شاہین اختر
یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان رینجرز (پنجاب) نے پاکستان مونومنٹ پر دنیا
کی منفرد اور مشکل پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا موسم بہار میں کی جانے والی
پاکستان رینجرز پنجاب کی اس پریڈ میں پاکستانیت کا رنگ چھایا رہا اور قومی
یکجہتی کے خوش کن مناظر دیکھنے کو ملے جبکہ فضاءپاکستان زندہ باد، پاک فوج
زندہ باد اور پنجاب رینجرز زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اس موقع پر
پاکستان رینجرز پنجاب کے سیکٹر کمانڈر پنجاب رینجرز بریگیڈیئر خالد جدون
مہمان خصوصی تھے جبکہ پریڈ کمانڈر انسپکٹر ناصر تھے۔ پریڈ دیکھنے کے لئے
سول و فوجی اداروں کے حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی تھی ۔
عوام پنجاب رینجرز کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے اور بچے پاکستانی جھنڈے
لہراتے رہے۔ یاد رہے کہ پاکستان رینجرز (پنجاب) ڈرل دنیا کی انتہائی مشکل
اور منفرد پریڈ ہے جس میں ورلڈ آف کمانڈ نہیں ہے یعنی اس پریڈ میں لیفٹ
رائٹ اور کسی قسم کی زبانی ہدایات نہیں ہوتیں بلکہ ڈرل کا خود ہی آغاز ہوتا
ہے اور پھر انتہائی مشکل اور شاندار مظاہرے کے بعد اختتام پذیر ہو جاتی ہے۔
دنیا بھر میں ایسی پریڈز میں فوجی یونٹس اور سویلین ٹیمیں حصہ لیتی ہیں
لیکن پاکستان میں پنجاب رینجرز کو یہ اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان رینجرز (پنجاب)
طویل عرصے سے واہگہ بارڈر، گنڈا سنگھ والہ اور سلیمانکی میں شاندار ڈرل
پریڈ کا مظاہرہ کررہی ہے جس کو دیکھنے کے لئے ہزاروں افراد روزانہ آتے ہیں۔
واہگہ بارڈر پر بابِ آزادی کے قریب ہم بھی موجود تھے فضاء”پاکستان کا مطلب
کیا لا الہ اللہ“ کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی تھی۔ خواتین اور مردوں کے
لئے الگ الگ نشستیں موجود بھی تھیں اور وہاں تِل دھرنے کی جگہ بھی نہیں تھی۔
خونِ شہیداں سے کھینچی ہوئی لکیر کے اِس پار آزادی کی قدر و قیمت کو پورے
جوش و جذبے سے پاکستان اور نظریہ پاکستان کے حوالے سے نعرہ زن ہو کر زندگی
کی سب سے بڑی خوشی سمیٹ رہی تھی۔ سچ تو یہ ہے کہ پاکستان رینجرزپنجاب کی
طرف سے پرچم اتارنے کی تقریب کا جس انداز میں اہتمام اور اس موقع پر
پاکستانی عوام کا جوش و جذبہ، قومی نغموں کی گونج میں ایک ایسا سماع باندھ
دیتا ہے جو دنیا کی تاریخ میں شاید کسی اور سرحد پر دیکھنے کو نہیں ملتا۔
پاکستانی سرحد کے ساتھ بھارت نے خاردار تار لگا رکھی ہیں تاہم پاکستان
رینجرز نے بڑے پیمانے پر شجر کاری کررکھی ہے جو کہ بطور وائس چیئرپرسن
انوائرمنٹل واچ ٹرسٹ میرے لئے قابل ذکر اور قابل تقلید بھی ہے۔ واہگہ بارڈر
کے دورے کے بعد ہم نے بی آر بی پر حاضری بھی دی جو کہ انشاءاللہ بہتی رہے
گی جہاں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر نے دشمن بھارت کے عزائم خاک
میں ملا دیئے تھے۔
پاکستان اور بھارت کے مابین انتہائی کشیدگی کے ماحول میں بھی پنجاب رینجرز
کی یہ پریڈ تناﺅ کو کم کرنے کا باعث بنتی ہے۔ اس پریڈ میں انفرادی اور
اجتماعی سطح پر حب الوطنی، مہارت اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔
پاکستان رینجرز (پنجاب) اب تک پاکستان میں ہونے والے مختلف مواقع اور مختلف
اداروں میں ڈرل کا مظاہرہ کرچکی ہے۔ ان میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول،
آرمی رجمنٹل سنٹر، سوات میلہ میں پاکستان رینجرز (پنجاب) شاندار ڈرل پریڈ
کا مظاہرہ کرچکی ہے۔ اس قسم کی شاندار ڈرل پریڈ کا مظاہرہ پنجاب رینجرز کے
ماتھے کا جھومر ہے۔ پنجاب رینجرز پاکستان کی مشرقی سرحدوں کی محافظ بھی ہے۔
پنجاب رینجرز کا ڈرل سکواڈ 30 افراد پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں 303 کی
رائفلز استعمال کی جاتی ہیں اور گولڈ پلیٹنگ کی جاتی ہے تاکہ اس کی
خوبصورتی میں اضافہ ہو اور جاب نظر آئے ۔ ڈرل 924 قدموں اور 160 حرکات پر
مشتمل ہوتی ہے جس میں کسی قسم کی کوئی ہدایات نہیں دی جاتیں بلکہ خود کار
انداز میں شروع ہو کر خود ہی اختتام پذیر بھی ہوتی ہے۔ اس کے باوجود مہارت
کا اتنا شاندار مظاہرہ ہوتا ہے کہ کسی قسم کی ڈرل پریڈ میں کوئی خامی نہیں
پائی جاتی۔ |