کالم ایسے لکھیں

آج میڈیا ورکشاپ میں وقفے کے دوران ایک نوجوان ”عبدالنافع“ جس کا تعلق ملتان سے ہے اور اس نے جرنلزم میں گریجویشن کی ہوئی ہے، نے مجھ سے کہا کہ بھائی آپ کی مہربانی ہوگی مجھے کالم لکھنا سکھا دیں، کیونکہ آج محمدی صاحب نے کہا ہے جو لڑکے کالم نہیں لکھ رہے وہ جیسے کورے کے کورے آئے تھے ایسے ہی جائیں گے، ایک ہفتہ گزرچکا ہے میں نے ابھی تک کالم نہیں لکھا، آپ مجھے کالم لکھنا سکھا دیں۔ میں نے کہا سکھاتا ہوں، پھر میں خاموش ہوگیا دو تین منٹ کے بعد جب اس کی توجہ اِدھر اُدھر ہو گئی تو میں نے کہا: بھائی آج صبح کلاس کس وقت شروع ہوئی تھی ۔۔؟ اس نے کہا ....تقریباً پونے آٹھ بجے۔ میں نے کہا کس نے پڑھایا تھا ۔۔؟ اس نے کہا مولانا عبدالقدوس محمدی صاحب آئے تھے ان کے ساتھ ایک مہمان تھے مولانا یونس سالم صاحب۔ میں نے کہا انہوں نے کیا کہا۔۔؟ عبدالنافع کہنے لگا پہلے تو محمدی صاحب نے ان کا تعارف کروایا کہ: مولانا یونس سالم صاحب بہت زبردست لکھاری ہیں، پہلے روزنامہ اسلام میں لکھتے تھے آج کل روزنامہ امت کے ساتھ وابستہ ہیں ان کے کالموں میں بہت مٹھاس ہوتی ہے۔ میں نے پوچھا پھر مولانا یونس سالم صاحب نے کیا پڑھایا ۔۔؟ عبدالنافع کہنے لگا کہ: پہلے تو انہوں نے سب سے مختصر تعارف لیا اور پھر ہم سب سے پوچھا کہ آپ میں سے صحافی کون کون بننا چاہتا ہے؟ سب نے ہاتھ کھڑے کردیے، پھر پوچھا کہ مدرس کون کون بننا چاہتا ہے؟ سب نے ہاتھ کھڑے کردیے، پھر پوچھا خطیب کون کون بننا چاہتا ہے؟ تو پھر سب نے ہاتھ کھڑے کردیے۔ اسی پر انہوں نے بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہر آدمی صحافی بھی بن جائے اور خطیب بھی بن جائے اور مدرس بھی بن جائے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو کسی ایک کام کے لئے دنیا میں بھیجا ہے، اب یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھوج لگا کر بچے کو پہچاننے کی کوشش کریں کہ یہ کس کام کے لئے ہے؟ اگر والدین نہ پہچان سکیں تو پھر استاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچے کو پہچاننے کی کوشش کرے، اور اگر استاد بھی نہ بتائے اور بچہ جوان ہو جائے تو پھر اس کی اپنی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آپ کو پہچاننے کی کوشش کرے کہ میں کون ہوں اور کیا کرسکتا ہوں،جب یہ معلوم ہو جائے تو پھر اس بچے کو اسی کام میں لگا دیا جائے تو وہ بڑا نام پیدا کرے گا۔

عبدالنافع کہنے لگا کہ مولانا نے مزید فرمایا کہ دارالعلوم کراچی میں مفتی سبحان محمود رحمہ اللہ ہوا کرتے تھے، جن کے دوبیٹے تھے، انہوں نے دونوں کو دارالعلوم میں داخل کیا لیکن ایک تو بہت محنت سے پڑھتا تھاجبکہ دوسرا باربار بھاگ جاتا تھا ، ایک دن مفتی صاحب نے اس بیٹے کو مفتی شفیع رحمہ اللہ کی خدمت میں حاضر کرکے درخواست کی حضرت یہ لڑکا باربار بھاگ جاتاہے پڑھتا نہیں، تو مفتی شفیع رحمہ اللہ نے فرمایا اس سے پوچھو یہ کیا کرنا چاہتا ہے ؟ جب اس بچے سے پوچھا تووہ کہنے لگا میں نے درزی کاکام سیکھنا ہے، مفتی شفیع رحمہ اللہ نے فرمایا اسے سکھا دو۔ مفتی سبحان محمود رحمہ اللہ نے حیرانگی سے کہا حضرت میں عالم ہوں اور میرا بچہ درزی بنے؟۔

بہرحال اسے درزی کاکام سکھایا گیا اور وہ بچہ اس وقت پاکستان میں ہوزری کی ٹاپ 5 فیکٹریوں میں سے ایک کا مالک ہے اور ہر سال ایوارڈ حاصل کرتا ہے۔

میں نے عبدالنافع سے کہا مولانا یونس سالم صاحب کے لیکچر کے بعد پھر کیا ہوا۔۔؟ عبدالنافع کہنے لگا پھر وقفہ ہوگیا، میں نے کہا وقفے میں آپ کہاں گئے۔۔؟ عبدالنافع کہنے لگا میں کھانے پینے کا بہت شوقین ہوں اس لئے مارکیٹ چلا گیا۔ میںنے پھر پوچھا تم نے مارکیٹ میں کیا کھایا۔۔؟ عبدالنافع بہت ہی حیرانگی سے میری طرف دیکھنے لگا اور کہا کہ : کیا بات ہے ؟ آپ مجھے سے کیا انوسٹی گیشن کررہے ہو؟ اور ایک ایک بات پوچھ رہے ہو؟

تب میں نے عبدالنافع سے کہا یہی آپ کا کالم ہے، وہ اور زیادہ حیران ہوا اور کہنے لگا کیا مطلب؟ میں نے کہا یہ جو ساری سٹوری آپ نے مجھے اپنی زبان سے سنائی ہے اسے اپنے قلم سے لکھ دو بس کالم تیار ہے۔ اس نے فوراً اسی وقت رجسٹر کھولا اور لکھنا شروع کردیا۔

دراصل کالم کا آغاز رپورٹنگ سے ہوتا ہے، جو جتنا اچھا رپوٹر ہوگا اتنا ہی اچھا کالم نویس بن جائے گا۔ بہت سارے ساتھی پریشان ہو جاتے ہیں کیا لکھیں اور کیسے لکھیں؟ میں ان سے کہا کرتا ہوں لکھنے کے لئے بہت کچھ ہے صرف تھوڑا سا دیہان کرنے کی ضرورت ہے، صبح سے شام تک جوکچھ ہوتا ہے آپ اس کو لکھ لیا کریں، صرف ایک مہینہ پابندی کے ساتھ لکھیں اور پھر ایک مہینے بعد اپنے سب سے پہلے والے کالم کو دیکھیں آپ کو ایسا لگے گا کہ وہ کالم آپ نے نہیں بلکہ کسی بچے نے لکھا تھا، یعنی مہینے بعد آپ کا لکھنے کا انداز اتنا بہتر ہو چکا ہوگا کہ پہلا کالم عجیب سا لگے گا۔

بطور مثال کے آپ میرا یہ کالم ہی دیکھ لیں کہ کیسے میں نے اس کا پیٹ بھر دیا۔۔؟
 

Syed Abdulwahab Sherazi
About the Author: Syed Abdulwahab Sherazi Read More Articles by Syed Abdulwahab Sherazi: 78 Articles with 74085 views Writer, Speaker, Mudarris.
www.nukta313.blogspot.com
.. View More