اسلام میں شادی کا تصور : نکاح کی اہمیت اور ضرورت

نکاح اور شادی انسانی فطرت کا خاصہ اور اس کی ضرورت ہے۔ جس کا تصور ہر مذہب میں بہ صورتِ مختلف موجود ہے۔ نکاح کرنے سے انسان بہت ساری برائیوں اور بد اعمالیوں سے محفوظ ہوجا تا ہے۔ گھروں میں خیر و برکات کا نزول ہوتا ہے اور معاشی تنگ دستی بھی دور ہوجا تی ہے ۔ نکاح کے بے شمار فوائد و ثمرات ہیں ۔ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات مذہب ہے۔ اس نے اپنے پیروکاروں کی ہر میدان میں رہِ نمائی فرمائی ہے۔ زندگی، موت، بعد الموت اور آخرت وغیرہ سے متعلق اس نے کوئی بھی تشنگی نہیں چھوڑی ہے۔

اسلام میں نکاح اور شادی کا تصور اپنے اندر طہارت اور پاکیزگی لیے ہوئے ہے۔ ذخیرۂ احادیث میں بہ کثرت حدیثیں اس کی ترغیب، ضرورت و اہمیت، نکاح کی شرائط، نکاح سے پہلے باہمی مشورت، لڑکی کی رضامندی، مہر، طریقۂ نکاح ، ولیمہ اور جہیز وغیرہ شادی سے متعلق دیگر جملہ امور کی صحیح ادایگی کا طریقہ بتاتی ہیں۔احادیث ِ رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اور سنتِ رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے اگر زندگی کے شب و روز بسر کیے جائیں تو ہمارا ماحول پاکیزگی کا نمونہ بن جائے گا۔ صالح اسلامی معاشرے کی تعمیر و تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی اخلاق و آداب کو کماحقہٗ حاصل کرتے ہوئے عمل کے چراغ روشن کریں ۔

رسولِ کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے نکاح اور شادی کی ترغیب دی ہے اور اس کی اہمیت اور ضرورت کو بیان بھی فرمایا ہے ۔ احادیثِ طیبہ کے مطالعہ کی روشنی میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نکاح کرنا مسلمان کے لیے بہت سارے فوائد و ثمرات اور برکات کا خزینہ ہے۔

آقاے کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا فرمانِ عالی شان ہے کہ : یہ دنیا متاع ہے اور اس کی بہترین متاع نیک عورت ہے۔ (مسلم شریف)

نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ والا شان یہ بھی ہے کہ : وہ مرد مسکین ہے، وہ مرد مسکین ہے ، جس کی بیوی نہیں ۔ صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے عرض کی ، یارسول اللہ (ﷺ)! اگرچہ اُس کے پاس مال ہو؟ آپ(ﷺ) نے فرمایاکہ ہاں! تب بھی وہ مسکین ہے ، پھر آپ(ﷺ) نے فرمایا : وہ عورت مسکینہ ہے جس کے شوہر نہیں ۔ صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے دوبارہ عرض کی، یارسول اللہ (ﷺ)! اگرچہ اُس کے پاس مال ہو؟ آپ(ﷺ) نے فرمایاکہ ہاں! تب بھی وہ مسکینہ ہے ۔

ایک مرتبہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی ٰعنہ نے شادی نہ کرنے کا ارادہ کیا، جب یہ خبر ان کی بہن ام المؤمنین حضرت سیدہ حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو پہنچی تو انھوں نے کہا کہ بھائی ! تم شادی کرلو ، اگر کوئی بچہ پیدا ہوا اور زندہ رہا تو تمہارے حق میں دعاے خیر کرے گا۔

حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ فرماتے ہیں … جب تم میں کوئی نکاح کرتا ہے تو شیطان کہتا ہے ہاے افسوس! ابن آدم نے مجھ سے اپنا دو تہائی دین بچالیا۔ (بہار شریعت)

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰعنہ سے مروی ہے کہ حضور انور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جو خداے تعالیٰ سے پاک و صاف ہوکر ملناچاہے وہ آزاد عورتوں سے نکاح کرے۔( ابن ماجہ)

حضرت مجا ہد رحمۃ اللہ تعالی ٰعلیہ کا بیان ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی ٰعنہ نے حضرت سُمیع رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت کُریب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بلا کر کہا کہ تم دونوں اس عمر کو پہنچ گئے ہوجس میں مرد ازدواجی زندگی کے قابل ہوجاتے ہیں اس لیے تم میں جو چاہے میں اُس کی شادی کردوں؟ جب کوئی شخص بدکاری میں مبتلا ہوجاتا ہے تو اس سے اللہ تعالیٰ اسلام کا نور سلب کرلیتا ہے ، پھر اس کی مرضی واپس کرے یا نہ کرے۔(کنزالعمال ج ۸ ص ۲۸۷)

حضرت ہشام بن جحیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے طاؤس سے روایت کی ہے کہ نوجوان کی عبادت اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک کہ وہ نکاح نہ کرلے۔

حضرت امیر المؤمنین ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انھوں نے فرمایاکہ اللہ نے جوتمھیں نکاح کا حکم فرمایا ہے تو تم اس کی اطاعت کرو ، اس نے غنی کرنے کا وعدہ کیا ہے پورا فرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اگر وہ فقیر ہوں گے تو اللہ انھیں اپنے فضل سے غنی کردے گا۔(ابن ابی حاتم)

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: اے جوانو!تم میں جو کوئی شادی کی استطاعت رکھتا ہے وہ شادی کرلے کیوں کہ یہ اجنبی عورت کی طرف نظر کرنے سے نگاہ کو روکنے والااور شرم گاہ کی حفاظت کا بہترین ذریعہ ہے اور جو اس کی استطاعت نہیں رکھتا وہ روزہ رکھے کیوں کہ روزہ قاطعِ شہوت ہے۔(مسلم شریف)

ان احادیثِ طیبہ سے نکاح اور شادی کی ضرورت اور اہمیت کا بہ خوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مسلمان نوجوانوں کو شادی کرنا کتنا ضروری ہے ۔ نکاح کرنے سے انسان کے بدکاری میں مبتلا ہونے کا اندیشہ نہیں رہتا، بدنگاہی اور دیگر افعالِ ناپسندیدہ سے حفاظت کے ساتھ تسکینِ طبع کا سامان مہیا ہوجاتاہے اور اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے غنی کردیتا ہے۔

Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi
About the Author: Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi Read More Articles by Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi: 409 Articles with 597257 views

Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi

Date of Birth 01/06/1979
Diploma in Education M.A. UGC-NET + Ph.D. Topic of Ph.D
"Mufti e A
.. View More