رہائی بعد از پھانسی

جب کیس کی سماعت کی تو عدالت نے نشاندہی کی کہ گواہ نمبر 7 موقع کا گواہ ہے لیکن جرح میں کہہ رہا ہے کہ جب وہ پہنچے تو دو افراد قتل ہوچکے تھے، عدالت نے سوال اٹھایا جن ثبوتوںکی بنیاد پر6 ملزمان بری ہوئے ان ثبوتوں پر2افراد کو سزائے موت کیسے دی جا سکتی ہے۔سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیکرعینی گواہ کے بیان میں موجود تضادکی بنیاد پر سزائے موت کے2ملزم بھائیوں کو بری تو کر دیا لیکن دونوں بھائیوں کو ایک سال پہلے ڈسٹرکٹ جیل بہاولپور میں پھانسی دی جاچکی ہے۔
ہم اکثر ضمانت قبل از گرفتاری یا ایوارڈ بعد از مرگ کے الفاظ سنتے ہیں ، لیکن رہائی بعد از پھانسی کا لفظ شائید کئی قارئین کے لیئے نہ صرف نیا ہو بلکہ کسی اچھنبے سے کم نہ ہو کہ بھلا جس انسان کو پھانسی ہوگئی ہو اسے زندگی کے تمام مسائل سے تو رہائی مل سکتی ہے مگر کسی قید سے آزادی ممکن نہیں ، مگر یہ حقیقت ہے کہ اسی ملک اسی معاشرے میں ایک سال پہلے پھانسی کی سزا پانے اور منوں مٹی تلے دفن دو بھائیوں کو عدالت عالیہ نے ناکافی ثبوت اور گواہوں کے بیانات میں پائے جانے والے تضادکی روشنی میں بری کردیا۔

دو بھائیوں پر الزام تھا کہ انھوں نے دیگرملزمان کے ساتھ مل کر 2 فروری 2002ء کو تھانہ صدر صادق آباد ضلع رحیم یارخان کی حدود میں واقع گاؤں رانجے میں تین لوگوں کو قتل کیا تھا ۔ٹرائل کورٹ نے نامزد ملزمان میں سےچھ کوبری کر دیا تھا جبکہ ایک کودوبارعمرقید اوردو بھائیوں کو تین تین بار سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا، لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بینچ نے اس فیصلے کو بر قرار رکھا۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سپریم کورٹ نے 10 جون2010ء کو دو افراد کے قتل کی حد تک سزائے موت کا فیصلہ بر قرار رکھا جبکہ ایک قتل کے معاملے پراپیل باقاعدہ سماعت کیلیے منظور کر کے مزید سانعت ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ نے فیصلے کی نقل ہائی کورٹ، وزارت داخلہ اور محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کردی تھی۔ سپریم کورٹ کےفل بینچ نے 6 اکتوبرکو جب کیس کی سماعت کی تو عدالت نے نشاندہی کی کہ گواہ نمبر 7 موقع کا گواہ ہے لیکن جرح میں کہہ رہا ہے کہ جب وہ پہنچے تو دو افراد قتل ہوچکے تھے، عدالت نے سوال اٹھایا جن ثبوتوںکی بنیاد پر6 ملزمان بری ہوئے ان ثبوتوں پر2افراد کو سزائے موت کیسے دی جا سکتی ہے۔سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیکرعینی گواہ کے بیان میں موجود تضادکی بنیاد پر سزائے موت کے2ملزم بھائیوں کو بری تو کر دیا لیکن دونوں بھائیوں کو ایک سال پہلے ڈسٹرکٹ جیل بہاولپور میں پھانسی دی جاچکی ہے۔

نہ جانے اس طرح کے کتنے ہی واقعات ہیں جن میں گناہ گار آج بھی آزاد ہیں اور بے گناہ ابدی نیند سو چکے، پاک فوج کے ضرب عضب آپریشن میں بنائی جانے والی ملٹری کورٹ سے پھانسی کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ نے سزا پر عملدرآمد روکنے کو حکم جاری کیا تھا تو معزز جج صاحب نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ اتنی جلدی بغیر تفصیلی جرح کے پھانسی دے دیں اور بعد میں بے گناہی کے واضح ثبوت آگئے تو یہ خون نہ حق کس کے گلے پر آئے گا۔اب یہ دیکھنا ہوگا کہ پھانسی کی سزا پانے کے ایک سال بعد سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کے فیصلے کے نتیجے میں دونوں بھائیوں کی رہائی کے حکم کے بعد دونوں بھائیوں کا خون ناحق کس کے گلے آتا ہے کس کو سزا ملتی ہے کس کو قانون کے دائرے میں لایا جاتا ہے۔
ہاں اتنا ضرور ہے جو اب تک پاکستان کے منتخب وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کی پھانسی کو غلط قرار دیتے ہیں ان کی بات کو اس فیصلے کے بعد کافی تقویت ملے گی اور یہ بھی وقت ہی بتائے گا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری کی اس درخواست پر کوئی سنوائی ہوتی ہے کہ نہین جس میں بارہا کہا گیا کہ ذولفقار علی بھٹو کے کیس کو ری اوپن کیا جائے ۔

غلطی سے مبراء کو ئی شخص نہیں لیکن اتنی سنگین نوعیت کی غلطیاں نظر انداز کرنا خود ایک بہت بڑی غلطی ہے یہ زیادہ دور کی بات نہیں ابھی کچھ عرصہ ہی گذرا ہے کہ ایک اعلی عہدے پر فائز ایک پولیس افسر نے کراچی کی ایک سیایسی تنظیم کے تین کارکنان کو گرفتار کرکے پریس کانفرنس میں ان سے برآمد اسلحہ دیکھایا اور تحقیقات سے ان کا تعلق را سے بتایا ان کا کیس بھی عدالت میں چلتا رہا اور انہیں عدالت نے اس بنیاد پر رہا کردیا کہ ملزمان کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیئے جاسکے جب کہ ثبوت تو میڈیا پر دیکھائے گئے تھے تو یہاں کس کی غلطی ہوئی ، ایسا ہی ایک فیصلہ ایک نوجوان کا آیا تھا جس کی جوانی کے تئیس سال جیل میں گذرے اور جوانی ڈھل جانے کے بعد بے گناہی ثابت ہونے پر بری کیا گیا ، کیا کسی کے خلاف اگر کیس غلط ثابت ہوجائے تو صرف ملزم کی رہائی کافی ہے یا غلط کیس بنانے والوں کے خلاف بھی قانونی کاروائی ضروری ہے ۔
 
 Arshad Qureshi
About the Author: Arshad Qureshi Read More Articles by Arshad Qureshi: 141 Articles with 148079 views My name is Muhammad Arshad Qureshi (Arshi) belong to Karachi Pakistan I am
Freelance Journalist, Columnist, Blogger and Poet, CEO/ Editor Hum Samaj
.. View More