لاشعوری طور پر میری عادت میں
شامل ہو چکا ہے ___ جب کوئی مصیبت یا پریشانی مجھے گھیر لے تو درود شریف
زبان پر خودبخود جاری ہو جاتا ہے ___ آج من حیث القوم ہم مصائب میں گھرے
ہوئے ہیں ___ یقیناً درودِ پاک ہی اس گرداب اور بھنور میں سکون کا باعث بن
سکتا ہے ___ ذرا غور فرمائیے __ درود ِ پاک کتنا پیارا دل رُبا ذِکرِ جاں
فزا ہے __ اخلاص و نیت کی بنیاد پر مختلف نیکیوں کے ثواب میں کمی بیشی ہو
جاتی ہے __ درودِ پاک کے ثواب میں کوئی کمی نہیں ہوتی __ نیکی کی نیت کرنے
پر دایاں فرشتہ مصروف ہو جاتا ہے __ برائی کی انجام دہی پر بایاں فرشتہ
مصروف ہو جاتا ہے __ یہ درود شریف کی شان ہے کہ اِس کی وجہ سے دونوں فرشتے
مصروف ہو جاتے ہیں __ نیکی لکھنے والا فرشتہ ١٠ نیکیاں لکھنے لگتا ہے مگر
دوسرا فرشتہ ١٠ گناہ مٹانے میں مصروف ہو جاتا ہے __ یہ بات بھی قابلِ غور
ہے کہ اللہ کریم جلشانہ کی ذات ِ معبود و مسجود اور بے نیاز اپنے بندوں کو
عبادت اور نیکی کرنے کا حکم فرماتا ہے مگر خود کسی عمل کے کرنے کا اظہار
نہیں فرماتا __ مگر یہ بھی درود شریف ہی ہے کہ اِسے پڑھنے کی ترغیب دینے
والی ذات کوئی اور نہیں __ مالک ِ کائنات ہے __ اِس سے بھی بڑھ کر یہ کہ
خود بھی اِس عمل کے کرنے کا اظہار فرماتا ہے __ ملاحظہ کیجئے!
اِنَّ اللّٰہَ وَمَلٰئِکَتَہ' یُصَلُّوْنَ عَلَی النَّبِیْ
یٰاَیُّھَاالَّذِیْنَ اٰمَنُوْ ا صَلُّوْا عَلَیْہِ وَسَلِّمُوْا
تَسْلِیْمًاO
ترجمہ: بے شک اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے نبی مکرم ﷺ پر درود بھیجتے ہیں
اس لیے اے ایمان والو! تم بھی آپ ﷺ پر درود اور خوب سلام بھیجا کرو۔(الاحزاب،آیت56)
آیت ِ درج بالا میں دو نکات پر عمل کرنے کا حکم موجود ہے:
1۔ صلوا علیہ (آپ ا پر صلوٰة یا درود بھیجو)
2۔ سلموا تسلیما (آپ ا پر سلام اور خوب سلام بھیجو)
اِس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ حکم ِ قرآنی کی تکمیل کرنے کے لیے ایسے
الفاظ کا انتخاب کرنا پڑے گا جن میں ''صلوٰة'' بھی ہو اور ''سلام'' بھی
شامل ہو۔ مثلاً درودِ پاک خضری ملاحظہ کریں __
صَلَّی اﷲ ُ عَلیٰ حَبِیبِْہ مُحَمَّدٍ وَّ آلِہ وَسَلَّم
صلوٰة بھیجے اللہ اپنے حبیب محمد ﷺ پر اور آپکی آل پر اور سلام
اِس درودِ پاک میں صلوٰة و سلام دونوں شامل ہیں __ اب سوال یہ پیدا ہوا کہ
درودِ ابراہیمی جو کہ ہر نماز میں پڑھا جاتا ہے __ کیا اُس میں سلام موجود
ہے __ تو اِس کی وضاحت کے لیے حدیث پاک ملاحظہ کریں __ ''حضرت بشیر بن سعد
رضی اللہ عنہ نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا، اللہ کریم نے آپ ﷺ پر درود بھیجنے کا
حکم دیا ہے __ آپ ارشاد فرمائیے، ہم کیسے درود بھیجیں؟ __ آپ ﷺ نے کچھ سکوت
کے بعد فرمایا __ اِس طرح پڑھو: ''اللھم صلی علی محمد وعلی آل محمد کما
صلیت علی ابراہیم وعلی آل ابراہیم انک حمید مجید __ اللھم بارک علی محمد و
علی آل محمد کما بارکت علی ابراہیم و علی آل ابراہیم انک حمید مجید'' __
اور پھر ارشاد فرمایا کہ سلام بھیجنے کا طریقہ تمہیں معلوم ہی ہے __ '' ہر
نماز کے آخر میں التحیات پڑھی جاتی ہے __ اِس کے دو حصے ہیں، پہلا تشہد تک
ہے اور دوسرا درودِ ابراہیمی سے دعا تک __ یاد رکھیں کہ تشہد تک پڑھنا واجب
ہے جبکہ اگلا حصہ یعنی درود اور دعا پڑھنا سنت ہے __ فقہ کے مطابق جو کچھ
حضورﷺ نے واجب قرار دیا ہے وہ زیادہ اہم و ضروری ہے __ واجب کی ادائیگی
بھول جائیں تو سجدہ سہو کرنا پڑے گا جبکہ جان بوجھ کر چھوڑنے پر عمل کی
تکمیل ہی نہیں ہو گی __ ذرا غور فرمائیں کہ درودِ ابراہیمی دوسرے حصہ میں
ہے جو کہ سنت ہے جبکہ حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں سلام پیش کرنا پہلے
حصے میں شامل کیا گیا ہے __ یعنی السلام علیک ایھاالنبی و رحمة اللہ و
برکاتہ' __ معلوم ہوا کہ قرآن کریم میں بھی سلام کا حکم تاکید کے ساتھ آیا
ہے __ نماز میں بھی درود سے زیادہ اہمیت سلام کو حاصل ہے __ اِسی لیے نبی
کریم ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام کا مجموعہ پیش کرنا ازحد ضروری ہے __
اِسی صورت میں قرآن کا حکم پورا ہو سکتا ہے __ چنانچہ اگر کوئی درود پڑھنے
کو کہے مگر سلام پیش کرنے سے روکنے کی کوشش کرے __ فوراً سمجھ جاؤ کہ یہ
بدعقیدہ و بد نیت ہے __ جو محبت والے ہیں وہ درود کے ساتھ ساتھ سلام بھی
پیش کرتے ہیں __ یہ بات کتنی پیاری ہے کہ آقا ﷺ پر درود پڑھنے سے ثواب ملتا
ہے __ مگر سلام پیش کرنے سے جواب ملتا ہے __ عشق و محبت سے لبریز ایمان
والے __ ثواب کو شمار نہیں کرتے __ بلکہ زندگی بھر جواب کے منتظر رہتے ہیں
__ درودِ پاک خضریٰ کے فضائل میں یہ مجرب ہے کہ اِسکی کثرت کرنے پر سرکار ﷺ
کی بارگاہ میں حاضری اور دیدارِ مصطفوی حاصل ہوتا ہے __ اِسی لیے ہرآستانہ
عالیہ حضرت کرماں والا شریف اوکاڑہ کی طرف سے قائم ہر مرکز محفل میلاد کو
مرکز درود وسلام بھی قرار دیا گیا ہے __ رمضان الکریم کے آخری عشرہ میں __
اعتکاف کی سب سے بڑی لذت بھی درودوسلام کی کثرت ہے __ لہذا مصائب و آلام سے
نجات اور کرم کی برسات پانے کے لیے حضرت کرماں والا شریف اوکاڑا میں روحانی
و تربیتی اعتکاف میں شمولیت کی نیت کر لیں __ تاکہ
سانسیں پڑھیں درود کریں دھڑکنیں سلام
حاصل ہمیں وہ لذت ِ عشقِ رسول ﷺ ہو |