قانون نافذ کرنے والے اداروں اور میڈیا کو شاباش

عاشورہ کے موقع پراپنی جان ہتھیلی پر رکھ کرسیکورٹی کو یقینی بنانے پر تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے خفیہ ایجنسیاں ،فوج، رینجرز ، ایف سی اورپولیس کو پوری قوم شاباش پیش کرتی ہے۔ گو کہ 7محرم الحرام کو راولپنڈی، پشاور اور کراچی میں دہشت گرد اپنے عزائم کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہوئے جن میں کئی معصوم شہری جاں بحق ہوئے مگر بعدازاں سوائے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے ریموٹ کنٹرول دھماکوں کے ملک بھر میں کوئی اور ناخوشگوار واقع پیش نہ آیا اورمجموعی طور پر تمام جلوس پر امن طورپر اختتام پذیر ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار چاق چوبند اور تمام خطرات کو بالائے طاق رکھ کر اپنے فرائض کو بخوبی انجام دیتے نظر آئے۔ ان کی اس توجہ اور فرض سے لگن کی بدولت دہشت گردوں کے بہت سے عزائم ناکام ہوئے۔ کراچی میں بارود سے بھری گاڑی ، اسلحہ اور خود کش جیکٹوں کا سراغ لگا کر دہشت گردوں کو قابو کرلیا گیا ۔ اس طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کی بدولت کراچی میں ایک بہت بڑا سانحہ رونما نہ ہوسکا۔ دہشت گردوں سے پکڑا جانے والے اسلحہ اور گولہ بارودبقول وزیر داخلہ رحمان ملک ایک کلومیٹر تباہی پھیلا سکتا تھا جس سے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن سکتے تھے۔

عاشورہ میں امن وامان یقینی بنانے پراعلیٰ افسر سے لے کر سپاہی تک تمام افراد خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ کراچی میں رینجرز نے پولیس کے شانہ بشانہ اپنے فرائض کو بخوبی نبھایا اور سینکڑوں جلوس اپنے جلوہ میں منزل تک پہنچائے۔فوج ہائی الرٹ رہی۔ بم ڈسپوزل سٹاف، ون ون ٹوٹو اور نجی و سرکاری امدادی تنظیمیں، ہسپتال اپنے اپنے فرائض پر مامور رہے۔ ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس کے تعطل سے شاید کچھ لوگوں کو پریشانی ہوئی ہومگر اس کے مجموعی اثرات انتہائی مثبت اور حوصلہ افزاءرہے کیونکہ یہ دونوں ذرائع دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو یہ تھوڑی سی زحمت مجموعی امن عامہ کے لئے انتہائی دورس ثابت ہوئی۔ یہاں میڈیا اور علماءکا کردار بھی انتہائی اہم رہا۔ میڈیا نے جو بھی پروگرام مرتب کئے ان میں تمام مکتبہ فکر کے جید علماءنے مسلمانوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی اور کسی بھی اشتعال انگیزی سے اجتناب کیا۔ غرض یہ کہ ہر شعبہ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ایک ملک اور قوم کے شہری ہونے کا ثبوت دیا۔ ہماری سلامتی اور کامیابی کا راز اسی یکجہتی میں پوشیدہ ہے۔ دہشت گردہمیں فرقوں میں تقسیم کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرتے ہیں۔ مگر ان کے خود کش حملے، گولیاں اور گرینیڈ یہ ہرگز نہیں دیکھتے کہ انہوں نے کس فرقے کو نشانہ بنایا ہے۔ ان دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے شیعہ بھی تھے سنی بھی۔ مسلمان بھی تھے اور غیر مسلم بھی، امیر بھی تھے اور غریب بھی۔ عام شہری بھی تھے اور اعلیٰ عہدیدار بھی۔ فیکٹری مالک بھی تھے اور مزدور بھی۔ معصوم بچے بھی تھے اور ضعیف افراد بھی۔ دہشت گردوں کی نظر صرف اعدادوشمار پر ہوتی ہے۔ وہ مرنے والوں اور زخمیوں کے اعدادوشمار سے اپنی کامیابی اور ناکامی کا اندازہ لگاتے ہیں۔

اگر کوئی دہشت گرد راولپنڈی، پشاور، کراچی اور ڈیرہ اسماعیل میں ہونے والے دھماکوں کے اعدادوشمار کا اندازہ لگانے کی کوشش کررہا ہوتو اس کو آگاہ کروں کہ ان دھماکوں میں زیادہ تر معصوم بچے شہید ہوئے۔ ڈھوک سیداں راولپنڈی میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں کئی محنت کش بچے بھی شامل تھے۔ ان میں وہ تین بھائی بھی شامل ہیں جو قریب ہی ایک دوکان پر ویلڈنگ کا کام سیکھ رہے تھے۔ یہ سفاک دہشت گرد ایسی گھناﺅنی وارداتوں کی انجام دہی میں جن عناصر کی مدد کررہے ہیں وہ یقینا مسلمان ہیں نہ ان کا پاکستان سے کوئی رشتہ ہے بلکہ انسانیت سے بھی ان کا کوئی ناطہ نہیں ہے۔ وہ توپاکستان بلکہ انسانیت کو بدامنی اور سفاکی کے سمندر میں غرق کرنے کے متمنی ہیں۔ لہٰذا ان سے ہمدردی رکھنے والے افراد اور عناصرکا بھی یقینا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ ایسے سفاک عناصر کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ہمارا انفرادی اوراجتماعی رویہ صبر، برداشت اور رواداری پر مبنی ہونا چاہئے۔ ہم محبت، اخوت اور ملی یکجہتی کے جذبات کا پرچار کرکے اپنے ملک کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرسکتے ہیں کیونکہ اب ہم مزید بدامنی اور قتل وغارت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ محبت و آشتی اور برداشت کے فروغ میں ہمارا میڈیا بنیادی کردار ادا کرسکتا ہے۔ جس طرح اس محرم الحرام کے دوران انہوں نے اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا، آئندہ بھی ملکی سلامتی اور معاملات میں اس کے ایسے ہی طرز عمل کی ضرورت ہے۔
Ibn-e-Shamsi
About the Author: Ibn-e-Shamsi Read More Articles by Ibn-e-Shamsi: 55 Articles with 38846 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.