چین: کرپشن روکنے کا انوکھا طریقہ

چین میں بدعنوانی کے خلاف تنبیہ کے طور پر درجنوں حکومتی عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کو جیل کی سیر کروائی گئی ہے۔ اس دوران ان کی ملاقات کرپشن کے الزام میں قید بھگتنے والے سابقہ سرکاری عہدیداروں سے بھی کروائی گئی۔

ڈوئچے ویلے کے مطابق نیوز ایجنسی روئٹرز نے شنگھائی سے اپنے ایک جائزے میں لکھا ہے کہ یہ بات چین کے سرکاری اخبار چائنہ ڈیلی نے ملک کی نظم و ضبط سے متعلق کمیٹی کے حوالے سے بتائی ہے۔
 

image


تفصیلات کے مطابق چین کے مشرقی صوبے ہوبائی میں کمیونسٹ پارٹی کے ستّر رہنما، سینیئر افسر اور اُن کے شریکِ حیات شہر کی مقامی جیل کی ’سیر‘ پر گئے، جہاں اُن کی ملاقات سابقہ اہلکاروں سے کروائی گئی۔ اخبار کے مطابق ایک طرح کی تعلیمی و تربیتی تنبیہ کے طور پر ان تمام افراد نے اپنا پورا دِن اس جیل میں گزارا۔

واضح رہے کہ دو سال سے زیادہ عرصہ قبل برسرِاقتدار آنے والے صدر شی جِن پنگ نے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کو اپنی اولین ترجیح بنا رکھا ہے۔ اس دوران متعدد سینیئر حکومتی اہلکاروں، فوجی افسروں اور کاروباری شخصیات کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جیل کی سیر کے دوران سرکاری افسروں کو اُن کے اُن سابقہ ساتھیوں اور افسروں سے ملوایا جاتا ہے، جو رشوت خوری یا پھر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں قید کاٹ رہے ہوتے ہیں۔ بیجنگ حکومت اس طرح کے دَوروں کو کرپشن کے خلاف سخت تنبیہ کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ چائنہ ڈیلی کے مطابق ’سیر‘ کے دوران جیل کی دیواروں پر ملزموں سے کی جانے والی تفتیش کی تصاویر بھی آویزاں ہوتی ہیں تاکہ دورے پر جانے والے افراد ان تصاویر کو دیکھ کر عبرت پکڑ سکیں۔
 

image

اس چینی روزنامے سے باتیں کرتے ہوئے جیل کی سیر کو جانے والے ایک حکومتی عہدیدار نے کہا:’’یہ بہت ہی متاثر کن منظر تھا، قید کی سزا بھگتنے والے سابقہ سرکاری افسروں کو اس حال میں دیکھنا کہ کیسے اُنہیں اپنے کیے پر سخت پچھتاوا ہے۔‘‘

چائنہ ڈیلی کے مطابق سینٹرل کمیشن آف ڈسپلنری انسپکشن نے کہا کہ اِن افراد کو جیلوں کی سیر کروانے کا مقصد اُنہیں خبردار کرنا ہے کہ وہ کوئی ایسا غلط کام نہ کریں، جس میں کسی بھی طرح سے بدعنوانی کا عنصر پایا جاتا ہو۔

رواں مہینے اس کمیشن کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چین کی مسلح افواج کے کچھ ارکان کرپشن یا بدعنوانی کے خلاف جنگ کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ کچھ فوجی افسران کے مطابق بدعنوانی ملک کی رگوں میں اس حد تک سرایت کر چکی ہے کہ یہ چین کی جنگ کرنے کی صلاحیت کو کھوکھلا کر سکتی ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE:

Chinese officials have been sent on prison tours visiting inmates including former colleagues as a warning against corruption, state-run media said on Monday, provoking mockery online.