اصل امیر

 تحریر : محمد عمران ظفر ہرن پور

امیری کامفہوم جو آج کل سمجھا جاتاہے وہ تو یہی ہے کہ جس شخص کے پاس دولت بہت زیادہ ہو۔ جس کے پاس گھر عالیشان ہو جو لباس عمدہ قسم کے زیب تن کرتا ہو۔ جس کے گھرمیں کام کرنے کے لئے نوکر موجود ہوں جو بڑی گاڑی کامالک ہو۔جس کے پاس بنک بیلنس ہو۔

اس طرح کے امیرآدمی کی ظاہر سی بات ہے ہمارے معاشرے میں عزت بھی کی جاتی ہے۔بڑی بڑی تقاریب میں ایسے حضرات ہی مہمان خصوصی کے طور پر مدعوبھی کئے جاتے ہیں۔ایسے لوگوں کو بڑے بڑے القابات سے بھی نوازا جاتاہے۔

افسوس آج ہم نے امیری صرف دولت،بڑے گھر،بڑی گاڑی اور زیادہ بنک بیلنس تک محدود کردی ہے۔ اور ایسے لوگ جن کے پاس ان چیزوں کی زیادتی ہوتی ہے۔ان کو امیرقرار دے دیا۔ نہیں پتہ ان لوگوں کا اصل روپ اور چہرہ کیاہے۔ کیایہ دوسرے لوگوں کو انسان سمجھتے بھی ہیں کہ نہیں۔

اس کے برعکس ایک لوگ اخلاص والے بھی ہوتے ہیں اور اخلاق والے بھی تو ہوتے ہیں۔جن کے پاس خلوص کی زیادتی ہوتی ہے۔جن کے پاس سچی محبت، انسانیت سے محبت کی دولت ہوتی ہے۔جن کے پاس دوسروں کے درد کو سمجھنے کی دولت موجود ہوتی ہے۔اپنی خوشیاں قربان کرکے دوسروں کو خوشیاں دینے کے جذبے کی دولت ہوتی ہے۔ایسے لوگوں کو ہم امیر کیوں نہیں سمجھتے۔ایسے لوگ جن کے پاس روپے تو بہت زیادہ نہیں ہوتے۔لیکن مندرجہ بالا دولتیں وافر ہوتیں ہیں۔ان کو مہمان خصوصی کیوں نہیں بنایا جاتا۔

ہمارے مذہب نے تو ایسے شخص کو زیادہ عزت والاقرار دیاہے جو زیادہ متقی ہو۔وہاں تو زیادہ دولت والے کو زیادہ عزت والا نہیں کہاگیا۔پھر ہم نے کیوں ایساسمجھ لیا ہے۔ کیا یہ ہماری دین سے دوری کی نشانی تو نہیں ہے۔

ان تما م باتوں کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ دولت کوئی بری چیز ہے۔دولت سے اگر خدا کی رضا کے لئے دوسروں کی مد د کر دی جائے۔مریضوں کے علاج کے لئے مدد کر دی جائے بھوکوں کو کھانا کھلا دیاجائے تو پھر یہ دولت بھی نعمت ہے۔

آخر میں یہی دعا اور درخواست ہے کہ ہمیں اصل امیر وں کی پہچان ہوجائے اور ان کی قدر کرنے کی توفیق ہوجائے۔ایسا نہ ہو کہ ہم اصل امیروں کو چھوڑ کر نقلی امیروں کے پیچھے بھاگتے رہیں جس کا کچھ حاصل نہ ہو۔۔۔

MUHAMMAD IMRAN ZAFAR
About the Author: MUHAMMAD IMRAN ZAFAR Read More Articles by MUHAMMAD IMRAN ZAFAR: 29 Articles with 34975 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.