توہم پرستانہ عقیدے ہمارے معاشرے کچھ انداز سے سرایت کر
چکے ہیں کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی ہم کالی بلی کے راستہ کاٹنے یا
دودھ کے گرنے جیسے عوامل کو بدشگونی سے تعبیر کرتے ہیں۔ لیکن ان توہم
پرستانہ عقائد کی جھلک مغربی معاشرے میں بھی دیکھنے کو ملتی جنہیں انتہائی
ترقی یافتہ مانا جاتا ہے-
مغرب میں 13 کے ہندسے کو نحوست کی علامت قرار دیا جاتا ہے۔
آپ کو یہ جان کر شدید حیرت ہوگی کہ تیرہ کے ہندسے کو منحوس قرار دینے والوں
کا عقیدہ اس قدر مستحکم ہے کہ ،مغربی ممالک میں عمارتوں اور ہوٹلوں میں
تیرہ نمبر کا کمرہ یا تیرہویں منزل نہیں ہی ہوتی۔
|
|
معاملہ اس وقت زیادہ بگڑتا ہے جب 13 تاریخ اور فرائیڈے دونوں ایک ہی ساتھ
آجائیں کیونکہ ایسے موقع کو ایک بڑی بدشگونی خیال کیا جاتا ہے۔
مغربی ممالک میں آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی فرائیڈے 13 کو خوف اور
بدقسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اور اس کو ماننے والے افراد اس روز سفر
کرنے یا کوئی نیا کام شروع کرنے سے اجتناب کرتے ہیں۔
آپ اس خوف کی انتہا کا اندازہ اس بات سے باآسانی لگا سکتے ہیں کہ ایک ٹریول
ایجنسی کے مطابق جون کے ماہ میں فرائیڈے 13 یعنی آج وہ واحد دن ہے جس دن
اندرون ملک پروازوں کے لیے انتہائی سستے ٹکٹ دستیاب ہیں چونکہ فرائیڈے تیرہ
کو لوگ سفر کرنا مناسب نہیں سمجھتے اس لیے فضائی کمپنیوں کی جانب سے سستے
ٹکٹوں کی پشکش کی گئی ہے۔
اس دن امریکہ بھر میں فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع
ہوتی ہے جس کی وجہ سے امریکی معیشت کو تقریبا آٹھ سو سے نو سو ملین ڈالر کا
نقصان ہوتا ہے۔
آج فرائیڈے بھی ہے اور تاریخ بھی 13 ہے لیکن اس ماہ سے جڑی ایک اور دلچسپ
بات بھی ہے کہ رواں ماہ دو توہم پرستانہ نظریات کا ملاپ ایک ہی ساتھ ہے
کیونکہ اس بار ' جون کی 13 تاریخ ' ' فرائیڈے' اور' فل مون ' یعنی چودہویں
کا چاند سب ایک ساتھ یکجا ہو رہے ہیں۔
اس لیے ممکن ہے کہ توہم پرستانہ عقائد رکھنے والوں کو شاید آج کا پورا دن
گھر پر ہی گزارانا پڑے۔ ایسا موقع 13 اکتوبر ء 2000 میں بھی رونما ہو چکا
ہے جب فرائیڈے 13 پر آسمان پر مکمل روشن چاند موجود تھا اور ماہرین کے
مطابق مستقبل میں آج کے بعد پورا چاند اور فرائیڈے 13 کا ملاپ 2049 میں
متوقع ہوسکتا ہے۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ فرائیڈے 13 کے منحوس ہونے یا نا ہونے کی وجہ آج تک
واضح نہیں۔ لیکن کچھ لوگ اس کی توجیہ یوں پیش کرتے ہیں کہ 13 کا ہندسہ ایک
نامکمل اور بےقاعدہ ہندسہ ہے- کیونکہ ایسے لوگوں کا ماننا ہے کہ 12 ایک
مکمل ہندسہ ہے جو اختتام کو ظاہر کرتا ہے یعنی بارہ مہینے کا ایک سال یا
پھر گھڑی کے بارہ گھنٹے اسی لیے ان کے نزدیک تیرہ ایک غیر ضروری ہندسہ ہے۔
|
|
یونان میں بھی تیرہ کا ہندسہ نحوست کی علامت ہے٬جہاں رات کے کھانے کی ٹیبل
پر اگر تیرہ لوگ موجود ہوں تو یہ ان میں سے کسی ایک کی موت کی دلالت کرتا
ہے۔
اگر اس دن کی تاریخ پر یوں ہی ہی ایک سرسری سی نظر ڈالی جائے تو پتہ چلتا
ہے کہ، برطانیہ میں سزائے موت کے قانون کے خاتمے سے قبل اسی روز قیدیوں کو
پھانسی پر لٹکایا جاتا تھا۔
برٹش میڈیکل جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی دریائے ٹیمز کے علاقے میں
1989 سے 1992 تک موٹر حادثات کی تعداد میں اضافہ ہوا اور کل 6 فرائیڈے 13
میں 65 حادثات رونما ہوئے جس سے ظاہر ہوا کہ، اس روز ایکسیڈنٹ کی تعداد میں
52 فیصد اضافہ ہوا۔
جبکہ دوسری جانب ہسپتالوں میں ہنگامی علاج ومعالجے کے عملے کی جانب سے بھی
اس تاریخ کو کام کرنے سے انکار کرنے کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔
مغربی ممالک میں 12 سے 21 ملین افراد فرائیڈے 13 کے خوف میں مبتلا پائے
جاتے ہیں۔
ان باتوں سے کیا یہ وضاحت ممکن ہے کہ ، کیا واقعی یہ دن بہت منحوس ہے۔
اگرچہ ہر قمری ماہ کی 14 تاریخ کو چاند مکمل ہوتا ہے اور کچھ لوگوں کو پورا
چاند خوف میں مبتلا کر دیتا ہے اس وہم سے متعلق پائے جانے والے نظریات کے
مطابق ، جس طرح پورا چاند کی مقناطیسی کشش پانی کو اپنی طرف کھنچتی ہے اور
ایک تلاطم کی کیفیت پیدا کر دیتی ہے بالکل اسی طرح ہمارے جسم میں موجود
مائع پر بھی چاند اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے انسان کی نفسیاتی
کیفیت اور صحت متاثر ہو تی ہے خاص طور پر انسان کےاشتعال انگیز روئیے کو
چودہویں کے چاند کے ساتھ منسوب کیا جاتا ہے۔
کئی مطالعوں کے مطابق لوگوں کی جانب سے پورے چاند کی رات کو نیند نہ آنے کی
شکایت کی گئی ہے یا پھر نیند پوری نہ ہوسکی۔ |