ڈینگی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے؟

آج ایک اخبار میں بڑی سرخی لگی ہوئی تھی کہ’’ ڈینگی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘‘۔ اس خبر کو پڑھ کر مجھے ایک قرآنی واقعہ یاد آیا جو پیش خدمت ہے۔

22ویں پارے میں قوم سباء کے نام سے ایک سورہ مبارکہ ہے جس میں اس قوم پر اﷲ کے احسانات اور پھر ناشکری کے نتیجے میں آنے والے عذاب کا ذکر ہے۔اخباری خبر میں نظر آنے والا نعرہ قوم سباء نے بھی لگایا تھا۔ اﷲ تعالیٰ نے اس قوم کو بہت بڑے ڈیم کی شکل میں پانی کا وافر ذخیرہ دیا تھا، اس ڈیم کے اوپر نیچے تین دروازے تھے۔ اوپر والا دروازہ جب کھولا جاتا تو تین چار مہینے تک پانی بہتا رہتا پھر جب پانی کی سطح کم ہو جاتی تو یہ لوگ نیچے والا سپل وے(دروازہ) کھول دیتے پھر اس سے تین چار مہینے پانی بہتا رہتا ۔ پھر اس سے نیچے والا کھول دیتے، اور پھر مون سون کا موسم آجاتا اور بارشوں سے پورے سال کا پانی ذخیرہ ہوجاتا۔

اس تربیلا ڈیم کی طرز کے عظیم الشان ڈیم سے آگے دس بارہ نہریں نکلتی تھیں جو آگے کی تمام آبادیوں کو سیراب کرتی، باغ اور فصلیں خوب ہوتی تھیں۔ روایات کے مطابق اتنا پھل ہوتا تھا کہ کوئی شخص خالی ٹوکری سر پر رکھے باغ سے گزرتا تو خود بخود گرنے والے پھلوں سے وہ ٹوکری بھر جاتی۔ اس قوم پر اﷲ نے ایک احسان یہ بھی کیا تھا کہ ان راستے آج کل کے راستوں کی طرح تھے، یعنی ہر آٹھ دس میل کے بعد کوئی نہ کوئی آبادی اور بازار آجاتا تھا چنانچہ ان لوگوں کے قافلوں کو کسی قسم کی پریشانی کا مظاہر نہیں کرنا پڑتا تھا۔ اس قوم کی ہدایت کے لئے اﷲ تعالیٰ نے کئی پیغمبروں کو بھیجا، وہ دعوت وتبلیغ کرتے رہے لیکن مجموعی لحاظ سے قوم ہدایت سے دور ہی رہی، اس قوم کی تاریخ اور مقدس کتابوں میں یہ بات لکھی ہوئی تھی کہ ایک وقت آئے گا جب اس ڈیم کی بنیادوں میں چوہے پڑ جائیں گے، وہ چوہے اس کی بنیادوں کو کمزور کریں گے اور پھر ایک دن اچانک یہ بند ٹوٹ جائے گا جس کے نتیجے میں ساری قوم ڈوب کر ہلاک ہوجائے گی۔ یہ بات اس قوم کے بڑوں کو معلوم تھی، لیکن ان کا ذہن چونکہ سیکولر تھا اس لئے انہوں نے بجائے اس کے کہ اﷲ کی طرف رجوع کرتے، توبہ استغفار کرتے، نبیوں اور رسولوں کی تعلیمات پر عمل کرتے۔ الٹا اﷲ کے مقابلے میں کھڑا ہونے کا فیصلہ کیا۔ چنانچہ جب ناشکری اور نافرمانی حد سے بڑھ گئی، رسولوں اور ان کی تعلیمات کا استہزاء ہونے لگا تو اس ڈیم کی بنیادوں میں چوہے پیدا ہوگئے، جب قوم نے چوہوں کو دیکھا تو لوگوں کے دو گروہ بن گئے، ایک اقلیتی گروہ تھا جس کا کہنا تھا وہ عذاب ہم پر آنے والا ہے جس کا ہماری کتابوں اور پیغمبروں کی تعلیمات میں ذکر ہے اس لئے ہمیں توبہ استغفار کرتے ہوئے اﷲ کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ جبکہ دوسرا گروہ جو اکثریت میں تھا کہنے لگا ، چوہے تو کوئی مسئلہ ہی نہیں ہم ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوء ان چوہوں کا خاتمہ کردیں گے۔ چنانچہ اس وقت کے لحاظ سے جو دستیاب ٹیکنالوجی چوہوں کو ختم کرنے کے لئے تھی اسے استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس وقت چوہوں کو ختم کرنے کے لئے بلیوں کا استعمال کیا جاتا تھا، چنانچہ سینکڑون بلیاں جمع کرکے ڈیم کے آس پاس اور اس کی بنیادوں میں چھوڑ دی گئیں۔ اقلیتی گروہ نے قوم کے سیانوں اور لیڈروں کو بہتیرا سمجھایا کہ بھائی اﷲ کے عذاب کا مقابلہ ٹیکنالوجی سے نہیں کیا جاسکتا بلکہ توبہ استغفار کے دو کلمات ہمیں اس عذاب سے بچا سکتے ہیں۔لیکن اس اکثریتی روشن خیال طبقے نے اقلیتی گروہ کی باتوں کو دقیانوسی قرار دے کر بنیاد پرست، جاہل،اجڈ اور تاریک خیال ہونے کے طعنے دیتے ہوئے ان کی نصیحت کو رد کردیا۔چنانچہ وہ اقلیتی گروہ وہاں سے ہجرت کرکے مدینہ منورہ جو اس وقت غیر آباد تھا یہاں آکر آباد ہوگیا اور پھریہی مدینہ کی آبادی کا سبب بنا۔ جبکہ دوسرا گروہ بلیاں چھوڑ کر اﷲ کے عذاب کا مقابلہ کرنے میں لگا رہا۔ اﷲ تعالیٰ نے چوہوں کو اتنا بڑا کردیا کہ وہ الٹا بلیوں کو کھانے لگے، اور بلیاں ان سے جان بچا کر بھاگ جاتیں تھیں، چوہے حکم الٰہی کے مطابق ڈیم کی بنیادوں کو کمزور کرتے رہے، اور پھر ایک دن جب ڈیم بھرا ہوا تھا،اچانک اس کا بند ٹوٹا اور وہ تباہی پھیلی جس کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔لوگ ہلاک اور تباہ وبرباد ہوگئے، فصلیں ختم ہوگئیں، باغات اجڑ گئے، زمین بنجر ہوگئی۔ عمدہ قسم کے باغات کی جگہ جھاو اور بیری کے چند ایک درخت اگ گئے اور ہرطرف ویرانی ہی ویرانی ہوگئی۔ اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں ہم ناشکری کرنے والوں کو ایسا ہی بدلہ دیتے ہیں۔

آج کچھ اسی طرح کی صورتحال کا سامنا اس امت کو بھی ہے، اگرچہ اﷲ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ وہ اس امت کو اس طرح مجموعی لحاظ سے ساری کی ساری ہلاک نہیں کرے گا جس طرح پہلی قومیں ہلاک ہوا کرتی تھیں، لیکن چھوٹے چھوٹے عذاب اس طرح ٹوٹ پڑے ہیں جیسے تسبیح کا دھاگہ ٹوٹ جائے تو یکے بعد دیگرے دانے گرنے لگتے ہیں۔ آج بھی نہایت ہی اقلیتی تعداد میں ناصحین امت اس امت کے رہنماوں اور لیڈروں کو یہی سبق دے رہے ہیں کہ اﷲ کی طرف رجوع کیا جائے، توبہ استغفار کیا جائے، فحاشی، بے حیائی،ارتداد،الحاد اور دین بیزاری کو روکا جائے لیکن نا م لبرل اور نہاد روشن خیال طبقے کو یہ بات سمجھ نہیں آتی، اوروہ قوم کو اﷲ کا مقابلہ کرنے کا سبق پڑھا رہے ہیں، ایسے نعرے لگائے جارہے ہیں کہ ہم نے عذاب سے ڈرنا نہیں بلکہ اس کا مقابلہ کرنا ہے، یہ نعرے باقاعدہ بڑی پلاننگ اور سوچ بچار سے ملحدین تیار کرتے اور پھر عام کیے جاتے ہیں، ان نعروں کی آڑ میں نہ صرف دین بیزاری بلکہ اﷲ بیزاری کا بیج خفیہ طریقے سے قوم کے ذہنوں میں بویا جارہا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ دین دار طبقات، مصلحین امت اور خیرخواہان قوم لوگوں کی صحیح سمت میں رہنمائی کریں۔
Syed Abdulwahab Sherazi
About the Author: Syed Abdulwahab Sherazi Read More Articles by Syed Abdulwahab Sherazi: 78 Articles with 81666 views Writer, Speaker, Mudarris.
www.nukta313.blogspot.com
.. View More