عصر حاضر میں پرنٹ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا عوام میں
آگاہی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔تاریخ کے حوالے سے پرنٹ میڈیا سب سے قدیم
ذریعہ ہے پھر بالترتیب الیکٹرانک اورسوشل میڈیاآتے ہیں۔فی زمانہ عوام میں
الیکٹرانک میڈیا کی رسائی کا تناسب پرنٹ اور سوشل میڈیا کے مقابلے میں
زیادہ ہے،عوام کو جب بھی تازہ ترین خبر جاننا ہوتی ہے تو ٹی وی آن کرکے
خبریں سن اور دیکھ لیتے ہیں،ٹی وی پر خبروں کے ساتھ ساتھ سیاسی
،معاشی،مذہبی اور سماجی حالات کے حوالے سے معلوماتی و تجزیاتی پروگرام بھی
نشر ہوتے ہیں جس میں شرکائے گفتگو بحث میں حصّہ لیتے ہیں اور اپنی رائے سے
بھی آگاہ کرتے ہیں،ان پروگرامز میں حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں،ارکان
اسمبلی کے علاوہ،دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما اور ارکان سمبلی اورسیاسی
،معاشی،مذہبی اور سماجی تجزیہ نگار شامل ہوتے ہیں،ان پروگرامزکا مقصد عوام
میں سیاسی،معاشی،مذہبی و سماجی شعور بیدار کرنا ہوتا ہے لیکن مشاہدہ یہی ہے
کہ اکثر پروگرامز بحث برائے بحث اور مخالفت برائے مخالفت پر مبنی ہوتے ہیں
، بعض دفعہ تو شرکائے گفتگو باہم دست و گریباں بھی ہو جاتے ہیں، موضوع بحث
پس پشت چلاجاتا ہے اور افرا تفری کی صورتحال میں پروگرام کے اختتام کا
اعلان کرنا پڑتا ہے،اسی وجہ سے عوام کا رجحان ،ان پروگرامز کی طرف بتدریج
کم ہورہا ہے اور عمومی مشاہدہ یہی ہے کہ اس طرح کے پروگرام دیکھ کر عوام
کسی نتیجے پر پہنچنے کی بجائے، مزید ذہنی خلفشار کا شکار ہورہے ہیں۔ اسی
طرح ریٹنگ کی دوڑ میں فوری خبر یا بریکنگ نیوزاس طرح پیش کی جاتی ہیں ،جس
سے عوام میں پریشانی اور ہیجان برپا ہونے کا خدشہ رہتا ہے،خبر کی درست
نوعیت، صحت اور تصدیق پر توجہ دینے کی بجائے، توجہ یہ ہوتی ہے کہ خبر نشر
کر نے میں ہمارا چینل سبقت لے جائے ،اسی لیے بعض دفعہ فوری خبر درست ثابت
نہیں ہوتی ،کچھ دیر بعد خبر کی اصل نوعیت کاپتہ چلتا ہے، کرکٹر حنیف محمدکے
انتقال کی خبربھی جلد بازی میں نشر کی گئی اور فوری طور پرسابقہ کرکٹرز نے
چینلز پر ان کی خدمات پر اور موت سے پیدا ہونے والے خلا کو لے کر تبصرے بھی
کرنے شروع کردیئے ،کچھ دیر بعد ان کے پھر سے زندہ ہونے کی خبر چلانی
پڑی،مزید مثالیں بھی پیش کی جاسکتی ہیں لیکن فی الوقت اسی پر اکتفا کرتے
ہیں۔ معاشرے میں بے راہ روی،جرائم کے واقعات ا و رحادثات بھی وقوع پذیر
ہوتے رہتے ہیں،ان واقعات و حادثات کی خبریں نشر کرنے کے ساتھ،ٹی وی چینلز
نے ان واقعات کی ڈرامائی تشکیل کرکے نشر کرنا شروع کردیا ،اس سے بھی گھریلو
ماحول پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑا ، بلکہ اکثر پروگرا م تو ایسے ہوتے تھے کہ
خاندان کے تمام افراد بیٹھ کر دیکھ ہی نہیں سکتے تھے ،اسی وجہ سے اب ان
پروگرامز پر پیمرا کی طرف سے پابندی لگائی جا چکی ہے، سوشل میڈیا کی حالت
زار ٹی وی سے بھی ابترہے، من گھڑت خبریں،جعلی و فحش تصاویر اور ویڈیو،
سیاسی و مذہبی مخالفین کے ساتھ گالم گلوچ اور نجانے کیاکیا ،جس کا تذکرہ
کرتے ہوئے بھی زبان لڑکھڑا جائے،سوشل میڈیا کا افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ
اس کا استعمال عمومی طور پر نوجوان و نوعمر طبقہ کر رہا ہے،جس میں اکثریت
طلباء کی ہوتی ہے ،عمر کے اس حصّے میں صحتمند غیر نصابی سرگرمیاں ،طلباء کی
تعلیم میں معاون ہوتی ہیں،جس میں کھیل و کود کو اوّلیت حاصل ہے،کھیل و کود
طلباء کی ذہنی و جسمانی نشو نما کے لیے اشد ضروری ہیں لیکن کمپیوٹر اور
موبائل نے طلباء کی اکثریت کو کھیل و کود جیسی صحتمند غیر نصابی سرگرمیوں
سے دور کردیا ہے، مشاہدہ یہی ہے کہ گھر تو گھر ،سماجی تقریبات میں بھی
شرکاء موبائل پر مصروف ،اپنی دنیا میں مگن رہتے ہیں،جس سے جہاں خاندانی
نظام میں دراڑیں پیدا ہورہی ہیں ،وہیں سماجی تقریبات کی افادیت بھی ختم
ہوتی جارہی ہے، مکالمہ جو مہذب معاشروں میں ہمیشہ ہر مسئلے کا حل تلاش کرتا
رہاہے،سوشل میڈیا کی وجہ سے ختم ہوتاجارہا ہے، اسی لیے معاشرے میں صبر و
تحمّل کا فقدان ہے۔الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی کی حالت کو دیکھتے ہوئے ،
رواں سال سینیٹ اور قومی اسمبلی نے ایک متنازعہ بل PECB 2015 منظور کیا ہے
،جس کو سائبر کرائم بل کہا جاتا ہے ،جویکم ا گست سے نافذالعمل ہے،گو کہ اس
بل کی کچھ شقوں پر ہر طبقہ فکر سے تنقید کا عمل جاری ہے ،کیونکہ اس بل کہ
نفاذ سے جہاں شخصی آزادی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،وہیں صحافتی آزادی بھی
متاثر ہوتی نظر آتی ہے لیکن اس بل کی منظوری میں الیکٹرانک میڈیا کی غیر
ذمّہ دارانہ صحافت اور سوشل میڈیا پر برپا ہونے والی طوفان بدتمیزی کا بھی
بہت بڑا دخل ہے ،اب جب کہ سائبر کرائم بل قانون کا حصّہ بن چکا ہے تو امید
کی جاتی ہے کہ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے رویّے تبدیل ہونگے ،ہر طرح کے
معلوماتی و تجزیاتی پروگرامز میں بامقصد بحث اورتعمیری تنقید کی بنیاد پڑے
گی اور مکالمہ جو موجودہ ملکی حالات میں انتہائی ضروری ہے ،اس کی روایت پڑے
گی ،اس طرح سوشل میڈیا پر بھی من گھڑت خبروں ،جعلی و فحش تصاویر و ویڈیو
اور گالم گلوچ میں کمی آئے گی ۔میڈیا پرنٹ میڈیا بھی یقینا نقائص سے یکسر
پاک نہیں ہے لیکن اخبارات میں خبر چھپنے سے پہلے اس کی نوعیت،صحت اورصداقت
پر غور کرنے کے بعد ہی اشاعت کے لیے بھیجاجاتا ہے،یہی معاملہ تصاویر کی
اشاعت میں اپنایا جاتا ہے، ادارتی پالیسی اور صحافتی اقدار کو مدّنظر رکھتے
ہوئے ،کالم ،تبصرے،قارئین کی آراء اور اشتہارات چھاپے جاتے ہیں،اس لیے اہل
علم و دانش کے ساتھ باشعور عوام اخبارات میں شائع ہونے والے اداریوں،
خبروں،کالموں اورتجزیوں کو پڑھ کر کوئی رائے قائم کرتے ہیں،یہ بھی دیکھا
گیا کہ مقتدر قوتیں ،حکمراں اور اعلی عدالتیں بھی اخبارات میں شائع ہونے
والی خبروں اور رپورٹوں پر بھروسہ کرتے ہوئے،ازخود نوٹس لے کر متعلقہ حکّام
یا اداروں کی انتظامیہ کو طلب کرلیتے ہیں او ر یوں متاثرہ شخص کو فوری
انصاف کی فراہمی ممکن ہوجاتی ہے،اس لیے فی زمانہ یقینی طور پر کہا جاسکتا
ہے کہ پرنٹ میڈیا کو الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر سبقت حاصل ہے ،کیونکہ
پرنٹ میڈیا، عوام کوسب سے زیادہ مؤثر اور مصدّقہ خبریں ،تجزیے فراہم کرنے
کا ذریعہ ہے ۔
|