انسان کی تخلیق کے ساتھ ہی خیروشر کی جنگ نے سر اُٹھا لیا
جو آج تک جاری ہے ۔صحافت ہمیشہ سے خیر کی نمائندگی کرتی آرہی ہے ۔سچ کے
حصول اور اشاعت کیلئے ہرقسم کے دباؤ کو خاطر میں کسی نہیں لایا جاتا۔شر نے
ہمیشہ دنیا میں جہالت پھیلایس اور صحافت نے ہمیشہ علم کی روشنی سے معاشرے
کو روشن کیا اور معاشرتی بُرائیوں کوختم کرنے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔صحافت
کی اسی کوشش کو اہل شعور قلمی جہاد کا نام دیتے ہیں ۔خیر کا پیغام عوام تک
پہچانے کیلئے ہمیں آپﷺ کی حیات مبارکہ سے ہمیشہ مدد ملتی ہے ۔خیرکاجو پیغام
آپﷺ نے دنیا کو دیا اُس کی مثال نہیں ملتی ۔ضرورت اس امر کی کہ ہم قرآن
کریم ،احدیث نبیﷺاورآپﷺ کی حیات مبارکہ سے فائدہ حاصل کریں ۔رسول ا ﷲ ﷺنے
خطبۃ الوداع دیتے ہوئے فرمایا‘‘ لوگومیں جوکہوں سن لو،گو مجھے معلوم نہیں
لیکن ممکن ہے کہ اس حج کے بعد پھر میں تم سے یہاں نہ مل سکوں۔لوگو جس طرح
یہ دن ،یہ مہینہ اور یہ مقام محترم ہے ہے اسی طرح جب تک تم زندہ ہوتمہاری
جانیں،تمہاری عزتیں اور تمہارے مال بھی باہم ایک دوسرے پرحرام ہیں۔عنقریب
تم اپنے پروردگار کے سامنے پیش کئے جاؤ گے اور وہ تمہارے اعمال کی بابت
بازپرس کرے گا،خبردار میرے بعد گمراہ نہ ہوجاناکہ ایک دوسرے کی گردنیں
کاٹنے لگو،جاہلیت کی ہربات میں اپنے پاؤں پامال کرتا ہوں۔آپﷺ نے فرمایا کہ
کسی عربی کو عجمی پرعجمی کو عربی پر ،گورے کو کالے پراور کسی کالے کو گورے
پر کوئی فوقیت نہیں،بڑائی کا معیار نیکی اور خوف خُدا ہے تم سب اُولاد آدم
ؐاور آدم علیہ السلام مٹی سے بنے تھے ،سب مسلمان آپس میں بھائی ،بھائی
ہیں،لوگو میں نے تم میں دوچیزیں چھوڑی ہیں ،جب تک انہیں تھامے رہوگے،ہرگز
گمراہ نہیں ہوگے،وہ چیزیں کتاب اﷲ اور اس کے رسولﷺ کی سُنت ہے’’قارئین
محترم فرمان رسول اﷲ ﷺ کے مطابق ہمیں اپنی زندگی اور معاشرے کو گمراہی سے
بچانے کیلئے جن دو چیزوں کو تھامے رکھنا تھا بدقسمتی سے ہم نے اُن سے دوری
اختیار کرلی ہے۔یہاں تھامے رکھنے کامطلب ہرگز یہ نہیں تھا کہ پکڑے رکھنا
بلکہ کتاب اﷲ اور سُنت رسول اﷲ ﷺ کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے حلال کو
حلال اور حرام کو حرام سمجھ کر حرام سے ٹھیک اُسی طرح کنارا کرنے کا حکم ہے
جس طرح فرمادیا گیا۔سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں نبی کریم ﷺ کے اس
فرمان کے بعد یہ بات واضع ہوگئی ہے کہ ہمیں نہ صرف ایک دوسرے کی غلطی کو
معاف کرنا ہے بلکہ ایک دوسرے کا خیال بھی رکھنا ہے ۔اگر آپﷺ کی حیات مبارکہ
کو دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ آپﷺ نے کبھی کسی دشمن کو بھی بددُعا نہ دے
کر ہمارے لئے ایسی مثال قائم کی جسے ہم پوری کوشش کے بعد بھی فراموش نہیں
کرسکتے ۔فرمان رسول اﷲ ﷺ ہے کہ’’اے اﷲ میری قوم کو ہدایت دے ،کیونکہ وہ
نہیں جانتے ‘‘رئیس المنافقین عبداﷲ بن ابی اسلام کا بدترین دشمن تھا،جب وہ
فوت ہوا تو رسول اﷲ ﷺ نے اُس کے حق میں دعا ئے مغفرت کی اوراپنی قمیض مبارک
عنایت فرمائی ۔اُس کی سرکشی اور منافقت کے سبب اسے فائدہ نہ ہوالیکن اُس کے
قبیلے کے سینکڑوں افراد نے آپﷺ کی رحم دلی کی وجہ سے اسلام قبول کرلیا۔جیسا
کہ اﷲ تعالیٰ نے قرآن کریم میں کئی جگہ ارشاد فرمایا ہے کہ اﷲ تعالیٰ کے
آخری اور محبوب نبی حضرت محمدﷺ کی اُمت سے پہلے نبیوں کی امتوں کو اُن کی
نافرمانی اور سرکشی کے سبب مختلف عذابوں میں مبتلا کیا گیا۔کسی قوم کی صورت
مسخ کردی گئی ،کسی کی بستی کواُلٹ دیا گیا،کسی پرپتھروں کی بارش کی گئی
اورحضرت نوح علیہ السلام کی قوم تو اپنی مسلسل نافرمانیوں اور حد سے تجاوز
کرنے کی وجہ سے پانی کے عظیم طوفان(عذاب)کی نذر ہوکر صفحہ ہستی سے مٹ گئی
لیکن میں قربان جاؤں اپنے نبی کریم حضرت محمدﷺ کی شان پرجن کی برکت سے کفار
مکہ جو انتہائی سرکش اور نافرمان تھے پھر بھی عذاب عظیم سے محفوظ رہے ۔قرآن
مجید میں اﷲ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ’’اور اﷲ ہرگزاُن پر عذاب نازل نہیں
کرے گاجب تک کہ آپﷺ ان میں موجود ہیں‘‘بددعا ایسا ہتھیار ہے جس کی کوئی
قیمت نہیں یعنی بد دعا دینے میں ہر انسان خود کفیل ہے ۔ہم اپنے ارد گرد کا
جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ غصے کی حالت میں ہر انسان کے پاس ایک ہتھیار
ہر وقت موجود ہوتا ہے اور وہ ہے بددُعا۔دور حاضر میں اس ہتھیار کا زیادہ تر
استعمال کمزور یعنی غریب لوگ کرتے ہیں لیکن امیر اور طاقت ور بھی دل کھول
کر اس ہتھیار کااستعمال کرتے ہیں ۔حضور اکرمﷺ سے پہلے بہت سے انبیاء نے
اپنی قوموں کی نافرمانیوں سے تنگ آکر اسی ہتھیار کا استعمال کرتے ہوئے اﷲ
تعالیٰ سے اپنی قوموں کے حق میں بددُعا کی جس کے نتیجے میں اﷲ تعالیٰ نے
اُن قوموں کو عظیم عذابوں کی نظر کردیا۔دشمن کے حق میں بددُعا کرنا انسان
کی فطرت میں شامل ہے لیکن میں ایک بار پھر قربان جاؤں اپنے نبی کریمﷺ کی
نرم دلی پر ۔ہجرت سے قبل مکہ میں مسلمانوں پر اور خود رسول اﷲﷺ پر کفار نے
جو مظالم ڈھائے تھے اُن کا ذکر سن کر آج بھی انسان کی روح کانپ جاتی ہے۔اسی
زمانہ میں ایک صحابی نے عرض کی کہ یارسول ﷺ دشمنوں کے حق میں بددُعا
فرمائیے۔یہ بات سن کر آپﷺ کا چہرہ مبار ک سرخ ہوگیا ۔ایک مرتبہ ایک سے
زیادہ صحابہ نے اسی قسم کی بات کہی توآپﷺ نے فرمایا ’’میں دنیا کیلئے لعنت
نہیں بلکہ رحمت بنا کربھیجا گیا ہوں ۔جنگ احد میں دشمنوں نے آپ ﷺ پر پتھر
پھینکے ،تلواریں چلائیں،تیربرسائے ،دندان مبارک شہید ہوئے،جبین ِ اقدس کو
خون سے رنگ دیاگیالیکن پھر بھی حضور اکرم ﷺنے دشمنوں کے حق میں بددُعا نہیں
کی بلکہ یہ دُعا فرمائی’’ اے اﷲ میری قوم کو ہدایت دے ،کیونکہ وہ نہیں
جانتے‘‘ قارئین محترم ہمیں بھی سُنت نبویﷺ کواپناتے ہوئے درگزاور تحمل سے
کام لینے کی ضرورت ہے ۔دشمن ہمیں آپس میں اُلجھا کر ہماری صفوں کا اتحاد
برباد کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں آپس میں اتحاد قائم رکھ کر تمام دشمنوں کا
ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے تاکہ ملک میں امن وامان قائم ہوپائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب
میاں محمد شہباز شریف کی اپیل پڑھ کر خوشی ہوئی جس میں انہوں نے قوم سے کہا
ہے کہ راولپنڈی میں ہونے والے واقعہ پرہر پاکستانی دکھی اور غمزدہ ہے ۔اس
واقعے میں ملوث افراد پاکستان اور اسلام دونوں کے دشمن ہیں۔پاکستان کے عوام
نے قومی تاریخ کے ہر مرحلے پر فرقہ وارانہ سوچ سے بلند ہوکر ملک وقوم کے
استحکام اور سربلندی کیلئے اپناکردار اداکیاہے۔میں عوام سے اپیل کرتا ہوں
کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور رواداری کی فضا برقرار رکھتے ہوئے باہمی
پیار اور محبت میں کمی مت آنے دیں ۔میری علمائے کرام سے بھی اپیل ہے کہ وہ
عوام کے درمیان اتحاد اور اُخوت کے جذبات کو فروغ دیں مجھے اُمید ہے کہ اس
موقع پراپنے اپنے حلقہ اثر میں صورتحال کو معمول پرلانے اور امن لانے اور
امن عامہ کی فضا کومستحکم کرنے کے لئے اپنی قومی اور دینی ذمہ داریاں پوری
کریں گے۔راقم وزیر اعلیٰ پنجاب کی اپیل کو راولپنڈی سے نکال کر پورے وطن
بلکہ پوری دنیامیں پھیلانے کا حامی ہے تاکہ چھوٹے چھوٹے احتجاج ،دھرنے اور
مارچ کی بجائے پوری قوم کومل کر ایک فائنل مارچ کیلئے تیار کیا جاسکے ،قوم
سے میری مراد نہ صرف مسلمان بلکہ پوری پاکستانی قوم ہے ۔ہمیں مل کر دنیا کو
پیغام دینا ہوگا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں اپنے جائز مطالبات
کے ساتھ ہم سب مل کر اپنے وطن اور پوری دنیا میں امن قائم کرنے کے خواہش
مند ہیں نہ کہ دہشتگردی کو فروغ دینے کے حامی ہیں ۔علماہ ء اکرم اپنا فرض
کرتے ہوئے ہرقسم کی فرقہ پرستی سے بالاتر ہوکر درس قرآن کریم اوراحدیث نبیﷺ
کے مطابق قوم کی رہنمائی فرمائیں چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ کا مفحوم ہے کہ
‘‘اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور فرقوں میں نہ پڑو’’ اورحکمران بھی
اپنا فرض ادا کریں اور عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنے میں کسی قسم کا
سمجھوتہ نہ کریں ۔اہل قلم خیر کا پیغام کو عوام تک پہنچانے میں علماء اور
حکمرانوں کاساتھ دیں تاکہ دنیا کو اسلام کاروشن پیغام امن دے کر جہالت کے
اندھیروں کو پھر سے انسانی زندگی سے نکالا جاسکے اور چاروں طرف شر کو شکست
دے کر خیر کو عام کرنے میں مدد مل سکے : |