سائنسی شاعری

زیرگی اور باروری(pollination&fertilization)

اللہ نے بنایا ہے ہر چیز کا جوڑا
اک پھول پر ہی کیجیے گا غور ذرا سا
قدرت خد ا کی دیکھیے ہے پھول ایک ہی
ہوتا ہے اس میں نر بھی اور مادہ حصہ بھی
نر حصے میں زرتار اور زردان ہیں شامل
اور مادہ میں نے ،کلغی،بیض دان ہیں شامل
زردان میں ہے چکنا اور باریک سا زیرہ
گرتا ہے اسی پھول کی کلغی پہ یہ زیرہ
زیرے کے اس گراؤ کو کہتے ہیں زیرگی
بٹ جاتی ہے دو قسموں میں اب یہی زیرگی
جس پھول کا زیرہ ہو اسی پھول کی کلغی
خود زیرگی کہلاتی ہے اس طرح زیرگی
اک پھول کا زیرہ ہو تو دوجے کی ہو کلغی
کہلائے گی یہ زیرگی اب پار زیرگی
ہوتا ہے کن ذرائع سے یہ عمل زیرگی
حشرات و حیوانات و ہواوں سے ویرجی
آتے ہیں برگ وبار اسی زیرگی کے بعد
بارآوری ہوتی ہے اسی زیرگی کے ساتھ
فرہنگ اصطلاحات
زرتار(filament) :زردان کے نیچے لگی ہوئی باریک سی تار نما ڈنڈی۔
زردان(anther):پھول کا وہ نر حصہ جس میں باریک اور چکنا زیرہ یا بور بنتا ہے
نے(style):کلغی کے نیچے والا حقے کی نڑی جیسا حصہ۔
کلغی(stigma):حقے کی چلم کی طرح نے کے اوپر لگا ہوا پھول کا مادہ حصہ۔
بیضدان(ovary):حقے کے نچلے پانی والے حصے کی طرح صراحی نما لیس دار پھول کا مادہ حصہ جس میں بیج بنتے ہیں اور یہ حصہ بذات خود پک کر پھل بن جاتا ہے۔
زیرگی(pollination):پھول کے نر حصے زردان سے زیرے کا نکل کر پھول کے مادہ حصے کلغی پر گرنے کا عمل۔
خود زیرگی(self pollination):اگر ایک ہی پھول کے زردان سے زیرہ نکل کر اسی پھول کی کلغی پر گرے تو یہ عمل خود زیرگی کہلاتا ہے۔
پارزیرگی؍ دِگرزیرگی(cross pollination):اگر ایک پھول کے زردان سے زیرہ نکل کر دوسرے پھول کی کلغی پر گرے تو یہ عمل پارزیرگی یا دِگر زیرگی کہلاتا ہے۔
باروری؍بارآوری(fertilization):زیرگی کے نتیجے میں پودے میں پھل اور بیج کا بننا باروری کہلاتا ہے۔
درتخمی اور بر تخمی نباتات(angio-sperm&gymno-sperm)
اس دنیا میں موجود ہیں جو تخمی نباتات
درتخمی کچھ ہیں اور کچھ برتخمی نباتات
اندر ہوں پھل کے تخم تو درتخمی نباتات
باہر ہوں گر یہ تخم تو برتخمی نباتات
تربوز ،سیب،ناشپاتی جیسے سارے پھل
ہیں سب نباتیات میں درتخمی نباتات
یہ کھوپرہ و چیڑھ و صنوبر و انناس
سب ہیں نبا تیات میں بر تخمی نباتات
فرہنگ اصطلاحات
درتخمی ؍نہاں تخمی نباتات(angio-sperms):ایسی نباتات جن کے بیج پھل کے اندر ہوتے ہیں۔
برتخمی؍عیاں تخمی نباتات(gymno-sperms):ایسی نباتات جن کے بیج پھل کے باہر ہوتے ہیں۔
روشنی(light)
روشنی ہے فقط توانائی
اس سے قائم ہے ساری رعنائی
اپنی ہر فصل اس سے ہے پکتی
ہے خطِ مستقیم میں چلتی
برقی ہے اور مقناطیسی بھی
اس کی ہیئت ہے اضطراری سی
جب یہ منشور سے گزرتی ہے
سات رنگوں میں بٹ کے چلتی ہے
کیسی لگتی ہے یہ بہار نور
اس کو کہتے ہیں انتشار نور
سامنے آ ئینے کے جب آ ئیں
اپنے چہرے کو اس میں ہم پائیں
وصف اس میں یہ خاص ہوتا ہے
نور کا انعکاس ہوتا ہے
واسطے سے یہ جب گزرتی ہے
اپنے رستے سے ہٹ کے چلتی ہے
اس کو کہتے ہیں انعطاف نور
اور بھی ہیں کئی اوصافِ نور
گر کنارے کسی رکاوٹ کے
روشنی ان پہ آ کے آن پڑے
ان سے ٹکرا کے جب یہ جھکتی ہے
ساتھ ہی پھیل کر یہ چلتی ہے
طیف بنتا گیا نظارِ نور
اس کو کہتے ہیں انکسارِ نور

فرہنگ اصطلاحات
توانائی(energy):کام کرنے کی صلاحیت۔
برقی(electric):بجلی کی خو بی ۔
مقناطیسی (magnetic):مقناطیس کی خوبی۔
برقی مقناطیسی موجیں(electro magnetic waves):ایسی موجیں جن میں برقی اور مقناطیسی اشارے ایک دوسرے کے عموداً چلتے ہیں۔جیسے رو شنی کی موجیں
انتشارِنور (dispersion of light):منشور سے روشنی کا گزر کر سات رنگوں میں منتشر ہونا انتشاِر نور کہلاتا ہے۔
انعکاس(reflection):آئنیے یا پانی وغیرہ سے روشنی کا ٹکرا کر عکس بنانا۔
واسطہ(medium):وہ ذریعہ جس میں سے روشنی گزرتی ہے مثلاً ہوا، پانی ،شیشہ وغیرہ۔
انعطاف(refrection):جھک کر گزرنا ۔شیشے یا پانی میں سے گزر کر روشنی جھکتی ہے اور اپنے راستے سے ہٹ جاتی ہے۔لفظ عاطف بھی انعطاف سے ہی نکلا ہے جس کا مطلب جھکنے والا اور فرمانبردار ہے۔
انکساِرنور (diffrection):جھکنا اور پھیلنا۔روشنی اپنے راستے میں آنے والی کسی رکاوٹ کے کناروں سے ٹکرا کر جھکتی اور پھیلتی ہے۔انسانی مزاج کے لئے بھی عاجزی اور انکساری جیسے الفاظ استعما ل ہوتے ہیں۔
طیف(spectrum):رنگوں کی پٹی۔دھنک یا قوسِ قزح جیسے رنگوں کی پٹی۔
عرضی موجیں
آؤ بچو ڈور سے کھیلیں
ڈور سے کھیلیں غور سے کھیلیں
ایک سرے کو ہاتھ میں پکڑیں
دوسرے کو اک ہک سے جکڑیں
ہاتھ سے ایسے ڈور ہلائیں
اوپر نیچے لے کر جائیں
ایسی موجیں پیدا ہوں گی
آگے جو بڑھتی جائیں گی
ڈوری کے ذرات اُچھلتے
اوپر نیچے حرکت کرتے
ڈوری جائے اوپر نیچے
موجیں جائیں آگے پیچھے
ڈوری اور موجوں کی حرکت
نوے درجے کی ہے قیمت
دل کو خوب ہی بھائیں موجیں
عرضی یہ کہلائیں موجیں
فرہنگ اصطلاحات
عرضی موجیں(transverse waves):عرضی رخ پر چلنے والی موجیں یا ایسی موجیں جن میں واسطے کے ذرّات موجوں کے عموداً سفر کرتے ہیں۔
طولی موجیں
آؤ اک سپرنگ سے کیھلیں
لوہے کی اک ُ ہک بھی لے لیں
اک جانب سپرنگ کھلا ہے
دوسری جانب ہک جکڑا ہے
کھلی جانب سے اسے دبائیں
اور دبا کر ہاتھ ہٹائیں
موجیں اس میں بنتی جائیں
آگے پیچھے چلتی جائیں
سپرنگ جو آگے پیچھے جائے
موج بھی اس کی سمت میں جائے
موجیں اور سپرنگ کے ذرے
ایک ہی سمت میں سفر ہیں کرتے
کیسی ہیں یہ دلکش موجیں
سپرنگ کے ساتھ ہی چلتی موجیں
دل کو خوب یہ بھائیں موجیں
طولی یہ کہلائیں موجیں
فرہنگ اصطلاحات
طولی موجیں(longitudinal waves):طولی رخ پر چلنے والی موجیں یا ایسی موجیں جن میں واسطے کے ذرات موجوں کی ہی سمت میں حرکت کرتے ہوں۔
عملِ انشقاق
یہ جو دنیا کا کھیل ہے پیارے
سب عناصر کا کا میل ہے پیارے
کچھ تو ناپائیدار ہوتے ہیں
اور کچھ پائیدار ہوتے ہیں
ان میں یورینم ہے اک عنصر
جو کہ فطرت میں ہے شکستہ تر
اس میں خوبی جو ایک ہے پائی
اس کا مرکز نری توانائی
اس کو باہر نکالتے ہیں ہم
کام اپنے سنوارتے ہیں ہم
حسنِ تدبیر سے نکلتی ہے
کام تخریب کے بھی کرتی ہے
آئیے اس کو توڑتے ہیں
اس کے مرکز کو پھوڑ تے ہیں
نہ تو ڈنڈے سے نہ ہی روڑے سے
یہ نہ ٹوٹے کسی ہتھوڑے سے
بات سن لو بڑے دھیان سے یہ
ٹوٹ جاتا ہے نیوٹران سے یہ
جب بھی نیوٹران اس سے ٹکرائے
مرکز ہ اس کا شق ہو جائے
کام ہوتا ہے چند لمحوں میں
ٹوٹ جاتا ہے یہ دو ٹکڑوں میں
بات آساں ہے ہم سمجھ پائے
یہ عمل ِ انشقاق کہلائے
لفظ آسان ہم نے پایا ہے
یہ تو قرآن میں بھی آیا ہے(سورہ انشقاق)
فرہنگ اصطلاحات
ناپائیدار(unstable):تابکار عناصر فطرت میں ناپائیدار اور غیر مستحکم ہو تے ہیں۔ان کی مقدارِ مادہ میں الفا،بیٹا اور گیما شعاعیں نکلنے سے مسلسل کمی واقع ہوتی رہتی ہے۔
مرکز؍مرکزہ(nucleus):ایٹم کا مرکزی حصہ جو پروٹانوں اور نیوٹرانوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
انشقاق(fission):شق ہونا،شگافتگی،ٹوٹنا ۔ایٹم کے مرکزے کا ٹوٹنا اور اس سے توانائی کا نکلنا۔
انضمام
وہ جو لفظوں کی کھوج رکھتے ہیں
علم کو خوب وہ سمجھتے ہیں
لفظ اک انضمام ہے بچو
اک کھلاڑی کا نام ہے بچو
جب حرارت کی خوب ہو شدّت
گرمئی بے بہا کی ہو حدّت
مرکزے دو ملاپ کر تے ہیں
اس کو ہم ایتلاف کہتے ہیں
اس میں پنہاں عجب کرشمے ہیں
دیکھنے کو حقیر ذرے ہیں
مل کے پیوست ہو تے ہیں باہم
یعنی ہوتے ہیں خوب یہ مدغم
بن کے اک جان یہ دکھاتے ہیں
چھوٹے مل کے بڑا بناتے ہیں
اس کا مظہر ہے ہائیڈروجن بم
جس کو واضح کریں گے ایسے ہم
اپنے سورج کی لیں مثال ذرا
اس کو لیتے ہیں ہم کھنگال ذرا
ہائیڈروجن ملاپ کرتے ہیں
اور یہ بے حساب کرتے ہیں
لمحہ لمحہ عمل یہ چلتا ہے
مرکزہ ہیلیئم کا بنتا ہے
اس طرح ہے یہ عملِ یکجائی
بے تحاشا ملے توانائی
بات قدرت کی ہے اشاروں میں
عمل ہوتا ہے یہ ستاروں میں
فرہنگ اصطلاحات
انضمام/اِدغام؍گداخت؍پیوستگی(fusion):دو چھوٹے مرکزوں کاباہم ضم ہو کر ایک بڑا مرکزہ بنانا اور ساتھ بہت زیادہ توانائی خارج ہونا۔
پتے کی ساخت اور کام
بات پاواں بتاؤنی پاواں بات نوں لگے چھتے
چھتے چھتے ڈگ پئے تے باقی رہ گئے پتے
پتے کی شہہ رگ ہوتی ہے بیچ میں باکمال
اس کے گرد رگوں کا بچو پھیلا ہے اک جال
پتے کا پت پنجہ دیکھو پنجے جیسا روپ
اس میں سبزینہ بنتا ہے پڑتی ہے جب دھوپ
اس میں بے شمار ہیں بچو ننھے پت مسام
گیسوں کے اخراج و جذب کا ان کے ذمے کام
اس کا باہر والا بارڈر حاشیہ ہے کہلاتا
اس کا بودی والا حصّہ اوپر راس بناتا
پانی ،نمکیات،ہوا کے ساتھ ضیا کا ملنا
ہوتی ہے تالیفِ ضیائی اور خوراک کا بننا
نیچے ہے پت ڈنڈی جس سے شاخ سے ہے یہ جڑتا
روپ ہیں اس کے ونّ سوّنے کوئی بڑا کوئی چھوٹا
فرہنگ اصطلاحات
شہ رگ؍میانہ رگ(midrib):پتے کی درمیانی اور موٹی رگ۔
اطرافی یا جانبی رگیں(lateral veins ):پتے کی شہ رگ سے نکلنے والی باریک رگوں کا جال جو پورے پتے میں پھیلا ہوتا ہے۔
پت پنجہ؍کفِ برگ(lamina):پتے کا پنجے جیسا پھیلا ہوا حصہ ۔
پت مسام ؍مسامِ برگ(stomata):پتے میں موجود چھوٹے چھوٹے سوراخ جن کے ذریعے گیسوں کا تبادلہ ہوتا ہے۔
سبزینہ(chlorophyl)پتے میں موجود سبز مادہ۔
حاشیہ(margin):پتے کا چاروں طرف کا بیرونی کنارہ۔
راس؍بودی(apex):پتے کا اوپر والا باریک اور نوکدار حصہ۔
ضیائی تالیف(photosynthesis):پودے کا روشنی ،ہوا،پانی اور نمکیات کے ساتھ خوراک بنانا۔
پت ڈنڈی(petiol):پتے کے نیچے لگی ہوئی ڈنڈی جو کہ شاخ سے جوڑی ہوتی ہے۔
نوری سالlight year
روشنی سب سے تیز چلتی ہے
اس کے جیسی نہیں کسی کی چال
اک برس میں جو سفر کرتی ہے
اس کو کہتے ہیں ایک نوری سال
چہرۂ گُل اور گُل کٹوری
corolla or calyx
کس قدر پھول خوبصورت ہے
حسنِ فطرت کی ایک مورت ہے
اس میں دو پتیوں کے گھیرے ہیں
اور یاں تتلیوں کے پھیرے ہیں
ہے جو اوپری طرف کا گھیرا
اس سے بنتا ہے پھول کا چہرہ
زیریں گھیرے کی ہر ہری پتی
مل کے بن جائے گُل کٹوری سی
فرہنگ اصطلاحات
چہرۂ گُل؍تاج گُل؍کا سۂ گُل(corolla):پھول کا اوپر والا حصہ جو کہ خوبصور ت اوررنگین پنکھڑیوں سے بنتا ہے۔
گُل کٹوری؍کمامہ؍غلافِ گُل(calyx):پھول کا نچلا حصہ جو کہ سبز پتیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
حرکت کی اقسام
kinds of motions
ہوتی ہے دائرے میں جو اجسام کی حرکت
کہتے ہیں ایسی قسم کو ہم گردشی حرکت
پنکھے کی ہو حرکت یا کہ ہو لٹو کی حرکت
یا موت کے کنویں میں کسی کار کی حرکت
حرکت کی ایک اور قسم خطی ہے حرکت
گویا کہ سیدھے خط میں ہی ہوتی ہے یہ حرکت
جیسے کہ شاہراہ پہ چلتا ہوا ٹرک
جیسے کہ چلتی ریل کرے چھک چھک چھک
جب تھر تھرا رہا ہو کوئی جسم کانپ کر
کہتے ہیں ایسی قسم کو ہم تھرتھری حرکت
جیسے کہ مدرسے میں کوئی بجتی ہوئی گھنٹی
جیسے کہ کسی جھولے میں ہو جھولتی رسی
حرکت
motion
اک چیز جو چلتی جاتی ہے
اور جگہ بدلتی جاتی ہے
حرکت میں اسے ہم کہتے ہیں
ہر بات سمجھ کر پڑھتے ہیں
فرہنگ اصطلاحات
گردشی حرکت(rotational motion)؛گردش کرتی ہوئی چیز کی حرکت۔
خطی حرکت(translational motion):خطِ مستقیم میں کسی جسم کی حرکت۔
تھر تھری حرکت ؍ارتعاشی حرکت(vibratory motion):تھرتھراتے ہوئے یا کانپتے ہوئے جسم کی حرکت یا کسی مرکزی مقام کے آگے پیچھے کسی جسم کی حرکت۔
جانداروں کی نشوونما کے مراحل
ہیں جتنے بھی دنیا میں کل جاندار
نباتات و حیواں میں جن کا شمار
بنے ہیں سبھی بہم خلیات سے
ہیں سب یہ کرشمے اسی ذات کے
جو خلیے جُڑیں تو بنیں بافتیں
یہ ہو تی ہیں جالی نما ساختیں
جُڑیں بافتیں تو بنائیں اعضاء
جو ہو ں یہ صحیح تو کرو تم دُعا
جو ملتے ہیں اعضاء تو بنتا ہے جسم
ہے تخلیق کا یہ خدائی طلسم
فرہنگ اصطلاحات
خلیہ (cell):جانداروں کی بنیادی ساختی اکائی۔
بافت(tissue):خلیات کے جڑنے سے بننے والی جالی نما ساختیں۔
اعضاء(organs):بافتوں سے بنے ہوئے جسم کے مختلف حصے۔
حشرات کا دور حیات
life cycle of insects
جونہی موسم آتا ہے حشرات کا
تو ہو چار سو راج حشرات کا
یہ ننھا سا کیڑا ذرا دیکھیے
حیاتِ کرم غور سے سمجھیے
مراحل ہیں اسکی حیاتی کے چار
یہ ہو ں یاد پڑھنے سے صرف ایک بار
ہیں انڈہ،پہل روپ اور منجھ روپ
کہیں آخری دور کو انت روپ
رہے گا نہیں مسئلہ یاد کا
ہوا ختم میرا سبق آج کا
پڑھیں سائنس اپنی زبانوں میں ہم
تو ہو گا بھلا کیوں نہ بہتر فہم
فرہنگ اصطلاحات
کیڑا یا کرم(insect):کیڑے مکوڑے یا حشرات الارض پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی مخلوق۔
انڈہ(egg):کیڑے کی ابتدائی شکل۔
پہل روپ(larva):انڈے سے نکلنے کے بعد کیڑے کا پہلا روپ۔
منجھ روپ(pupa):کیڑے کا منجھلا یا درمیانہ روپ۔
انت روپ ؍ بالغ روپ؍بالغ حشرہ؍کامل حشرہ(insect):مکمل یا بالغ کیڑا۔
طولی موجیں
longitudinal waves
ذراتِ واسط جو چلیں موج کے
کہتے ہیں ایسی موج کو طولی قسم کی موج
ذراتِ واسط جو ہوں عموداََ موج کے
کہتے ہیں ایسی موج کو عرضی قسم کی موج
نشیب،فراز اور طولِ موج
trough,crest and wavelength
دو فرازوں کا فاصلہ باہم
یا نشیبوں کے بیچ کی دوری
علمِ طبیعات کے حوالے سے
صرف اِک طولِ موج ہے پوری
ور نیئر کیلی پر
vernier calliper
اگر چھوٹی چیزوں کی اے میرے بھائی
صحیح ماپنا چا ہتے ہو لمبائی
تو لو ہاتھ میں ورنیئر کیلی پر تم
سمجھ جاؤ گے چاہتے ہو اگر تم
جو ہو اعک پتری یا کوئی سلنڈر
پھنسا ڈالو اس کو دو جبڑوں کے اندر
پڑھو صدر پیمانے پر اس کی قیمت
سمجھنا،نہ اپنانا رٹے کی عادت
اس آلے میں ہیں صرف دو ہی پیمانے
ہے اک صدر ،اک ورنیئر نا م جانے
پڑھو پہلے قیمت مکمل صدر کی
ملاؤ لکیریں صدر،ورنیئر کی
لکیر اک جو ہو منطبق ورنیئر کی
کرو خوب پہچان اس کے عدد کی
ضرب دے دو اس کو شمارِ اول سے
ملا دو اسے اس کی قیمت اصل سے
نکل آئے گی ٹھیک شے کی لمبائی
مبارک ہو سب کو سمجھ خوب آئی
تابکار عناصر
radioactive elements
کچھ عناصر ہیں ایسے دھرتی پر جو
بہت پائیدار ہوتے ہیں
اور کچھ اس طرح کے بھی ہیں جو
خاصے نا پا ئیدار ہوتے ہیں
فطر تاََ انحطاط جن میں
وہ سبھی تا بکار ہوتے ہیں
فرہنگِ اصطلاحات
عناصر(elements):وہ خالص چیز جو ایک جیسے ایٹموں سے مل کے بنتی ہے اور اسے مزید اجزاء میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔
پائیدار عناصر(stable elements):ایسے عناصر جو فطری طور پر مستحکم ہوتے ہیں اور تابکار شعا عیں خارج کرنے کی صلا حیت نہیں رکھتے۔
نا پائیدار عناصر(unstable elements): ایسے عناصر جو فطری طور پر غیر قیام پذیر ہوتے ہیں اور ہمہ وقت الفا،بیٹا اور گیما شعا عیں خارج کرتے رہتے ہیں۔
انحطاط؍زوال(decay):تابکار عناصر کا شعا عیں خارج کر کے اپنی مقدار کو کم کرتے رہنا۔
تابکار عناصر(radioactive elements):ایسے عناصر جو فطری طور پر غیر قیام پذیر ہوتے ہیں اور تابکار شعا عیں خارج کرتے رہتے ہیں۔
Ishtiaq Ahmad
About the Author: Ishtiaq Ahmad Read More Articles by Ishtiaq Ahmad: 52 Articles with 169029 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.