بھوتیستان

آج جب دنیاستاروں پر کمند یں ڈال رہی ہے۔ نت نئے انکاشافات ایجادات سامنے آرہی ہیں ۔ سو سالہ نیوٹن کی تحقیق اور ان کے حقائق سامنے آرہے ہیں ۔ بدقسمتی سے ہمارا ملک پاکستان دور جہالت سے بھی پہلے کے دور یعنی پتھرکے زمانہ میں سانس لے رہا ہے ۔ ہماری تحقیق صرف جانوروں پھلوں یا پھراتفاقیہ طور پر آسمان پر بننے والے بادلوں میں مقدس ناموں کی تلاش تک محدودہے ۔اور افسوس تو اس بات کا بھی ہے کہ اس سلسلہ میں جھوٹ کا بے دھڑک سہارالینے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا کافروں کی مرہون منت ملی ٹکنالوجی سے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا نام کبھی آسمان پر کبھی بادلوں کی شکل میں تو کہیں کسی بچے کے ماتھے پر کمال مہارت سےلکھا جاتا ہے ۔دوسری طرف پانی سے موٹر چلانے کا جھوٹا دعوی اور اس کو اس وقت تک سراہنا جب تک کہ جھوٹ کھل کر سامنے نہ آجائے یا پھر کشش ثقل پر کی گئی تحقیق کو ہی سراسر غلط قرار دینا ۔

ہمارے ملک کے سادہ لوح عوام پیری فقیری کے چکروں اور جال میں تو ویسے ہی پھنسے ہوئے ہیں ۔ ایک ہستی پر ایمان اور اعتقاد کی بجائے ان پر زیادہ بھروسہ کیا جاتا ہے ۔ ہزار بار لٹنے اور یہ جاننے کے باوجود کہ یہ سراسر فراڈ اور دھوکہ ہے مومن بار بار انہیں سے ڈسے جارہے ہیں اور ان پر بھروسہ کرتے ہیں بد قسمتی سےہمارا بکاو میڈیا ۔ ریٹنگ کو اپنا خدا مان چکی ہے یہی وجہ ہے کہ جھوٹ کی آمیزش کرکے ایسے پروگراموں کو ڈرامائی اندا ز میں پیش کیا جاتا ہے۔ اور عوام الناس جس کی اکثریت ہی ان پڑھ اور جاہل ہے فوری طور پر ان سے متاثر ہوجاتی ہے۔

ابھی حال ہی میں ایک نیا شوشہ چھوڑا گیا ہے اور وہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کہلائے جانے والے ملک کے وفاقی دارلحکومت میں بھوت کی موجودگی ۔ ویسے توقیام پاکستان کے بعد سے ہی بہت سے بھوت ہیں جو عوام کو چمٹے ہوئے ہیں اور ایک عرصہ سے خون چوس رہے ہیں -

اسلام آباد میں اس انسان نما بھوت کو حقیقت کا رنگ دینے کے لئے کبھی اس کی تصاویر اور کبھی ویڈیو بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کی خاطر سوشل اور پرنٹ میڈیا میں خوب تشہیر کی جارہی ہے ۔ یہ ماڈرن دور کا بھوت ہے جو سیلفی اور ویڈیو بنانےمیں فخر محسوس کرتا ہے جہاں تک میں سمجھتی ہوں ضرور اس کے پیچھے مکروہ چال ہے۔ جیسا اکثر ہمارے ملک میں ہوتا ہےکہ ناجائز مقاصد کے حصول کے لئے عوام الناس کے دل میں خوف بٹھایا جاتا ہے ۔ جو قوم پہلے ہی بم دھماکوں اور امن و امان کی مخدوش صورتحال سے ڈری ہو اسے اس طرح کی غیر اخلاقی حرکات کرنے والوں کے خلاف سختی سےنبٹنےکی ضرورت ہے ۔

ہمارے ملک میں تو ویسے بھی بھوتوں کی کمی نہیں ۔آیئے کچھ بھوتوں سے آپ کو ملواتے ہیں ۔ بھوت سیاست دانوں کا تو ذکر ہوگیا جو صرف الیکشن کے دنوں میں نظر آتے ہیں روٹی کپڑا مکان اور دیگر سہولیات دینے کا وعدہ کرتے ہیں ۔ مگر جب الیکشن جیت جاتے ہیں تو ایسے غائب ہوتے ہیں جیسے گدھے کےسر سے سینگھ ۔ سب سے زیادہ کھلواڑ تو تعیلم سے کی جارہی ہے ہمارےملک میں 12 ہزار گھوسٹ سکول ہیں جن کاسرے سے کوئی وجود ہی نہیں ۔ مگر معجزہ دیکھیں کہ ان سکولوں کے لئے باقائدہ فڈ جاری کئے جاتے ہیں ۔ ایسے بھوت اساتذہ پورے ملک میں موجود ہیں ان کو باقائدہ تنخواہیں دی جاتی ہیں ۔ یوں غائب سکول کی طرح یہ اساتذہ بھی غائب ہیں ۔۔ پھر ایسی لائبریریاں ہیں جن کا کوئی وجود نہیں مگر ان کے نام پر فنڈ قائم ہیں ۔ ہر سال پچاس میلن روپے گھوسٹ ہسپتالوں کو جاری کیئے جاتے ہیں ۔ ۔ بھوت این جی اوز کافی تعداد میں موجود ہیں جو فنڈ لینے کے لئے محض کاغذات میں دکھائی دیتی ہیں ۔ بہت سے بھوت اہلکار ہیں جو تقریبا ہر شعبہ میں کاغذی طور پر تو موجود ہیں مگر حقیقت میں ان کا کوئی وجود نہیں حیرت انگیز طور پر ان کے نام سے تنخواہیں اور دیگر مراعات دی جاتی ہیں ۔ ان سب بھوتوں کے ساتھ ساتھ بھوت پنشنر ز کی تعداد 25 لاکھ ہے جو حکومتی کھاتوں سے پنشن لے رہے ہیں ۔ پھر ایسے مذہبی بھوت بھی عوام الناس کو چمٹے ہوئے ہیں ہیں جن کا کام صرف ٖآخرت سے ڈرانا کفر اور قتل کے فتوے جاری کرنا ہے ۔ خود دنیا جہاں کی نعمتوں اور آسائیشوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں مگر عوام کے لئے ان سہولیات کو ناجائز قرار دیتے ہیں ۔ اپنے بچوں کو جہاد پر بھیجنے سے گریزاں ہیں مگر عام مسلمانوں کو اس کی ترغیب دیتے ہیں ۔ ان کے بچے مدرسوں میں پڑھنے کی بجائے کافر ممالک میں اعلی تعلیم حاصل کرتے ہیں اور پھر واپس آکے ملک اور یہاں کے لوگوں کوایسے چمٹ جاتے ہیں کہ الگ ہونے کا نام نہیں لیتے ۔ یہ سب ایسے حیرت انگیز بھوت ہیں جو پاکستان میں باآسانی ںظر آئیں گے ۔ ان سب سے نجات کا کوئی ٹوٹکا کوئی تعویذ کوئی توڑموثر نہیں ۔ آپ ہی بتاہیے یہ پاکستان ہے یا بھوتیستان ۔ ؟
Maryam Sammar
About the Author: Maryam Sammar Read More Articles by Maryam Sammar: 4 Articles with 2850 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.