فریاد ہے فریاد،رحم عالم پناہ رحم

جہاں پناہ فریادی پہلے بھی کئی مرتبہ زنجیر دربار ہلاکر فریاد سنانے کی کوشش کر چکا ہے لیکن نجانے کیوں میری ہرفریاد بے سود رہی ؟جہاں پناہ! گزشتہ 5 سالہ دور حکومت میں ہمارے پنجاب اسمبلی کے حلقہPP-159 اور قومی اسمبلی کے حلقہ NA-129 دونوں میں پیپلزپارٹی کے اُمیدوار کامیاب ہوئے اور پنجاب میں حکومت مسلم لیگ(ن) کی بن گئی جس کی وجہ سے کسی نے ان حلقوں کے مکینوں کی فریاد نہ سنی۔خادم اعلیٰ کبھی ہمارے گلی آؤ نا، اور وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابی حلقے کا اہم مسئلہ کے عنوان سے اور اس کے علاوہ متعدد بار کچا شہزادہ روڈ کاہنہ نو کی حالت زارکے متعلق فریاد کرچکا ہوں لیکن ہر بار بے اثر رہی میری فریاد ۔تقریبا 2ماہ قبل کچا شہزادہ روڈکی تعمیر نو کیلئے 40لاکھ روپے کے فنڈ جاری ہوئے تو یوں لگا جیسے جہاں پنا ہ نے فریادی کی فریاد سن لی ہو اور اب سالوں پرانا کیچڑ ،کھلے مین ہول، اور کھڈے ختم ہوجائیں گے لیکن ہماری قسمت ایسی کہاں،ٹھیکیدار آیا اور سیوریج کی چلتی ہوئی لائن کے ساتھ ایک نئی پائپ لائن بچھا کر روڈ کو ہموار کئے بغیر رخصت ہوگیا ۔اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت راستے کو ہموار کیا لیکن 40لاکھ کا فنڈ استعمال ہونے کے بعد روڈ کی حالت بجائے بہتر ہونے کے مزید خراب ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بچوں کو سکول لے جانے والی وین کے مالک نے کچاشہزادہ روڈ سے بچوں کو اُس وقت تک سکول پہنچانے سے انکار کردیا ہے جب تک روڈ صاف اور ہموار نہیں ہوجاتا ۔جیسا کہ گزشتہ 30سال سے دیکھ رہا ہوں اس روڈ کی حالت کبھی نہیں سدھری،مطلب یہ کہ اب بچوں کو محلے کے کسی کھوتی سکول میں داخل کروانا پڑے گایا پھر سوچتے ہیں کسی چائے کے ہوٹل یا پنکچر کی دوکان پر کام سیکھنے بھیج دیا جائے تاکہ کھوتی سکول میں پڑھ کر کھوتے بننے کی بجائے چائے یا پنکچر کا کام سیکھ کراپنے پاؤں پر کھڑے ہوجائیں ۔لیکن کیا کریں والدین ہیں دل کرتا ہے بچے پڑھیں لکھیں اور اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کا مستقبل بھی روشن کریں ۔اس لئے آج پھر جہاں پناہ کے دربار میں فریاد پیش کرنے کی جسارت کررہا ہوں جو خوش قسمتی سے وزیراعلیٰ پنجاب بھی ہیں اور ہمارے حلقےPP-159سے ایم پی اے بھی اور اُس سے بھی بڑی خوش قسمتی یہ کہ اُن کے ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کی وجہ سے پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں ۔عالم پناہ جان کی امان پانے کے بعدعرض ہے کہ کچاشہزادہ روڈ کی تعمیرنونہیں ہوسکتی تو کوئی بات نہیں ،سیوریج کا نظام ٹھیک نہیں ہوسکتا کوئی بات نہیں کم ازکم روڈ کو ہموار ضرور کروا دیں اہل علاقہ اُن کے بچے ،اُن کے تمام رشتہ دار اور خاص طورپر راقم عالم پناہ اوراُن کے بیوی بچوں اور تمام خاندان کو دعائیں دیں گے۔ عالم پناہ ہم عوام ہیں ہمارے حقوق بھی اور فرائض بھی ،فرائض تو حکومت ہم سے لائنوں میں لگواکرادا کروا لیتی ہے لیکن عوامی حقوق کانام لینے پر حکومت کو جان کے لالے پڑ جاتے ہیں اس لئے حق سمجھ کرنہیں مانگ رہا بلکہ فریاد کررہا ہوں۔فریاد ہے جہاں پناہ فریاد ہے آپکا دربار سدا یونہی سجارہے میرے بچوں کے سکول جانے کا راستہ ہموار کروادیں کولا خوش رکھے۔اگر فریادی کی پکار سن کر اُس کے مسئلے کا کوئی حل آپ کے پاس نہیں،تو پھرایک اور فریاد سن لیں اگرمیرے بچوں کیلئے آپ کے دربار میں تعلیم و صحت کیلئے کچھ نہیں تو نا سہی اُن کے سکول جانے کا راستہ ٹھیک نہیں کرسکتے تو خراب بھی نہ کیا کریں ۔
Imtiaz Ali Shakir
About the Author: Imtiaz Ali Shakir Read More Articles by Imtiaz Ali Shakir: 630 Articles with 588465 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.