دلچسپیاں - سیکھنے کا عمل اور مفید گُر (قسط 3)

"سیکنڈ ٹائم رُول"

یہ قسط قدرے مختصر ہے اور ایک سادہ سے اُصول پر مبنی ہے:

"دوسری بار ہاتھ سے نہ جانے پائے"

اب ہو سکتا ہے آپ پریشان ہو رہے ہوں کہ یہ ہم کس کے پیچھے ہاتھ دھو کر (یا دھوئے بغیر) پڑ گئے؟ پر تسلی رکھیں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ اور بات دراصل یہ ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ایک عادت ڈولوپ ہوئی کہ اگر کوئی نئی بات (لفظ، اصطلاح، موضوع۔۔۔۔۔) ایک بار نظر سے گزرے اور اُس سے واقفیت حاصل کرنے کا موقع نہ مل سکے (کسی بھی وجہ سے) تو اُس کے دوسری بار سامنے آنے پر جان پہچان بنائے بغیر بالکل نہ چھوڑا جائے۔

یہاں یقیناََ یہ سوال اُٹھ سکتا ہے کہ دوسری بار ہی کیوں؟ پہلی یا تیسری بار کیوں نہیں؟

تو جواب یہ ہے کہ وہ دونوں راستے بھی درست ہو سکتے ہیں اور یہ واقعی اِس گُر کا اصل مقصد نہیں ہے۔ آپ چاہیں تو "فرسٹ ٹائم رُول" بنا لیں، اور چاہیں تو "تھرڈ/فورتھ/۔۔۔ ٹائم رُول" بنا لیں۔ پھر ایسا بھی کچھ لازم نہیں کہ فوجی ڈسپلن کے ساتھ اِس پر ہر ہر موقع پر عمل بھی کیا جائے۔ اصل مقصد ہے کہ نئی چیزیں جو سامنے آئیں اُن کے بارے میں سیکھنے کا شوق دل میں ہو اور اُن پر نگاہ ہو۔ اپنے تجربے کی حد تک مجھے "سیکنڈ ٹائم" اِس لئے مفید لگتا ہے کہ اگر میں نے پہلی بار سُننے پر جانکاری حاصل نہیں کی تو اُس کی وجہ سُستی، مصروفیت، بے توجہی، یا بے یقینی (کہ اِس بات کی میرے لئے کچھ اہمیت ہے بھی کہ نہیں) میں سے ایک ہو گی۔ لیکن دوسری بار اُسی بات کے سامنے آنے سے یہ احساس جاگتا ہے کہ کچھ تو اہم/متعلقہ ہے اِس میں جو دوبارہ سامنے آ گئی، اور اِس بار بھی نہ جانا تو سیکھنے کا موقع ہاتھ سے دوسری بار بھی جاتا رہے گا۔

پریکٹس کے طور پر کوئی ایسی اصطلاح ذہن میں لائیں جو آپ نے حال ہی میں متعدد بار سُنی ہو پر اُس کے بارے میں مزید نہ جانا ہو۔

آخر میں ایک بات یہ یاد رکھئے کہ ہر عمل کا دارومدار نیت پر ہے۔ سیکھنا اور جاننا اگر علم جھاڑنے کے لئے ہو تو بے معنی ہے۔ مقصد یہی ہونا چاہیے کہ ہنر اور جانکاری ہمیں موثر محنت، تعاون، اور اچھے فیصلوں کا بہتر موقع فراہم کرتے ہیں۔

- ہوم ورک

آئی پی وی (انجیکٹیبل پولیو ویکسین)، یہ اصطلاح یاد رکھیں اور اگلی بار کہیں پڑھیں سُنیں تو اِس پر لگائیں "سیکنڈ ٹائم رُول" (عام ویکسین سے کیسے مختلف/مفید ہے؟)

(اصطلاح پہلے سے معلوم ہو تو کچھ اور چُن لیں)

- ابن منیب
Ibnay Muneeb
About the Author: Ibnay Muneeb Read More Articles by Ibnay Muneeb: 54 Articles with 64966 views https://www.facebook.com/Ibnay.Muneeb.. View More