فون کی گھنٹی بجی،دوسری طرف سے
ایک نوجوان لڑکے نے گھبرائے ہوئے لہجے میں کہا سر!کیا یہ سچ ہے کہ افواج
پاکستان بجٹ کا اسی فیصد(80%)لیتی ہے اور اس کا چیک اینڈ بیلنس یا آڈٹ نہیں
کیا جاتا؟میں اس کی بات سن کر مسکرایا اور اس کی تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ
افواج پاکستان کا بجٹ اسیّ فیصد نہیں ہوتا بلکہ چالیس فیصد(40%)سے بھی کم
ہوتا ہے۔
طیب اقبال ایک نوجوان طالبعلم ہے جو افواج پاکستان کے ساتھ گہری محبت اور
عقیدت رکھتا ہے جس کا اظہار وہ سوشل میڈیا میں پوسٹنگ کی صورت میں کرتا
رہتا ہے کچھ لوگ اس سے پاکستان آرمی کے متعلق عجیب عجیب سوالات کرتے رہتے
ہیں کہ وہ پاک آرمی کو اتنا زیادہ کیوں سپورٹ کرتا ہے؟؟؟گاہے بگاہے وہ مجھ
سے رہنمائی بھی لیتا رہتا ہے اور خود بھی افواج پاکستان کے حق میں دلائل دے
کر ان لوگوں کو چپ کروا دیتا ہے اپنی ملک کے ساتھ اس کی محبت اور پاک افواج
کے ساتھ دلی لگاﺅ کی وجہ سے مجھے بھی اس طالبعلم کی حب الوطنی پر رشک آتا
ہے۔
ہماری افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں کیا جاتا ہے بلکہ میں تو یوں
کہوں گا کہ افواج پاکستان سب سے پہلے نمبر پر ہیں دفاعی لحاظ سے بھی اور
ایکشن کے رُو سے بھی۔کیونکہ افواج پاکستان کا اک اک سپاہی جذبہ شہادت سے
لبریز اور سینے پہ گولی کھانے کو فخر سمجھتا ہے ،اپنے وطن کی حفاظت کے لئے
میرا اک اک سپاہی سر بکفن ہے اور ملک کی خاطر جان قربان کر دینے کو اعزاز
سمجھتا ہے۔
پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے جب پاکستان نے مئی 1998ءمیں ایٹمی دھماکہ کیا تھا
تو اس وقت جہاں مسلم دنیا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی وہیں پرکفار کی صفوں
میں کھلبلی مچ گئی تھی اور وہ سر جوڑ کر تدبیر کرنے لگے کہ کسی طرح پاکستان
کو تنہا کر کے اسے ایٹمی طاقت سے محروم کر دیا جائے، انہوں نے چالیں چلنا
شروع کیں لیکن ان کے مقابلے میں ہماری پاک افواج تھی جو دفاعی لحاظ سے دنیا
کی بہترین فوج ہے اپنے ملک کا دفاع کرنا اور اس طرف میلی آنکھ سے دیکھنے
والوں کو کچلنا خوب جانتی ہے دشمن مکرو فریب سے تدبیریں کرتے اور انہی کی
چالیں ہمارے دفاعی ادارے ان کے اوپر پلٹ دیتے ،لیکن دشمن ابھی تک باز نہیں
آیا وہ روز نت نئی تدبیریں کرتا ہے لیکن اسے منہ کی کھانا پڑتی ہے کیونکہ
یہاں ہر بندہ جذبہءایمانی سے لبریز ہے ۔
جب بھی میرے ملک پر دشمن نے چوروں کی طرح چھپ کر وار کیا تو بہادر فوج کے
دلیر سپاہیوں نے یہ کہتے ہوئے دشمن کے وار کو سینے پہ روکا کہ
خونِ دل دے کے نکھاریں گے رخ برگ گلاب
ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے
جہاں تک فوج میں چیک اینڈ بیلنس کی بات ہے تو میری نظر میں پاک آرمی ہی وہ
واحد ادارہ ہے جو سب سے زیادہ منظم ہے اور ان کے بجٹ میں کرپشن کا سوال ہی
پیدانہیں ہوتا شایدکچھ سیکرٹ پروجیکٹس کی وجہ سے وہ اپنا بجٹ عوام کے سامنے
نہیں لا سکتے ،یہاں میں افواج َپاکستان کے ذمہ داران سے یہی گذارش کروں گا
کہ میرے وطن کے سپاہی پاکستان کے سادہ لوح عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور
عوام کو ان پر اعتماد ہے ان کا یہ اعتماد اور بھرم قائم رکھتے ہوئے سرحدوں
کی حفاظت پر رہنا ہے اقتدار کے ایوانوں میں نہیں آنا ہے ۔
آج کچھ ملک دشمن عناصر پاک فوج کے خلاف عوام کے دلوں میں شکوک و شبہات
پھیلانے میں مصروف ہیں ان کا یہ پروپیگنڈہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا اور ہر
سُو آواز آئے گی ۔
پاک فوج کو سلام۔۔پاک فوج زندہ باد
اپنی جاں نظر کروں ،اپنی وفا پیش کروں
قوم کے مرد مجاہد تجھے کیا پیش کروں
تو نے دشمن کو جلا ڈالا ہے شعلہ بن کے
ابھرا ہر گام پہ فتح کا نعرہ بن کے
اس شجاعت کا کیا میں تجھے صلہ پیش کروں
اپنی جاں نذر کروں ،اپنی وفا پیش کروں |