رشتے آسمانوں پر طلاق زمین پر

ہمارے معاشرے کا ایک بڑا ناسور’’طلاق‘‘ہے صحیح ہے کہ اﷲ نے اس کو حلال قرار دیا ہے لیکن یہ ایک ایسا فعل ہے جس کی وجہ سے عرش الہی بھی کانپ جاتا ہے،پرہم بڑے آرام سے طلاق دے بھی دیتے ہیں اور خلع لے بھی لیتے ہیں لیکن آخر کیوں ؟کیوں ایک دوسرے کے ساتھ بچوں کی بھی زندگیوں کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے ،بچے کیاجواب دیتے ہوں گے معاشرے کے سوالوں کا،کیا جواب دیتے ہوں گے اسکول و کالج میں ،کیوں انسان زندگی کا سکون برباد کر رہا ہے،اگر آپ میں اختلافات ہیں تو بزرگوں کے زریعے اُن کو دور کیا جائے،اگر لڑکے کو کوئی مسئلہ ہے تو لڑکی کے ماں باپ کے ساتھ بات کی جائے اور اگر لڑکے میں کوئی مسئلہ ہے تو لڑکی یعنی بیوی کو پیار محبت کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے ،جب آپ لوگ شادی کرتے ہیں تو اﷲ فرشتوں کو حکم دیتا ہے کہ ان میاں بیوی پر رحمت نازل کرو اﷲ آپ کی خوشی میں خوش ہے پھر یہ اختلاف کیوں؟آپ کیا سمجھتے ہیں لڑ کر ،اکڑ کر ناکسی کا بھی حق مار لیں گے تو یہ آپ کی بھول ہے ایسے افراد کا انجام کبھی بھی اچھا نہیں ہوتا آپ یہ کیوں بھول جاتے ہیں دیر میں یا جلدی آپ کو اﷲ کی بارگاہ میں جانا ہے کیا جواب دیں گے اﷲ کو،قبر کے اندھیرے میں صرف افسوس کریں گے کہ میں نے یہ ظلم کیوں کیا لیکن کیا کریں مرنے کے بعد انسان کی توبہ قبول نہیں ہوتی سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں رہتا ،بچوں کا ماں اور باپ سے محبت کی انتہا تک جانا،بچوں کے ساتھ کھیلنا یہ ہے زندگی یہ کیا بات ہوئی کے تھوڑا سا جھگڑا ہوا طلاق دے دی،غصہ آ گیاطلاق دے دی،کھانا اچھا نہیں بنا طلاق دے دی،بیوی نے اُونچی آواز میں بات کی طلاق دے دی ،آپ کو کوئی اور لڑکی پسند آ گئی پہلی بیوی کو طلاق دے دی،اگر شرعی اعتبار سے دیکھا جائے تو ان میں سے کوئی بھی وجہ قابل قبول نہیں ،ہر مسئلے کا حل صبر و تحمل ہے جذبات میں کوئی بھی فیصلہ قابل قبول نہیں ہوتا ۔آخر کن وجوہات کی بنا پر انسان طلاق کی طرف جاتا ہے:
۱)استخارہ دیکھے بغیر شادی کرنا
۲)اگر لڑکی ہے تو محلے والوں سے اس طرح معلومات لینا کہ کسی کا عزت نفس مجروح نہ ہو اور اگر لڑکا ہے تو اس کے آفس ،دفتر،سے معلومات لینا ضروری ہے تا کہ بعد میں مسائل پیدا نہ ہوں۔
۳)گھر کے ماحول کا اثر بچے لیتے ہیں اس لئے گھر کا ماحول ضرور دیکھ لیں ۔
۴)بچوں کی تربیت میں اہم ہاتھ ماں کا ہوتا ہے لڑکا اور لڑکی تو بعد میں دیکھیں پہلے اپنے طور پر لڑکی یا لڑکے کی ماں کے بارے میں اس طرح معلومات حاصل کریں کہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔
۵)لڑکے اور لڑکی کو تصاویر دیکھا د یں،اگر یہ لوگ ایک دوسرے کو پسند نہ کریں تو قطعاً شادی نہ کریں ورنہ بعد میں فساد ہو گا۔
۶)مالی اعتبار سے زیادہ نہیں پر لڑکے کی حیثیت اتنی ہو کہ دو وقت کی عزت سے روٹی کھلا سکے۔
۷) حق مہر کم سے کم رکھیں اور نکاح نامے پر شرائط کا بھی کالم ہوتا ہے آپ بہتر انداز میں مناسب شرائط پہلے ہی لکھوا لیں بعد کے مسائل سے بہتر ہے کہ آپ پہلے ہی تمام مسائل کو دیکھ لیں۔
۸)میاں بیوی میں اﷲ نے قدرتی محبت کا ایک سلسلہ رکھا ہے اپنے اس سلسلے کو قائم رکھیں اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو درگذر کریں اور بڑی بڑی باتوں میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں آپ کا ایک غلط فیصلہ کئی زندگیوں کو تباہی کے موڑ پر لے آتا ہے ۔
۹)جو میاں بیوی مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں ایسی شادیاں بہت کامیاب ہوتی ہیں۔
۱۰)کبھی کبھار میں نے یہ بھی دیکھا ہے کہ میاں بیوی بہت خوش ہوتے ہیں لیکن خاندانی مسائل کی وجہ سے ایک دوسرے سے الگ کر دئیے جاتے ہیں یہ بہت غلط بات ہے ایسا کرنے والے بہت گناہ گار ہیں اور خدا کی بارگاہ میں ایسے افراد کا درد ناک عذاب ہے۔آپ اپنے مسائل میں اُن افراد کو شامل نہ کریں جن کو اﷲ نے ایک کیا ہے۔
۱۱)اگر شوہر حالات کی وجہ سے دو جاب کر رہا ہے اور گھر میں وقت نہیں دے پا رہا اور آپ کو پتا ہے شوہر جاب ہی کر رہا ہے پھر بھی اُس سے لڑنا یہ غلط بات ہے جو شخص آپ کی خوشی کے لئے اپنی خوشی کو قربان کر دے اُن کی خدمت کی جاتی ہے لڑا نہیں جاتا۔

اگر ہم شادی سے پہلے اور شادی کے بعد ان مسائل پر غور کر لیں تو بے شک بہتر زندگی گذار سکتے ہیں،اور طلاق جیسے عمل سے بچ سکتے ہیں خدا ہمیں ’’طلاق‘‘سے دور رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
 
Shahid Raza
About the Author: Shahid Raza Read More Articles by Shahid Raza: 162 Articles with 256959 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.