یوم ولادت رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کی اہمیت و افادیت عالمی ایام کے تناظرمیں

عید میلادالنبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے موقع پر قارئین شامنامہ کی خدمت میں سالانہ چھٹی قسط یوم ولادت رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کااہتمام کرنابیک وقت تمام ایّام کا منانا ہوگا
بحمدہ تعالیٰ!گزشتہ پانچ سالوں سے عیدمیلاد کے پُرمسرت موقع پر شہر مالیگاؤں کے مؤقراخبار’’شامنامہ‘‘میں راقم کاسلسلہ وار مضمون شائع ہورہاہے۔قسط اول ودوم میں حضور اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم کے اخلاق وعادات،سراپائے اقدس اور اوصاف وخصائص کاذکر کیاگیاتھا۔ تیسری قسط ’’منسوباتِ بارگاہِ نبوی کی شان وعظمت کا اجمالی تعارف‘‘پر مشتمل تھی ،چوتھی اور پانچویں قسطوں میں عالمی ایّام کے تناظر میں یوم ولادت رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کاذکر کیاگیاتھاجو امسال بھی تسلسل کے ساتھ چھٹی قسط میں موجود ہے۔اُمید قوی ہے کہ ہر سال کی طرح اس مضمون کو بھی قارئین کرام پسند فرمائیں گے اور اپنی قیمتی آراونظریات سے نوازیں گے۔

ایک سالہ تاریخ کامطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ آج دنیابھر میں ایک سال میں کم وبیش 218؍ایام منائے جاتے ہیں۔ہر دن کی اہمیت جدااور مقصد مختلف ہوتاہے،چیدہ چیدہ ایّام منانے کارواج آج عام ہورہاہے مگرغور کرنے پر معلوم ہوگا کہ ان تمام دنوں کی اساس اور بنیادرسول پاک صلی اﷲ علیہ وسلم کی ذات اطہرہے۔اس لیے کیاہی بہترہوتاکہ 218؍دنوں کا اہتمام کرنے کی بجائے جشن ولادت رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کا اہتمام کیاجاتاتاکہ بیک وقت تمام دنوں کا منانا ہوجاتا۔

٭انٹرنیشنل ڈے آف فاریسٹ:۲۱؍مارچ کو انٹرنیشنل فاریسٹ ڈے منانے کی قرار داد۲۸؍نومبر۲۰۱۲ء کو یونائیٹیڈ نیشن جنرل اسمبلی میں پاس ہوئی۔ اس کے تحت ہر قسم کے جنگلات ،درختوں اور شجرکاری کی اہمیت وافادیت سے آگاہی کرانا مقصودہے۔شجرکاری کے متعلق حضورصلی اﷲ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ اگر مرنے سے پہلے تمہارے پاس اتناوقت ہوکہ ایک درخت لگا سکو تو ایک درخت ضرور لگاؤ۔مزیدفرمایااگر انسان کو معلوم ہوجائے کہ بنجرزمین کو آباد کرنے کاکتناثواب ہے تو زمین کا کوئی چپہ بنجرنہ رہے۔غرضیکہ شجرکاری کی اہمیت سے دنیاآج آگاہ ہورہی ہے اور پیغمبر اسلام صلی اﷲ علیہ وسلم نے اس کے متعلق ساڑھے چودہ صدیوں قبل واضح ارشادات عطافرمائے ہیں۔

٭عالمی یوم آب: پانی کا بین الاقوامی دن ہر سال 22؍ مارچ کو منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد لوگوں میں پانی کی اہمیت کو اُجاگر کرنا ہے۔پیغمبر اسلام صلی اﷲ علیہ وسلم نے پانی کی حفاظت کے حوالے سے جابجاارشاد فرمایا ہے۔ اسلام تو وضومیں بھی زائدپانی بہانے کو اسراف قرار دیتاہے ، دنیاآج عالمی یوم آب منارہی ہے جبکہ حضور صلی اﷲ علیہ وسلم نے پانی کی محافظت کا نظریہ ساڑھے چودہ سوسال پہلے پیش فرمایاہے۔
٭عطیۂ خون کا عالمی دن:ہر سال 14؍ جون کو خون عطیہ کرنے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔خون کی اہمیت کا احساس شدت سے اس وقت ہوتا ہے جب کسی بیماری یا حادثے کی صورت میں ہمارے کسی پیارے کو اچانک خون کی ضرورت پڑ جائے۔ ایسے میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والے افراد کا کردار کسی فرشتے سے کم نہیں جو کسی نفع ،نقصان اور رشتے کے بغیر اپنا خون دے کر ایک انسانی زندگی کو بچاتے ہیں۔ اس سلسلے میں شعور اور آگاہی کے لیے 14؍جون کو خون عطیہ کرنے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔یہاں بھی پیغمبراسلام صلی اﷲ علیہ وسلم کی ہدایات اظہر من الشمس و اجل من القمر کی طرح روشن ہے۔آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایاجس نے ایک جا ن بچائی گویااس نے پوری انسانیت کو زندگی دی ہے۔

٭یوم آزادی:آج دنیاکے مختلف ممالک مختلف تاریخوں میں اپنے ملک کی آزادی کا دن مناتے ہیں۔رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے سیکڑوں معبودانِ باطل کی پرستش سے ہماری پیشانیوں کوآزاد کیا، روح، شعور، فکراورمذاقِ بندگی کوآزادکیاہے،جہنم کے دہکتے ہوئے شعلوں سے آزاد کرایاہے اورصراطِ مستقیم پر گامزن فرمایاہے۔دنیاا ٓزادی کا دن مناتی ہے ہمیں اس عظیم محسن کا دن مناناچاہیے جس نے حریت انسانیت کا نعرہ بلند کیا۔

٭وومینس اِکوالیٹی ڈے:۲۶؍اگست کو عورتوں کے یکساں حقوق کا دن منایاجاتا ہے۔یہاں مزیدکسی وضاحت کی ضرورت نہیں،معاشرے میں رہنے والی ہر عورت جانتی ہے کہ حضورصلی اﷲ علیہ وسلم نے ان کے حقوق کی کس طرح محافظت کی اور نھیں کتنابلند مقام عطافرمایا۔آقاعلیہ السلام نے فرمایا:تم میں بہتر وہ ہے جو اپنی بیوی بچوں کے لیے بہترہے۔اسلام نے مساوات کا درس دیاہے۔ ماں بہن بیوی بیٹی غرضیکہ عورت چاہے کسی روپ میں ہو اسلام نے انہیں مردوں کے برابرحقوق عطافرمائے ہیں۔

٭عالمی یوم امن:۲۱؍ستمبرکوعالمی یوم امن ہر سال منایا جاتا ہے ۔اس کا مقصد لوگوں میں امن کی اہمیت اور امن کی ضرورت بتانا ہے۔ پیغمبرامن صلی اﷲ علیہ وسلم نے چودہ صدیوں قبل امن کی اہمیت وافادیت بیان فرمادی تھی۔پتھرکھاکر دعائیں دی،طائف میں لہولہان ہوکر دعائیں دی، دندان شہیدہونے کے بعد بھی امن قائم رکھا،شعب ابی طالب میں تین سالہ بائیکاٹ کے بعد بھی امن کی تعلیم دیتے رہے، مدینۂ منورہ میں بھرپور توانائی ،اثرورسوخ اور طاقت وقوت کے باوجود امن کے پیامبربنے رہے۔تمام غزوات کے مطالعے کے بعد اس حقیقت کا انکشاف ہوتاہے کہ تمام جنگیں پیغمبرامن صلی اﷲ علیہ وسلم پر مسلط کی گئی تھی آپ نے تو بس دفاع فرمایاتھااور دفاع بھی اس قدر پُرامن طریقے سے کہ کبھی قیدیوں کی رسیاں ڈھیلی کرنے کا حکم صادر فرمایا اور کبھی معمولی فدیہ پر اور کبھی بغیرفدیہ کے یونہی قیدیوں کوآزاد کردیا جب کہ اس دور میں قیدیوں کے ساتھ کیساوحشیانہ سلوک کیاجاتا تھااس سے اہل علم واقف ہے۔

٭ہیومن رائٹس ڈے:انسانی حقوق کا دن دنیا بھر میں 10؍ دسمبر کو منایا جاتا ہے۔اس تاریخ کے انتخاب کا مقصد 10؍ دسمبر 1949ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے توثیق کردہ انسانی حقوق کا آفاقی منشور کی یاد تازہ کرانا اور دنیا کی توجہ اس طرف مبذول کروانا ہے۔اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کی آواز آج سے چھ دہائی پیشتر بلند کی مگر انسانی حقوق کوپیغمبراسلام صلی اﷲ علیہ وسلم نے چودہ صدیوں قبل باضابطہ پیش بھی کیااور عملی نمونہ بھی بتایا۔خطبۂ حجۃ الوداع بلاشبہ انسانی حقوق کااوّلین اورمثالی منشوراعظم ہے۔اسے تاریخی حقائق کی روشنی میں انسانیت کاسب سے پہلامنشورانسانی حقوق ہونے کا اعزاز ہے۔اس منشورمیں کسی گروہ کی حمایت کوئی نسلی،قومی مفاد،کسی قسم کی ذاتی غرض وغیرہ کاکوئی شائبہ نہیں۔ ذی قعدہ ۱۰؍ہجری میں آقاصلی اﷲ علیہ وسلم نے اپنے پہلے اورآخری حج کے موقع پرایک لاکھ چوبیس ہزاریاایک لاکھ چوالیس ہزارصحابۂ کرام کے سامنے نوعِ انسانی کے جملہ حقوق کی نشاندہی فرمائی۔
٭یوم ولادت رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم :آج دنیامیں جتنے بھی انقلابات رونما ہوں گے،جتنی بھی خوبیاں جنم لے گی سب رحمت اللعالمین صلی اﷲ علیہ وسلم کاصدقہ ہے کیوں کہ شعور ِانسانی کو ان تمام اوصاف حمیدہ اور خوبیوں سے سب سے پہلے پیغمبراسلام صلی اﷲ علیہ وسلم نے آگاہ فرمایاہے۔ہر دن کو الگ الگ منانے سے بہتر ہے کہ دنیاکوصبح قیامت تک لیے جس رسول نے عظیم فکروخیالات سے واقف کرایااس محسن انسانیت کایوم ولادت منایاجائے تاکہ بیک وقت تمام ایام کا مناناہوجائے۔دنیاا ٓزادی کا دن مناتی ہے ہمیں اس عظیم محسن کا دن مناناچاہیے جس نے حرّیت انسانیت کا نعرہ بلند کیا۔اگر آقا علیہ السلام کادن منایاجائے تو بیک وقت دنیا میں منائے جانے والے جملہ دنوں کامنایا جانا ہوگا ۔ دنیا جتنے بھی دن مناتی ہے وہ سب رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات کا ثمرہ ہے۔رحمت عالم صلی اﷲ علیہ وسلم نے اپنی تعلیمات اور اخلاق و کردارسے دنیاکو ہر قسم کی غلامی سے آزاد کرایا ، عورتوں پر ہونے والے مظالم کا خاتمہ فرمایا ، مزدوروں کا اکرام سکھایا، ہردور میں کام آنے والی روشن قراردادوں کا مجموعہ قرآنِ عظیم عطافرمایا ، زمین کو ہر قسم کی آلودگی سے پاک و صاف رکھنے کا سلیقہ سکھایا، شجر کاری کا قرینہ بتایا اور اپنے آپ کو معلم اخلاق فرما کر اپنے صحابہ کی ایسی تربیت فرمائی کہ وہ قرآن کامکمل عملی نمونہ تھے ۔ لہٰذااگر آقاے کائنات کا دن منایا جائے تو یہ تمام ایّام کا منانا ہوگا۔
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 671737 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More