نمک کے 10 گھریلو مفید استعمال

نمک قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جسے ہم روزانہ نہ صرف کھانے میں بلکہ محاوروں میں بھی استعمال کرتے ہیں ۔جیسے نمک حرام، نمک حلال، وغیرہ ویسے جس نے یہ محاورے بنائیں ہوں گے اس کے زخموں پر ضرور کسی نے نمک چھڑکا ہوگا۔ورنہ ان نمکین محاوروں میں ایسے طعنوں کی کیا ضرورت! گھروں میں بھی عموماً نمک پر بہت دنگے فساد ہو جایا کرتے ہیں اور ان فسادات کی تفصیل آپ کو خاص طور پر ایسے مرد و زن بتا سکتے ہیں جن کے گھروں میں روزانہ کھانے میں نمک کم یا زیادہ ہوتا ہو۔ایسی خانہ جنگیوں کی وجہ بے حد واضح ہے کھانے میں نمک زیادہ ہونے پر اگر خاتون صبر والی ہو تو اسے ہی صبر کے گھونٹوں سے کھانے میں موجود نمک کی شدت کم کرنا پڑتی ہے اوراگر خاتون خانہ رشتے میں ہٹلر کی بھانجی ہو تو یہی نمک کی کمی یا زیادتی ان کے بلڈ پریشر کے اتار چڑھاؤ پر بھی اثر انداز ہوجاتی ہے اور تب وہ جو کھانے میں نمک کی زیادتی کا رونا رو رہے ہوتے ہیں انہیں صبر کا نمکین پیالہ خاموشی سے پینا پڑتا ہے۔ خیر نمک ایک ایسی چیز ہے جو کھانے کی کسی بھی نئی ترکیب میں بنانے والے کی لٹیا پار لگاتی یا ڈبوتی ہے کیونکہ ہر کھانے کی ترکیب میں نمک شامل کرنے کا پیمانہ حسب ذائقہ درج ہوتا ہے اور میرے جیسا اناڑی باورچی چمچوں کے سیٹ میں سے حسب ذائقہ والا چمچ ڈھونڈنے میں لگا رہتا ہے۔ ان سب کے علاوہ بھی نمک کے بے شمار استعمال موجود ہیں جن سے شائد آپ واقف نہ ہو لیکن امید ہے آپ کیلئے روزانہ کے گھریلو معاملات میں مددگار ثابت ہوں گے۔
 

مصنوعی پھولوں کو چمکائیے:
گھر کے ڈرائنگ روم یا کچن میں عموماً سجاوٹ کیلئے مصنوعی پھول سجا دئیے جاتے ہیں لیکن خواتین کیلئے ان کی صفائی ایک مشکل امر بن جاتا ہے، نمک آپ کا یہ مسئلہ حل کر سکتا ہے، ایک پولیتھین بیگ یا شاپر لیجئے اس میں ایک چوتھائی کپ نمک کے ساتھ ہی مصنوعی پھولوں کو ڈال دیجئے ۔اب بیگ کو زور سے تین چار جھٹکے دیجئے اور ہو گیا کام ۔پھول سلک یا نائلون کے ہوں پھر سے چمک اٹھیں گے۔

image


پیتل اور تانبے کے برتنوں کو چمکائیے:
اگر آپ کے گھر میں پیتل یا تانبے کے برتن موجود ہیں تو آپ کو یہ بھی معلوم ہوگا کہ ان پر میل سے دھبے پڑ جاتے ہیں یا کچھ عرصے بعد سبزی مائل ہونے لگتے ہیں۔ اس کیلئے مہنگی پالش وغیرہ خریدنے کی بجائے گھر میں ہی نمک، آٹا اور سرکہ ہم وزن لے کر مکسچر بنائیے اور اس مکسچر کو کسی کپڑے کے ساتھ پیتل یا تانبے کے برتن پر مل دیجئے جیسے جیسے آپ اسے صاف کریں گی برتن چمکنے لگے گا۔

image


فرنیچر صاف کیجئے:
عموماً لکڑی کی میزوں پر پانی کا گلاس یا کوئی بھی برتن رکھنے سے نشان پڑ جاتے ہیں تو اس کیلئے ایک کھانے کا چمچ نمک لیجئے اور اس میں چند قطرے پانی کے شامل کریں تاکہ پیسٹ بن جائے اب اس پیسٹ سے میز یا لکڑی کے دیگر فرنیچر پر پڑے نشانوں کو صاف کریں۔

image


مکھی یا مچھر کے کاٹنے پر:
اگر کسی کو شہد کی مکھی کاٹ جائے تو فوراً کاٹنے کی جگہ پر نمک کا لیپ کردیں اس سے درد میں کمی ہوگی اور جلد سوجھے گی بھی نہیں۔ اسی طرح اگر مچھر کاٹنے کی جگہ پر خارش ہو رہی ہو تو نمک ملے پانی سے متاثرہ حصے کو دھو کر اوپر سرسوں کا تیل لگا دیں خارش سے آرام آجائے گا۔

image


ریفریجریٹر کی صفائی:
ریفریجریٹر کی صفائی ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے کیونکہ برف کی تہہ جم جانے سے اسے اکھاڑنے میں خدشہ ہوتا ہے کہیں نوکیلی چیز لگنے سے فریج خراب ہی نہ ہو جائے اس کا حل بھی نمک میں موجود ہے۔فریج کو جب صاف کرنا مقصود ہو اسے بند کر کے بالکل خالی کر لیجئے اب ہلکا نیم گرم پانی لیجئے اس میں نمک شامل کریں اور کسی بھی اسفنج سے فریج کو اندر سے صاف کریں۔

image


چائے اور کافی کے نشان مٹائیے:
عموماً شیشے یا پتھر کے کپوں پر چائے یا کافی کے نشان جم جاتے ہیں اور دھونے سے بھی نہیں جاتے اور برتن پرانے لگنے لگتے ہیں۔ اس کیلئے کپ دھوتے ہوئے صابن لگانے سے پہلے نمک کو نشانوں پر مل دیں اور اگر ایسا کرنے سے بھی داغ ختم نہ ہو تو نمک میں تھوڑا سا سرکہ شامل کریں اور نشانوں پر ملیں ۔چائے اور کافی کے پرانے نشان بھی غائب ہو جائیں گے۔

image


اُبلے ہوئے انڈوں کے چھلکوں کو ٹوٹنے سے بچائیں:
انڈے اُبالنے کے بعد چھلکے اتارتے ہوئے ٹوٹ جاتے ہیں جبکہ اس سے انڈے کی سطح بھی چکنی نہیں رہتی ۔اس پریشانی سے بچنے کیلئے جب انڈے اُبالنے کیلئے رکھیں تو پانی میں ایک بڑا چمچ نمک کا شامل کردیجئے اس سے انڈے کے چھلکے سخت ہو نگے اور آسانی سے انڈا چھل جائے گا-

image

پالک کو آسانی سے دھوئیے:
بعض اوقات پالک مٹی سے اس قدر اٹی ہوتی ہے کہ اسے جتنا بھی دھویا جائے مٹی کے ذرات پھر بھی نہیں چھوٹتے اس کیلئے کٹی ہوئی پالک کو نمک ملے پانی سے دھوئیے اس سے پالک مکمل طور پر صاف ہو جائے گی کیونکہ نمک کے ساتھ ساتھ مٹی بھی آسانی سے پانی کے ساتھ بہہ جائے گی۔

image

سانسوں کو مہکائیے:
اگر آپ اپنی سانسوں کو مہکانا اور منہ کی بدبو کو زائل کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے ایک چمچ نمک اور ایک چمچ کھانے کے سوڈے کو ایک کپ پانی میں شامل کیجئے اور اس غرارے کیجئے منہ کی بدبو ختم ہو جائے گی۔

image

استری کی سطح کو صاف کیجئے:
بعض اوقا ت کپڑے استری کرتے ہوئے اس کا درجہ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے کپڑے ساتھ چمٹ جاتے ہیں، کپڑے تو خراب ہوتے ہی ہیں اس کے ساتھ ساتھ استری کی سطح بھی کھردری ہو جاتی ہے۔ اس کیلئے استری کو گرم کیجئے ، ایک کاغذ پر نمک چھڑکئے اب گرم کی ہوئی استری کو اس نمک پر پھیرئیے۔استری کی سطح پہلے کی طرح صاف شفاف ہو جائے گی۔

image

 
YOU MAY ALSO LIKE:

What would we do without salt? If you think about it, salt, both as an ingredient and as a mineral, has been very important for humans. We've created a list of our favorite some uses for salt in the kitchen, including cleaning up oven spills, removing wine stains, cleaning coffee pots and more.