اگر شاہد خان آفریدی نہیں تو پھر کون ؟

حال ہی میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے پہلے بھارت اور پھر بنگلہ دیش کے خلاف جس سے طرح سے گرین شرٹس کو فتح دلوائی اس نے نا صرف یہ ثابت کیا کہ ابھی ان کی کرکٹ ختم نہیں ہوئی بلکہ میڈیا پر بیٹھ کر تنقید کرنے والے ناقدین کو بھی خاموش کرا دیا.گزشتہ دنوں ختم ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف ایک اہم میچ میں آفریدی نے وہ کر دکھایا جو 28 سال قبل جاوید میانداد نے شارجہ کے مقام پر بھارت کے خلاف آخری بال پر کیا تھا. بھارت کے خلاف میچ کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان نے اپنی تاریخ کے ون ڈے کرکٹ کے سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کیا اور اس میں بھی سب سے اہم کردار شاہد آفریدی نے 24 بال پر 59 رنز بنا کر ادا کیا اور پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا دیا.

شاہد خان آفریدی نے 4 اکتوبر 1996 کو اپنے دوسرے ہی ون ڈے اور اپنی پہلی اننگ میں ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کرکے شہرت کی بلندیوں کو چھوہ لیا. گو کہ یہ ریکارڈ اب ان کے پاس نہیں ہے مگر وہ بلا شرکت غیرے کم و بیش 16 سال تک اس ریکارڈ کے حامل رہے ہیں، تیز ترین نصف سنچری کی بات کریں تو کئی بار یہ ریکارڈ ان کے ہاتھ سے بچ چکا ہے حالیہ ایشیا کپ میں بھی یہ ریکارڈ ایک گیند کے فرق سے رہ گیا ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری کے مالک سری لنکا کے سنتھ جے سوریا ہیں جنہوں نے17 گیندوں پر یہ ریکارڈ قائم کیا جب کہ آفریدی تین مختلف مواقع پر 18 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کر چکے ہیں. ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 333 چھکے لگانےریکارڈ بھی شاہد خان آفریدی کے پاس ہے ان کے قریب ترین سری لنکا کے سابق اوپنر سنتھ جے سوریا ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں 275 چھکے لگائے ہیں. شاہد آفریدی کے پاس اس کے علاوہ بھی کئی ریکارڈ موجود ہیں جو کہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان ٹیم کو ان کی ضرورت ہے. ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سٹرائیک ریٹ کے حامل کرکٹر کی فہرست میں بھی شاہد آفریدی کا نام سب سے اوپر ہے . ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مرد بحران کا ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز بھی لالا کے پاس ہے اور دنیا کی فہرست میں ان کا نمبر تیسرا ہے.

پاکستان کو پہلی بار بینسن اینڈ ہیجز سیریز جتوانے میں شاہد آفریدی کا بہت اہم کردار تھا اس ٹورنامنٹ میں انہوں نے مین آف تھے سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا. جب گرین شرٹس نے T20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تو اس میں بھی شاہد آفریدی نے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا. گو کہ شاہد آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے دنیا میں شہرت رکھتے ہیں مگر آفریدی خود کو ایک بولنگ آل راؤنڈر کی حثیت سے متعارف کرتے ہیں. اور ون ڈے کرکٹ میں 378 وکٹ اپنے نام کر چکے ہیں. یہ دنیا کے واحد کرکٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے میں پانچ ہزار رنز اور 200 سے زائد وکٹ اپنے نام کر رکھی ہیں. ون ڈے کرکٹ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی ایک ہزار سے زائد رنز اور 50 سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں.

نا مساعد حالات میں آفریدی کو ورلڈ کپ 2011 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی ایک بکھری ہوئی ٹیم کو آفریدی نے متحد کیا اور پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل تک پھنچایا مذکورہ ٹورنامنٹ میں آفریدی کی بولنگ عروج پر تھی انہوں نے ٹورنامنٹ میں 21 وکٹیں حاصل کی.

ون ڈے کرکٹ کے سب سے زیادہ گلیمرس کھلاڑی شاہد خان آفریدی کو اپنے کیریئر میں بہت بار ملک میں اور ملک سے باہر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر انہوں نے ہر بار ثابت کیا کہ وہ ایک میچ ونر ہیں اور پاکستان ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتے ہیں ان کے بغیر پاکستان ٹیم ادھوری لگتی ہے. حالیہ دور میں تو پاکستان میں کوئی بھی کھلاڑی ان کا نعم البدل بنے کے قابل نظر نہیں آتا اگر آفریدی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں تو پھر شاہد آفریدی کی جگہ کون لے گا یہ ایک سوال ہے ارباب اختیار کے لیے اگر آفریدی نہیں تو پھر کون ؟

Irfan Ahmed Rajput
About the Author: Irfan Ahmed Rajput Read More Articles by Irfan Ahmed Rajput: 11 Articles with 8890 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.