تحصیل پریس کلب کوٹ چھٹہ کے انتخابات اور تقریب حلف برداری

میری ڈکشن میں ’’صحافت ‘‘ ایک ایسے اظہاریے کا نام ہے کہ جس کے ذریعے ہم اپنے ارد گرد کے حالات و واقعات سے با خبر رہ سکتے ہیں اور برائی اور بھلائی کی تمیز کے علاوہ معاشرے میں اصلاح ا حوال کی صورت نکال کر سماجی ترقی میں اپنا مناسب ترین کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ سیاست اور صحافت کا اگر تقابلی جائزہ لیا جائے تو ثابت ہوتا ہے کہ ’’صحافت ‘‘ سیاست کی نسبت معاشرتی تبدیلی میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ کیونکہ ’’صحافت‘‘براہ راست عوام کی ذہن سازی سے متعلق ہے۔ اس لئے صحافت انسانی زندگی /تمدنی زندگی میں کلیدی کردار کی حامل ہے۔ اگر ماضی پر نظر ڈالی جائے تو ملوکیت ( اجارہ دارنہ نظام ) نے افراد کو پیس کر رکھ دیا تھا ۔ سماجی تنّز لی بدتر ین شکل موجود تھی ۔ انسانوں کا استحصال معمول تھا ۔ اب جبکہ دنیا میں ترقی پسندانہ نظریات نے قانون اور دستور کی شکل اختیار کر رکھی ہے۔ اس میں تمام تر کردار اور عمل صحافت اور قلمکاری کا ہے۔ لیکن یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ صحافت قلم کی حرمت اور مناسب و مثبت سمت کی طرف روانی کا نام ہے۔ جس کی ذمہ داری آج کا صحافی اپنے تئیں پوری کر رہا ہے ۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ گوشت میں ہڈیاں بھی موجود ہیں ۔ آج اگر برائی اور سماجی و سیاسی بے راہروی یا انسانی اخلاق میں کبھی موجود ہے تو اس کے پیچھے غیر ذمہ دارانہ حرکات ہیں جو ہمارے صحافتی حلقوں سے سرزد ہوتی ہیں ۔ لیکن اس سے انکار قطعی نا ممکن ہے کہ ’’ قلم ‘‘ مقدس ہے اور اس کے ذریعے کیا گیا اظہار بھی مقدس۔ المختصر ’’ صحافت ‘‘ عالمگیر سچ اور صحافی اس سچ کا علمبر دار ۔۔۔۔!

31۔ جنوری2016ء کو تحصیل پریس کلب و انجمن صحافیان کوٹ چھٹہ کے انتخابات منعقد ہوئے جس میں ’’ جمہوری فورم ‘‘ نے کامیابی حاصل کی ۔ تحصیل کوٹ چھٹہ کے صحافیوں کو جمہوری عمل میں لانے میں صحافیوں اکرام اﷲ چنگوانی اور احسان اﷲ شانی نے اہم کردار اد ا کیا ۔ اس کامیابی سے تجزیہ نگاروں کی رائے کے مطابق صحافت میں آمرانہ و اجار دارانہ روایات و رحجانات کا خاتمہ ہوا۔ 11فروری2016ء کو ایڈ مور ہوٹل میں منتخب نمائندگان و عہددیداران کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی ۔ پر وقار تقریب حلف برداری میں صحافی و دانشور سید فرحت نقوی نے ( اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے) منفرد لب و لہجے سے حاضرین کو مستفید کئے رکھا ۔ جس پر شرکاء اش اش کر اٹھے ۔ بہرام بزدار صدر بار ڈیرہ غازیخان ، شیربازبزدار چیئر مین یو /سی ڈیرہ غازیخان ،عاشق میرانی سابق چیئر مین یو سی عالیوالا ، حسنین لغاری چیئر مین یو سی چوٹی زیریں رمضان میرانی ایڈووکیٹ، خلیل برمانی ایڈ ووکیٹ تحصیل صدر پی پی پی کوٹ چھٹہ ، سید وزیر شاہ تحصیل جنرل سیکرٹری پی پی پی کوٹ چھٹہ ، عبدالغفار احمدانی ایڈ ووکیٹ ممبر صوبائی کونسل مسلم لیگ ’’ن‘‘، حفیظ اﷲ کھوسہ چیئر مین یو /سی خانپور منجوالا ،محمد اقبال بودلہ تحصیل صدر مسلم لیگ’’ ن‘‘و چیئر مین یو سی بستی فوجہ ، رضا مریدانی چیئر مین یو/ سی نوتک محمید ، ظفر عالم گورمانی کونسلر میونسپل کمیٹی کوٹ چھٹہ ، عبداﷲ بزدار کونسلر میونسپل کمیٹی کوٹ چھٹہ ، محمد سعید مہرو آنی کونسلر میونسپل کمیٹی کوٹ چھٹہ ، مولوی محمد حسنین سرور مستوئی کونسلر میونسپل کمیٹی کوٹ چھٹہ ، ملک مظفر علی کونسلر یو /سی عالیوالا ،محمو د پٹھان کونسلر عالیوالا ،سینئر صحافی فاروق گوپانگ ( جامپور) ، صغیر احمدانی ( صحافی و سرائیکی شاعر ) ، راقم الحروف ( کالم نگار ) منشاء فریدی اور بطور خاص الیکشن کمشنر ( تحصیل پریس کلب و انجمن صحافیان کوٹ چھٹہ او ر سینئر صحافی و دانشور ملک سراج احمد ، بحیثیت مہمانان خصوصی شریک ہوئے ۔ تقریب ہذا میں کم و بیش ایک سو سے زائد صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب میں صحافت کی اہمیت اور اس کے تقاضوں پر بھی سر حاصل مکا لمہ ہوا ۔ ظفر عالم گورمانی اور مولوی محمد حسین سر ور مستوئی نے سماجی ترقی میں صحافت کو انتہائی ضروری قرار دیا اور کہا کہ صحافت معاشرے کی آنکھ اور بیداری اذہان کا اہم جزو ہے ۔ عبدالغفار احمدانی ایڈووکیٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً صحافت ایک عظیم مشن اور پیشہ پیغمبر ی ہے ۔ اس کے بغیر سماجی شعور قطعی نا ممکن ہے ۔ صحافی باہمی اختلافات بھلا کر جمہوری اقدار کو فروغ دیں ۔ تحصیل پریس کلب و انجمن صحافیان کوٹ چھٹہ کے الیکشن جمہوری سوچ کا آئینہ دار ہیں ۔ خلیل برمانی نے صحافت کی اہمیت کو مسلمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک صحافی ہی اپنے تمام تر محسوسات کو استعمال کرتے ہوئے خبر دیتا ہے ۔ افراد کی سوچچ کو تبدیل کرنے میں صحافی کا کر دار نا قابل تردید ہے۔ اسی طرح سماجی و معاشرتی ترقی میں صحافی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ صحافی و سرائیکی شاعر صغیر احمدانی نے جہاں صحافت کے موضوع پر روشنی ڈالی وہاں سرائیکی شاعر ی سنا کر حاضر ین کو محظوظ بھی کیا۔ راقم الحروف ( کالم نگار منشاء فریدی) نے کہاکہ عالمی سطح پر انسانی ارتقاء صحافت کی بدولت ہے ۔ اگر ابلاغ ( صحافتی فورمز ) نہ ہوتے تو آج کا انسان بھی تہذیب کی سطح پر عریاں ( بے لباس ) ہوتا ۔ راقم نے اپنی سرائیکی شاعری سے ’’بند‘‘ ( ڈوہڑہ) سنا کر اپنا نقطہء نظر بیان کیا ۔
ؔ کئیں آکھیے محشر قائم نئیں اتھاں شام سویر قیامت ہے
بھوئیں وانگ تراماں تھی گئی ہے جتھاں رکھدوں پر قیامت ہے
ہن تھیسن فیصلے عملیں دے نئیں دیرد بیر قیا مت ہے
رہ منشاء محو عبادت وچ اجھو ملسن بیر قیامت ہے

ڈیرہ غازیخان کے سینئر صحافی اور دانشور ملک سراج احمد نے صحافت اور رپورٹنگ پر سیر حاصل اور کلیدی گفتگو کی ۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ صحافی کو چاہیے کہ وہ اپنی رپورٹس میں سچائی اور احتیاط کا دامن نہ چھوڑے ۔ موجودہ دور صحافیوں کیلئے انتہائی پر خطر ہے ۔ اس لئے وقت کے تقاضے سمجھنا صحافیوں کی ذمہ داری میں شامل ہے۔انہوں نے بطور خاص راقم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کل منشاء فریدی اداروں خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے زیر عتاب ہیں ۔ ضلعی صدر بار ڈیرہ غازیخان بہرام خان بزدار نے کہا کہ اعلیٰ صحافتی اقدار اور مقاصد کے حصول کیلئے صحافتی حلقوں میں جمہوری عمل انتہائی ضروری ہے ۔ تحصیل کوٹ چھٹہ میں جمہوری فورم کی جیت اصل میں صحافت میں جمہوری اقدار کی جیت ہے ۔ اپنے بھائی کا تحفظ اور اس کے حق میں آواز بلند کر نہایت ہی ضروری ہے ۔ بشرطیکہ اس میں غلطی کا شائبہ نہ ہو۔ بعد ازاں ضلعی صدر بار ڈیرہ غازیخان بہرام بزدار ایڈ ووکیٹ نے جمہوری فورم کے منتخب عہدیداران سے حلف لیا ۔ تحصیل صدر پریس کلب بلال میرانی نے پریس کلب کی عمارت کے قیام کیلئے انتظامیہ کو آگاہ کیا اور تحصیل صدر انجمن صحافیان خلیل چنگوانی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کیلئے جمہوری فورم کی طرف سے پر تکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔
Mansha Faridi
About the Author: Mansha Faridi Read More Articles by Mansha Faridi: 66 Articles with 51867 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.