مائی پیج، فیس بُک سے بھی بِہترین

محترم قارئین السلامُ علیکم
میں نے اسم اعظم کے کالم میں کافی عرصہ قبل کہا تھا کہ جب بھی ہماری ویب نے پرائیویٹ میسج کی فیسلیٹی فراہم کی ہم فیس بُک کو چھوڑ دیں گے پھر کرنا خُدا کا یہ ہُوا کہ ہماری ویب نے مائی پیج مُتعارف کرا دیا ابھی ہم سوچ ہی رہے تھے کہ کاش اس پر پرسنل میسج کی سہولت بھی مُیسر آجائے کہ فیس بُک والوں نے لاکھوں مُسلمانوں کی غیرت کو للکارہ جواباً مسلمانوں نے بھرپور یکجہتی کا مُظاہرہ کرتے ہوئے فیس بُک کا بائیکاٹ کر ڈالا بائیکاٹ تو میں نے بھی کرلیا لیکن ایک پریشانی تھی کہ کئی احباب اپنی روحانی اُلجھنوں اپنی پریشانی کے سبب فیس بُک پر ہم سے روزانہ رابطہ کیا کرتے تھے حکومت پاکستاں نے بھی اہم رول ادا کیا اور پی ٹی اے کی جانب سے فیس بُک پر پابندی کا اعلان سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں کیا گیا۔

ایک دوست نے پرائیویٹ ای میل کے ذریعے ہمیں بتایا کہ ایک ایسی ویب سائٹ ہے جو بلاکڈ سائٹ کو بھی کھول دیتی ہے آپ اِس کے ذریعہ سے لوگوں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ میں نے عرض کیا جناب بات یہ ہے کہ اگر حکومت پابندی نہ بھی لگاتی تب بھی کس مسلمان کی غیرت گوارا کرے گی کہ وہ دُشمن مُصطفےٰ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی کسی بھی طرح اِعانت کرے یا اُس سے خفیہ میل جول رکھے لہٰذا اِن اغیار کو باور کرانے کیلئے کہ ابھی غیرت مسلم زندہ ہے ہم اس بائیکاٹ کو تا حیات قائم کرنے کی کوشش کریں گے انشاءَاللہ عزوجل۔

البتہ کوئی ایسا طریقہ بھی اختیار کریں گے کہ جِن مسلمانوں تک یہ پیغام نہیں پُہنچ پایا ہو اُنہیں بھی اِس ناپاک اور بدبُودار دلدل سے نکالیں۔

اب خُدا کی قدرت دیکھیے کہ جہاں فیس بُک نے اپنی مُسلم دُشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے گُُستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا اہتمام کیا اور مسلمان دلبرداشتہ تھے اللہ کریم نے ہماری ویب کے ذمہ داران کو یہ توفیق عطا فرمائی کہ اُنہوں نے “ مائی پیج “ کو فیس بُک کے مُتبادل کے طور پر پیش کردیا اگرچہ یہ خاص اس پس منظر میں نہیں بنائی گئی لیکن اسکا اجراء اُسی وقت کے قریب ترین تھا ہوسکتا ہے اللہ کریم نے اِن اِحباب کے قلوب میں یہ بات ڈال دی ہو کہ میرے سوھنے محبوب صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گُستاخی کا ارداہ کُفار ناہنجار و بدکار کئے بیٹھے ہیں تو اُنکی کوشش اُن ہی پر اُلٹ دو کہ کسی کے گُستاخی کرنے سے سوھنے مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان تو ذرہ برابر بھی نہیں گھٹتی البتہ گُستاخ نبی علیہ السلام عبرت کا نمونہ بنتے رہے ہیں اور بنتے رہیں گے۔

جب میں نے اپنا پہلا کالم مائی پیج کے حوالے سے لکھا تو آپ سبھی نے اُسے پسند کیا تھا یہ درحقیقت میری نہیں بلکہ ہماری ویب کو خراج عقیدت تھا میں بھی ہماری ویب کو اِس کوشش پرخُلوص دِل سے سلام پیش کرتا ہوں اور خراجِ عقیدات کے طور پر یہ کالم اِن کی نظر کرتا ہوں ہماری ویب کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ ہماری ویب پر جو کالمز فیس بُک کی خباثت کے مُتعلق لکھے گئے اُنہوں نے بھی عوام میں بیداری کی لہر پیدا کی اور لوگوں کے خوابیدہ شعور کو جگانے کا سبب بھی بنی۔

یہ ہم سب مسلمانوں کا فرض بھی ہے اور عشق نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تقاضہ بھی کہ ہم اِن کُفار بد اطوار کی تخلیقات اور اشیاء کا نہ صرف بائیکاٹ کریں بلکہ اپنے دوسرے مسلمان بھائیوں کو بھی آگاہی دیں۔

اب آتے ہیں اس پہلو کی جانب کہ کس طرح “ مائی پیج “ فیس بُک سے بہتر ہے تو جناب مائی پیچ پر آپ کو پرائیویٹ میسج، شئیرنگ، کیساتھ ساتھ، بیک وقت آن لائن گیم کھیلنے کے لئے کہیں اور جانے کی ضرورت نہیں، اگر آپ کا دِل شاعری پڑھنے کو چاہے یا اپنے من پسند آرٹیکل، اِسی صفحے پر یہ سہولت موجود ہے چیٹنگ کی سہولت بھی آپ کو حاصل ہے سب سے بڑھ کر اسلامی رابطہ جس کی بدولت قُرآنِ پاک پڑھ اور سُن سکتے ہیں، کھانا پکانے کی ترکیبیں، بھی ہیں تو ڈکشنری، اور تازہ ترین خبریں بھی ہیں۔ کیا یہ سب فیس بُک میں موجود ہے؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس سے اپنائیت کی مہک آتی ہے۔

میری جانب سے ہماری ویب کے ذمہ داران سے التجا ہے کہ آپ اس میں ڈیزائینگ کا شوق رکھنے والوں کیلئے پکچر فارمیٹ بھی شئیر کرنے کی اجازت دیں تاکہ جنکا تعلق فنون لطیفہ کے اس شعبہ سے ہے اُنکی تشنگی بھی دور ہُو اور لوگ اپنی ذاتی تخلیقات کو شئیر کر سکیں۔

محترم قارئین یہ ہم سب کی ویب ہے جسکا نام بھی ہماری ویب ہے اب ہم سب کی بھی ذمہ داری ہے کہ اس کی ترویج و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اپنے دوست احباب کو یہاں آنے کی دعوت دیں اگر ابھی تک آپ نے مائی پیج پر اپنا اکاؤنٹ نہیں بنایا ہے تو آج ہی رجسٹرڈ ہوجائیں یقین کریں آپ کو بُہت لُطف آئے گا۔ اگر آپ کوئی تجویز دینا چاہیں تو ضرور دیں انشاءَ اللہ اُمید ہے کہ ہماری ویب کی ٹیم اس پر غور ضرور کرے گی
ہماری ویب کی ٹیم سے میری درخواست ہے کہ اسکی پہچان اسکا انداز ہمیشہ پاکستانی اور اسلامی رہنا چاہیئے اِس بات کا آپ ہمیشہ اہتمام رکھیے گا اور اسکے ساتھ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں ہماری ویب کی ٹیم کا بھی شُکریہ ادا ہونا چاہئے سو سب سے پہلے میں ہماری ویب کی تمام ٹیم کو “ مائی پیج“ کے اجرا پر بُہت بُہت مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ آپ لوگ اسے دُنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بنائیں گے۔
ishrat iqbal warsi
About the Author: ishrat iqbal warsi Read More Articles by ishrat iqbal warsi: 202 Articles with 1099806 views مجھے لوگوں کی روحانی اُلجھنیں سُلجھا کر قَلبی اِطمینان , رُوحانی خُوشی کیساتھ بے حد سکون محسوس ہوتا ہے۔
http://www.ishratiqbalwarsi.blogspot.com/

.. View More