالوجیز کے مربوط استعمال کی ایک جھلک بھی پیش کر رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت ، بگ ڈیٹا ، فائیو جی کمیونیکیشنز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ، اس ایونٹ کے ہر پہلو میں مکمل طور پر ضم ہیں۔ یہ اختراعی ٹیکنالوجیز تنظیم سے لے کر شائقین کے تجربے تک ، کھیلوں میں ایک نیا انٹیلی جنٹ ولولہ شامل کر رہی ہیں۔
اسمارٹ اسٹیڈیم مینجمنٹ
اسٹیڈیم کی کارکردگی ٹیکنالوجی کے جدید استعمال سے تقویت پاتی ہے۔شینزین اسپورٹس سینٹر کے انٹیلیجنٹ کمانڈ سینٹر میں، ایک ڈیجیٹل ٹوئن سسٹم پورے 68,000 مربع میٹر کے کمپلیکس کو ایک تھری ڈی ماڈل میں سمو دیتا ہے، جو ایونٹ کے مقام کا سمولیشن مینجمنٹ ممکن بناتا ہے۔ اگر ایئر کنڈیشننگ کی توانائی کا استعمال 5 فیصد سے زیادہ انحراف کرے تو یہ انتظامیہ کو الرٹ کرتا ہے، اور اگر فائر ایگزٹ بند ہوں تو 20 سیکنڈ کے اندر الارم بج جاتا ہے۔ ہجوم کے خطرات کی پیش گوئی کے لیے اے آئی الگورتھمز کا استعمال بھی کیا جاتا ہے، جو 15 منٹ پہلے تک انتباہ فراہم کرتا ہے۔ جدید حل جیسے بے دو۔ فائیو جی مربوط ہائی پریسیشن پوزیشننگ اور ذہین ٹریفک ڈسٹریبیوشن سسٹمز کا بھی استعمال کیا گیا ہے تاکہ کثیر استعمال کے دوران مستحکم وائرلیس کنیکٹیویٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس سینٹر کی ایک اور نمایاں اختراع "کھلنے اور بند ہونے والی چھت اور متحرک اسکرین" کا نظام ہے۔ چھت کو ایونٹ کی نوعیت کے مطابق کھولا یا بند کیا جا سکتا ہے، جبکہ مرکزی بڑی اسکرین اپنی شکل بدل سکتی ہے ، دو طرفہ افقی ڈسپلے سے چار حصوں پر مشتمل اسکرین میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ مثلاً ٹینس میچ کے دوران، چھت کھل جاتی ہے تاکہ قدرتی روشنی آئے، اور اسکرین اوپر کی نشستوں پر بیٹھے ناظرین کے لیے بہترین زاویہ فراہم کرتی ہے۔ یہ لچکدار ڈیزائن باسکٹ بال، ٹینس اور جمناسٹکس سمیت 16 مختلف کھیلوں کے لیے موزوں ہے، اور ایونٹس کے درمیان بغیر رکاوٹ منتقلی کو ممکن بناتا ہے۔
گوانگ دونگ اولمپک اسپورٹس سینٹر، جو مقامی شائقین کے لیے دہائیوں سے یادگار مقام ہے، نے اپنے تیراکی اور ڈائیونگ پول کو جدید بنایا ہے، خاص طور پر پانی کے معیار کو بہتر بنانے اور روشنی کے اثرات کو بہتر کرنے کے لیے۔ ایونٹ کے دوران، شائقین وقفوں میں روشنی کے بدلتے مناظر کا مشاہدہ کر سکتے ہیں، جو متحرک ماحول پیدا کرتے ہیں۔ اگرچہ پانی کی صفائی کی سہولیات زیر زمین پوشیدہ ہیں، لیکن شفاف اور صاف پانی اس پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔
ڈیٹا پر مبنی آلات سے شفافیت کا فروغ
مقابلوں میں شفافیت کی جستجو میں ٹیکنالوجی نے شاندار پیش رفت کی ہے۔مثال کے طور پر، بیڈمنٹن میں، اے آئی سے چلنے والے کیمرے خودکار طور پر جھلکیاں قید کرتے ہیں اور ڈیٹا کا تجزیہ کر کے ریفریز کو درست فیصلوں میں مدد دیتے ہیں۔ ایتھلیٹکس میں، اے آئی پر مبنی اسٹارٹ لائن مانیٹرنگ سسٹم فالس اسٹارٹس کا پتہ ایک ملی سیکنڈ سے بھی کم کی غلطی کے مارجن کے ساتھ لگاتا ہے، جو فیصلوں کی درستگی میں زبردست بہتری لاتا ہے۔
یہ ڈیٹا پر مبنی نظام آہستہ آہستہ روایتی طریقوں کی جگہ لے رہے ہیں اور ایک مساوی میدان فراہم کر رہے ہیں، جسے شینزین کے فروغ پاتے ہوئے اسپورٹس ٹیک ماحولیاتی نظام کی حمایت حاصل ہے۔
شائقین کے لیے بہترین تجربات
اس بار شائقین کو ایک جامع اسمارٹ سروسز کا پیکج فراہم کیا جا رہا ہے۔گوانگ جو موبائل نے ایک "کلاؤڈ بیسڈ اسپورٹس ولیج" سسٹم متعارف کرایا ہے، جہاں شائقین کسی فزیکل حدود کے پابند نہیں رہتے۔ اے آئی اور فری ویو ایونٹ سسٹم کی مدد سے، یہ سسٹم آزاد زاویوں سے دیکھنے، کھلاڑیوں کا حقیقی وقت میں پتہ لگانے، کھیلوں کا تجزیہ اور اسٹریم شیئرنگ جیسی سہولیات فراہم کرتا ہے، جو مشاہدے اور انٹرایکشن کو بھرپور بناتا ہے۔
متعدد مقامات، جن میں گوانگ ڈونگ اولمپک اسپورٹس سینٹر اور گوانگ جو جمنازیم شامل ہیں، نے آگمینٹڈ رئیلٹی نیویگیشن سسٹمز نصب کیے ہیں۔ صارفین "گیمز ان گوانگ جو " منی پروگرام یا آن سائٹ کیو آر کوڈز کے ذریعے ہر مقام کے نیویگیشن پیجز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، اور اپنی نشستوں تک درست طور پر پہنچ سکتے ہیں۔ بغیر ایپلی کیشنز تبدیل کیے، صارفین باہر سے لے کر اسٹیڈیم کے اندر مخصوص نشست تک آسانی سے نیویگیٹ کر سکتے ہیں۔ چاہے وہ عوامی سہولیات جیسے باتھ رومز اور میڈیکل رومز ہوں یا 50,000 نشستوں والے اسٹیڈیم میں مخصوص سیٹ، یہ ٹیکنالوجیز راستہ تلاش کرنا انتہائی آسان بنا دیتی ہیں۔
اس کے علاوہ، عملی جدتیں سہولت میں مزید اضافہ کرتی ہیں۔ کئی مخصوص راستوں پر بغیر ڈرائیور کی گاڑیاں مکمل منظر اور ہر موسم میں ڈرائیونگ تجربہ فراہم کرتی ہیں۔ فوٹو وولٹیک سٹوریج چارجنگ اینڈ ڈسچارجنگ ٹیکنالوجی سے چلنے والی پارکنگ لاٹس صرف 10 سے 15 منٹ میں برقی گاڑیوں کو تیزی سے چارج کر سکتی ہیں۔
کہا جا سکتا ہے کہ 15ویں نیشنل گیمز نہ صرف ایک کھیلوں کا ایونٹ ہے بلکہ گوانگ ڈونگ کی تکنیکی کامیابیوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہے ۔یہ ایونٹ سمارٹ ٹیکنالوجیز جیسے روبوٹس اور بغیر ڈرائیور گاڑیوں کے لیے حقیقی دنیا کے منظرنامے فراہم کرتا ہے، جو مینوفیکچرنگ کمپنیوں کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے قیمتی حوالہ جات فراہم کرتا ہے اور گوانگ ڈونگ کی صنعتی ترقی کو مزید فروغ دیتا ہے۔ |
|