تمام کالمز نِگار سے مجھے کُچھ کہنا ہے

ہماری ویب پر لکھنے والے تمام کالمز نِگار اور قارئینِ کرام کی خدمت میں سلام

میرا آج کا یہ کالم بالخُصوص کالمز لکھنے والوں کے لئے ہے اور بالعموم قارئین کیلئے بھی ہے۔ کافی عرصے سے ایک کُڑھن دِل میں موجود تھی بَسا اوقات تو اِس تکلیف کی وجہ سے دِل چاہتا ہے کہ قلم تُوڑ ڈالوں اور نیٹ سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے رِشتہ اور رابِطہ تُوڑ ڈالوں لیکن پھر یہ سوچ کر کہ کسی نہ کسی کو تُو آواز اُٹھانی ہی پڑے گی کسی نہ کسی کو تو یہ محاذ جنگ بھی سنبھالنا ہی ہوگا۔ کِسی نہ کسی کو تو پہلا پتھر پھینکنا ہی ہوگا سو یہ پہلا پتھر میں ہی پھیکنے کی سعی کیوں نہ کروں۔

پہلے تو میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ دِین اسلام میں اختلافِ رائے جو کہ اُمت میں فروعی معاملات میں پایا جاتا ہے باعِث رحمت ہے جس کے سبب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تمام سُنتیں زندہ ہیں جیسا کہ رفع یدین کے معاملے اختلاف اُمت ہے تو کچھ لوگ آج بھی اِس سُنت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں جبکہ حنفی مسلک کی فقہی بُنیاد چونکہ صاحبُ النٰعلین حضرتِ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہُ کے طریقہ پر قائم ہے تو اہلسُنت رفع یدین نہیں کرتے اس طرح دونوں سُنتیں آج چودہ سو برس گُزر جانے کے باوجود زندہ اور تابندہ ہیں اور اِس قسم کے بیشُمار فِقہی اختلاف اُمت میں موجود ہیں جو کہ باعِث رحمت ہیں اور اُسکی مثال ہیں چاروں فقہی مسالک جن کے اِماموں کے درمیان بے اِنتہا فقہی اختلاف کے باوجود بھی بے مِثال مُحبت اور ایک دوسرے کیلئے احترام کا جذبہ پایا جاتا تھا۔

لیکن کافی عرصہ سے ہماری ویب کے مذہبی شعبہ میں ایک جنگ کا سَماں قائِم و دائِم ہے یہاں اگر صرف فقہی اِختلاف رائے ہوتا تو یہ ایک دوسرے کی اصلاح کا باعث ہوتا اور اِس کے ذریعے سے سب کے عِلم میں بھی اضافہ ہوتا ہے لیکن تکلیف دہ اَمر یہ ہے کہ یہاں ایک دوسرے پر کیچڑ اُچھالنے کیساتھ ساتھ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شانِ عظیم کو بھی بعض لوگ مانپنے لگ جاتے ہیں وہ عظیم ترین ہستی جِن کے متعلق قُرآنِ مجید یہ ادب سِکھائے کہ اِنکا نام ایسے نہ لو جیسے دوسروں کا پُکارتے ہو اِن کی بارگاہ میں دھیما بُولو کہ کہیں تُمہارا ایمان نہ چِھن جائے جن کے لئے وَرِفَعنا لک ذکِرک کا تاج آئے جو باعِثِ تخلیق کائنات ہوں جنکی شان یہ ہو کہ
لا یمکن الثناء کما کان حقہ
بعد از خُدا بُزرگ توئی قصہ مختصر

اُنکی شان کو ہم اپنی عقلوں کے مُطابق پرکھیں یہ ہمارے ایمان کے ضائع ہونے کا سبب بھی بن سکتا ہے لہٰذا اس قسم کے کمنٹس یا کالمز جن میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بے ادبی کا شائبہ بھی ہو پبلش نہ کی جائیں یہی وہ خرابی ہے جس کے سبب آگے چل کر یہود و نصاریٰ کو بھی بے ادبی کا موقع مِل جاتا ہے امید ہے کہ آپ تمام کالم نویس اس سلسلے میں اپنی قیمتی آراء سے ضرور نوازیں گے جس کی وجہ سے ہم ہماری ویب پر کسی ایسے اصول پر مُتحد ہوجائیں کہ آئندہ اِس قسم کے تکلیف دہ عمل سے بچا جاسکے اور ہماری ویب پر آنے والے یہاں کے ہماحول سے مُتاثر ہوکر جائیں نہ کہ دِلبرداشتہ یا کبیدہ خاطر ہو کر لوٹیں۔ مجھے اُمید ہے کہ تمام کالمز نِگار اس سلسلے میں ضرور اپنی رائے دیں گے والسلام مع الاکرام
ishrat iqbal warsi
About the Author: ishrat iqbal warsi Read More Articles by ishrat iqbal warsi: 202 Articles with 1098953 views مجھے لوگوں کی روحانی اُلجھنیں سُلجھا کر قَلبی اِطمینان , رُوحانی خُوشی کیساتھ بے حد سکون محسوس ہوتا ہے۔
http://www.ishratiqbalwarsi.blogspot.com/

.. View More