یہ سب منتظر ہیں
(Munir Bin Bashir, Karachi)
بیس تیس سال پہلے ایم بی اے کی
تعلیم کا نام بہت ہی کم لوگوں نے سنا تھا - اس زمانے میں باٹنی (علم نباتات
) زولوجی (علم حیوانات ) وغیرہ ہی تھے -
مجھے یاد ہے کہ میرے ماموں نے جو علم حیوانات سے خاصا لگاؤ رکھتے تھے ایک
مرتبہ مجھے بتایا کہ کچھ علاقوں میں بعض اوقات ایسے حالات پیدا ہو جاتے ہیں
کہ اچھے خاصے ہرےبھرے درخت مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں - ان کے پتے پیلے ہو
کر جھڑنے لگ جاتے ہیں -اور آخر میں درخت ٹنڈ منڈ ہو جاتے ہیں - اس حالت کو
degeneration کہتے ہیں - ماموں جی نے بتایا کہ اگر ان حالات کو صحیح کر دیا
جائے - درختوں پر توجہ دی جائے -کھاد میں خاص اقسام کی دوائیاں ڈال دی
جائیں تو درخت پھر سے ماضی کی طرح تندرست و توانا ہو جاتے ہیں - ان کی
رعنائیاں لوٹ آتی ہیں -
ماموں جی نے کہا کہ اسی طرح ہماری دنیا میں کئی خاندان جو خوشحال ہوتے ہیں
بعض اوقات کسی مسئلے کے سبب انحطاط کا شکار ہو جاتے ہیں - گھر کے صحن میں
جہاں خوش حالی سے مسکراتے ہوئے چہرے نظر آتے تھے مایوسی و الم کی پرچھائیاں
دکھائی دیتی ہیں-
اپنے ارد گرد سوسائٹی پر نظر ڈالیں -ایسے خاندان ہیں -
ایک خاندان کا سربرہ اچانک اس دنیا سے رخصت ہو کر خالق حقیقی سے جا ملا ہو
اور تنخواہ نہ ہونے کے سبب اچانک معاشی خلاء پیدا ہو گیا ہو جسے فوری طور
پر پار کرنا لواحقین کے بس میں نہ ہو یا فوتگی کے بعد واجبات کی ادائیگی
میں تاخیر ہو رہی ہو اور پیچھے رہ جانے والے مشکلات کے دلدل میں پھنس گئے
ہوں -
یہ بھی ہو سکتا ہے کہ خاندانی تنازع کے نتیجے میں خاندان کے مختلف ممبر الگ
ہو گئے ہوں اور کوئی ایک ممبر اوراسکے دیگر ساتھی مسائل کی گردش میں آگئے
ہوں -
یا کوئی فرد لمبی بیماری کا شکار ہو چکا ہو اور گھر والوں کی ساری جمع
پونجی اس کے علاج پر خرچ ہو رہی ہو -
یا کسی خاندان کے سربراہ کو کسی سبب سے اپنی نوکری سے ہاتھ دھونے پڑے ہوں-
ڈھونڈیں ایسے خاندانوں کو ڈھونڈیں --
محلے میں دیکھیں -
رشتہ داروں سے معلوم کریں -
اکاونٹنٹ جنرل کے دفتر میں جہاں پینشن کے معاملات حل ہوتے ہوں جاکر جائزہ
لیں-
ان کی مدد کریں -
انہیں انحطاط پذیری سے نکالیں اور دوبارہ ان کے چہروں پر مسکراہٹ سجائیں
|
|
سامنے تصویر یہی کچھ بتارہی ہے -
اوپر درختوں اور خاندانوں کی انحطاط پذیری عیاں ہے - خاندان دو ٹکڑوں میں
بٹ گیا ہے - ہسپتال میں کسی کی وفات کا منظر اور اس کے لواحقیں کا حال زار-
نیچے وہی درخت مناسب دیکھ بھال سے دوبارہ ہرا بھرا ھو گیا ہے اور اس کا حسن
لوٹ آیا ہے - خاندانوں کی مدد کرنے سے ان کے چہروں پر مسکراہٹ کے پھول کھل
رہے ہیں -اسکول میں بچے سکون سے پڑھ رہے ہیں-
آئیے --قدم بڑھائیے - یہ سب منتظر ہیں |
|