دنیا کے تقریباً تمام ملکوں میں سال نو کی آمد کا جشن
دھوم دھام سے منایا جاتا ہے اور اس موقع پر دنیا کے بیشتر ممالک میں خوب
آتش بازی کی جاتی ہے- لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کے بہت سے ملکوں میں
لوگ بدقسمتی کو دور بھگانے کے لیے اور نئے سال میں اچھی صحت، خوشحالی اور
خوش قسمتی کو اپنے گھر مدعو کرنے کے لیے اس رات میں طرح طرح کی رسومات ادا
کرتے ہیں۔ کہیں، نئے سال کے آغاز میں 12 انگور ایک ساتھ کھانا خوش قسمتی
تصور کیا جاتا ہے، تو کہیں گھر کا فرنیچر کھڑکی سے باہر پھینک کر بدقسمتی
کو گھر سے باہر کا راستہ دکھایا جاتا ہے۔ غرض دنیا بھر میں موجود سال نو کے
جشن کے ساتھ جڑی ہوئی ایسی ہی عجیب و غریب روایات کا ذکر ذیل میں کیا گیا
ہے۔ یہ چند عجیب و غریب روایات وائس آف امریکہ کی شائع کردہ ایک رپورٹ سے
اخذ شدہ ہیں-
|
ڈنمارک:
ڈنمارک میں یہ روایت برسوں سے چلی آرہی ہے کہ لوگ سال بھرگھرکے پرانے شیشے
کے برتنوں کو سنبھال کر رکھتے ہیں اور 31 دسمبر کی شام اپنے دوستوں اور
رشتہ داروں کے گھروں کے مرکزی دروازے سے انھیں توڑ کر چکنا چور کر دیتے ہیں۔
اس روایت کا مقصد آئندہ برس کے لیے دوستوں اور عزیز و اقارب کو خوش قسمتی
کا پیغام دینا ہے۔ یہاں کرسیوں پر کھڑے ہو کر رات کے ٹھیک بارہ بجے چھلانگ
لگا کر نئے سال کا استقبال کرنے کی روایت بھی عام ہے۔ |
|
فلپائن:
فلپائن میں سال کے آخری دن لوگ گول اشکال والی چیزیں استعمال کرتے ہیں جن
میں پھل اور سبزیاں وغیرہ شامل ہیں۔ یہ روایت دراصل دولت یعنی سکوں کو ظاہر
کرتی ہے۔ لوگ نئے سال میں منافع کمانے اور خوشحالی پانے کے لیےاس روز یہ
رسم ادا کرتے ہیں۔ یہاں سال کی آخری شب کے ساتھ جڑی ہوئی یہ روایت بھی عام
ہے کہ لوگ اس رات گھر کی تمام لائٹس آن کردیتے ہیں اور گھر کے دروازے،
کھڑکیاں اور کیبنٹ کھول دئیے جاتے ہیں اور رات کے بارہ بجتے ہی انھیں پھرتی
کے ساتھ بند کردیا جاتا ہے۔
|
|
سوئٹزر لینڈ:
سوئٹزر لینڈ میں یہ عجیب و غریب روایت عام ہے کہ یہاں سال نو کا آغاز فرش
پر آئس کریم گرا کر کیا جاتا ہے۔
|
|
چلی:
چلی میں خاندان سال کی آخری شب قبرستانوں میں اپنے پیاروں کے ساتھ گزارتے
ہیں چلی میں یہ روایت برسہا برس سے چلی آرہی ہے، یہاں اس رات میں منہ بھر
کر دال کھانا بھی خوش قسمتی کا ٹوٹکا تصور کیا جاتا ہے، جبکہ سال کی آخری
رات گھر کی جھاڑو دینا اور کچرا گھر سے باہر نکالنے کو بد قسمتی بھگانے سے
تصور کیا جاتا ہے۔
|
|
بولیویا:
بولیویا کے لوگ نئے سال کے جشن منانے کے لیے سویٹ ڈش تیار کرتے ہیں جس میں
ایک سکہ چھپا ہوتا ہے یہاں کے لوگوں میں یہ تصور پایا جاتا ہے کہ جس شخص کے
حصے میں سکہ آتا ہے اس کے لیے نیا سال خوش بختی لے کر آتا ہے۔
|
|
اسپین:
ہسپانوی لوگوں میں یہ نئے سال کی آمد کے جشن کے ساتھ یہ روایت جڑی ہوئی ہے
کہ اس رات بارہ بجے سے پہلے جو شخص بارہ انگور منہ میں بھر کر ایک ساتھ
کھانے میں کامیاب ہو جاتا ہے اسے آئندہ برس کے لیے خوش قسمت تصور کیا جاتا
ہے۔
|
|
برازیل:
برازیل میں لوگ سال نو کا جشن خاص طور پر سفید لباس پہن کرمناتے ہیں، تاکہ
شیطانی قوتوں کو دور بھگایا جا سکے۔ جبکہ یہاں سال کی آخری شب میں ساحل
سمندر پر کھڑے ہوکر کوئی خواہش کرتے ہوئے پانی میں میں پھول اچھالنے کی
روایت بھی عام ہے۔
|
|
پورٹو ریکو:
پورٹو ریکو کے لوگ اس شام بالٹی یا گلاس میں پانی بھر کر گھر کی کھڑکی سے
باہر پھینکتے ہیں جس کا مطلب گھر سے بری قوتوں کو باہر نکالنا تصور کیا
جاتا ہے۔ |
|
جنوبی افریقہ:
جنوبی افریقہ کے کچھ حصوں خاص طور پر جوہانسبرگ میں نئے سال کا جشن گھر کے
کھڑکی سے پرانا فرنیچر باہر پھینک کر کیا جاتا ہے۔ |
|
آسٹریلیا:
آسٹریلیا میں جہاں آتشبازی کے بڑے بڑے مظاہروں کے ساتھ نئے سال کا خیر مقدم
کیا جاتا ہے، وہیں یہ روایت بھی عام ہے کہ اس روز لوگ سڑکوں اور گلیوں میں
گھر کے برتنوں کو بجا کر نئے سال کا اعلان کرتے ہیں۔ |
|