ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام

زندہ قومیں اپنے محسنوں اور اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتی ہیں اور ان کو ہمیشہ اپنے دلوں میں جگہ دیتی ہیں کوئی فرد چاہے کتنا ہی کسی ہیرو کی کردارکشی کرے لیکن وہ ہمیشہ لوگوں کی نظر میں ہیرو ہی رہتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی قوم کے ایک ایسے ہی محسن اور ہیرو ہیں جنہوں نے انتھک محنت اور لگن سے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کے نام کردی اور اپنا ایک شاندار مستقبل اور پر آسائش زندگی کو ملک و قوم کے لیے قربان کردیا اگرچہ مغربی میڈیا نے ہمیشہ ان کی کردار کشی کی اور سابقہ حکمرانوں نے بھی اس میں حسب مقدور اپنا حصہ ملایا لیکن آج بھی عوام کی نظروں میں ایک ہیرو ہی ہیں اور قوم روز اول کی طرح آج بھی ان سے اتنی ہی محبت کرتی ہے۔

کراچی سٹی گورنمنٹ نے اس حوالے سے ایک قابل تحسین کارنامہ سر انجام دیا ہے جس کو سراہا نہ جانا انتہائی زیادتی ہوگی سٹی گورنمنٹ نے لیاقت آباد ٹاؤن میں ایک آئی اون کراچی پارک کی ریکارڈ چالیس دن کی مدت میں تکمیل کرکے جو کارنامہ انجام دیا تھا اسی آئی اون کراچی پارک کے ایک دروازے کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام سے موسوم کر کے اس سے بھی شاندار کام کیا ہے اور انہوں نے اس دروازے کا نام “ بابِ ڈاکٹر عبدالقدیر خان“ رکھا ہے۔ یہ واقعی ایسا کارنامہ ہے کہ جس کی تعریف کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان اس قوم کے اتنے بڑے محسن ہیں کہ ان کی خدمات کے عوض بڑے سے بڑا اعزاز بھی ان کے لیے کم ہے لیکن یہ بھی کچھ کم نہیں ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کے مرکزی ضلع کے ایک بڑے پارک کو محسن پاکستان کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ میں ہماری ویب ڈاٹ کام کے اس فورم کے ذریعے حق پرست سٹی ناظم مصطفیٰ کمال،ٹاؤن ناطم لیاقت آباد ٹاؤن حافظ اسامہ قادری اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ نظریاتی اختلافات اپنی جگہ ہیں لیکن یہ ایک ایسا کام ہے کہ جس کو بغیر کسی تعصب کے سراہا جانا چاہئے اور دیگر ضلعی اور سٹی ناظمین کو بھی اس کی تقلید کرنی چایئے۔ اللہ ہمارے ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان صاحب کو صحت و تندرستی عطا فرمائے۔آمین
Saleem Ullah Shaikh
About the Author: Saleem Ullah Shaikh Read More Articles by Saleem Ullah Shaikh: 535 Articles with 1520365 views سادہ انسان ، سادہ سوچ، سادہ مشن
رب کی دھرتی پر رب کا نظام
.. View More