مزیدار پکوانوں سے کیجیے عیدالفطر کا مزہ دوبالا

نئے کپڑوں کی چمک٬ کلائیوں میں شور مچاتی چوڑیاں٬ مہندی سے سجے ہاتھ٬ باورچی خانے سے شیر خورمہ اور بریانی کی خوشبو٬ ایسا ماحول تو صرف عید پر ہی ہوتا ہے- بلاشبہ عید الفطر ایک ایسا تہوار ہے جو مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک میں کی گئی عبادتوں کا صلہ بن کے اﷲ تعالیٰ کی طرف سے آتا ہے- یہی وجہ ہے کہ ہر شخص اس کو بھرپور طریقے سے منانے کے لیے خصوصی تیاری کرتا ہے- بناؤ سنگھار کے علاوہ مزے مزے کے کھانوں کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے-

عید پر مہمانداری تو ہوتی ہی ہے اور ساتھ میں دعوتوں کا سلسلہ بھی چلتا رہتا ہے- ایسے میں عید کے دسترخوان کو ترتیب دینا خواتین کی اولین ترجیح ہوتی ہے- سب سے اہم سوال جو ذہن میں اٹھتا ہے وہ یہ کہ عید پر آخر کیا پکائیں؟

اس مضمون کے ذریعے ہم آپ کو ایسے لذیذ پکوانوں سے روشناس کروائیں گے جن کو دیکھتے ہی آپ کے منہ میں پانی آجائے گا اور “ کیا پکانا ہے “ یہ فیصلہ کرنے میں بھی آسانی ہوگی-
 

شیر خورمہ - عید کی میٹھی روایت:
عید کا دسترخوان ہو اور شیر خورمہ نہ ہو ایسا تو ممکن ہی نہیں٬ دودھ٬ سویوں اور میوہ جات سے بنی یہ منفرد ڈش عید الفطر کی خاص سوغات ہے- ہر گھر میں عید کی صبح گھر کی خواتین شیر خورمہ تیار کرتی ہیں- عید کے دن کا آغاز شیر خورمہ کھا کر کرنا نہ صرف ہماری روایت ہے بلکہ ہر چھوٹے بڑے کی اولین پسند بھی ہے-

image


چکن بریانی - ہر دسترخوان کی جان:
گھر میں داخل ہوں اور مزیدار چکن بریانی کی مہک آپ کا استقبال کرے٬ اس سے اچھی بات تو ہو ہی نہیں سکتی- مصالحے دار اور لذیذ چکن بریانی ہر چہرے پر رونق اور خوشی بکھیر دیتی ہے- عید کے دن اس کی تیاری سے عید کی خوشیاں دوبالا ہو جاتی ہیں- عید کے پرمسرت موقع پر بنائیے چکن بریانی ایک منفرد اندار میں اور اپنے گھر والوں اور مہمانوں کو پیش کر کے خوب داد وصولیں-

image


اسپشل چکن کڑاہی - مہمانوں کی پسندیدہ:
چکن کڑاہی ہمارے کھانوں میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے- عید کا تہوار ہو یا خاص مہمانوں کی تواضح کرنی ہو٬ اسپیشل چکن کڑاہی کی تیاری ہر گھر کی خواتین بڑے اہتمام سے کرتی ہیں- دیسی مصالحہ جات سے تیار کردہ عمدہ چکن کڑاہی نہ صرف کھانے میں لذیذ ہوتی ہے بلکہ اس کی تیاری بھی نہایت آسان کام ہے- تو اس عید الفطر پر آپ بنا رہے ہیں نا اسپیشل کڑاہی-

image


گلاب جامن - بڑوں کی فرمائش:
میٹھی عید کے موقع پر میٹھی ڈش کی تیاری اہمیت رکھتی ہے- پرانے وقتوں میں خواتین گھر پر ہی روایتی میٹھے تیار کرتی تھیں- مگر وقت کے ساتھ ساتھ اس روایت میں تبدیلی آتی گئی اور بازار میں تیار کردہ مٹھائیوں کو ترجیح دی جانے لگی- وقت چاہے جیسا بھی ہو٬ گھر پر تیار کردہ مٹھائیوں کا اپنا الگ مزہ ہے- گلاب جامن ہر خاص و عام کی اولین پسند ہیں- اور اس کی گھر پر تیاری بھی نہایت آسان ہے- اس عید الفطر بازار سے مٹھائی کا ڈبہ خریدنے کے بجائے گھر پر گلاب جامن تیار کیجیے- ہمیں امید ہے کہ گرما گرم گلاب جامن آپ کے مہمانوں کے دل میں ضرور گھر کر لیں گے-

image


سوئیٹس اینڈ کیک - بچوں میں مقبول:
روایتی مٹھائیوں کے علاوہ٬ عید الفطر پر نئے انداز کے کیک اور میٹھی ڈشز بھی تیار کی جاتی ہیں- مقبول ترین کیک جیسے کہ چاکلیٹ کیک٬ بلیک فورسٹ کیک اور پائن ایپل کیک وغیرہ بڑی آسانی سے گھر میں بیک کیے جاسکتے ہیں- اگر عید کے دن آپ کے گھر سسرال والوں کی دعوت ہے تو ان کی تواضح کرنے کے لیے نت نئی ڈشز جیسے کہ اسٹربیری یوگرٹ ڈیلائٹ٬ کجھور کا حلوہ٬ بادام کی کھیر وغیرہ تیار کی جاسکتی ہے- ہمیں امید ہے کہ اس عید آپ کے مہمان آپ کے سلیقے اور محنت کی داد دیے بغیر نہیں رہ سکیں گے-

image
YOU MAY ALSO LIKE:

Good food definitely brings happiness on faces! This Eid ul Fitr decorate your dining table with some mouth watering recipes and present them to your guests and family. Share love with some delicious recipes suggested in this article.