23 مارچ - یومِ تجدید عہد

سکوت بزم جہاں پارہ ہوگیا آخر
کہ خاک فکرو نظر زیست کا شرار ہ بنی
جلا کر رکھ دیا جس نے نشیمن افرنگ
اک عزم تازہ ہوا اُستوار آج کے دن
۲۳ مارچ کے تاریخی دن نے مسلمانوں کی قسمت بدل دی اس دن کا سورج ان کے لئے حیات نو کی نوید لے کر ابھرا اور انہیں زندہ اور عزت دار قوموں کی صف میں کھڑے ہونے کے قابل بنایا ۔ اس دن کے پس پردہ انسانی عظمت و ہمت کی لازوال داستان اپنی تمام تر تابناکیوں کے ساتھ کون و مکاں کے افق پر تاریخ انسانی کا عظیم اور سنہری باب بن کر تاحال تاباں و درخشاں ہے۔ جس میں ہمارے آباو اجداد کے پختہ ارادوں اورجدوجہد کی تفصیل رقم ہے ان کی ناقابل فراموش قربانیوں کی بدولت آج کی نسل ایک آزاد ملک کی آزاد فضا میں سکون کا سانس لے رہی ہے ۔آج کے نوجوانوں کو یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ انہیں جو آزادی اور سکون میسر ہے اس کا حصول کتنی جانی اور مالی قربانیوں کے بعد ممکن ہوا۔ اس کے لئے کتنی خون کی ندیاں بہائی گئیں ۔ کتنی عزتوں کو پامال کیا گیا۔ کتنے لاکھ پروانوں کے خون سے پاکستان کی شمع کو روشن کیا گیا ۔ جس کے اُجالے میں آج ہم سب اپنی منزل اور نئے آفاق کی جانب گامزن ہیں ۔ مسلمانان ہند ۲۳مارچ۱۹۴۰ ء کے مقام تک کیسے پہنچے یہ تاریخی معرکہ کیسے سر کیا اس کے لئے ضروری ہے کہ اس واقعہ کا تاریخی پس منظر بیان کیا جائے ۔ انگریزوں نے تجارتی مقاصد کے نام پر ایسٹ انڈیا کمپنی کے ذریعہ ہندوستان میں اپنے قدم جمائے اور ۱۸۵۷ ء تک پورے برصغیر پر اپنا سیاسی تسلط قائم کر لیا اس طرح ہندوستان کو باضابطہ طور پر تاج برطانیہ کے ماتحت کر دیا گیا۔ بنگال میں نواب سراج الدولہ کی شکست اور ٹیپو سلطان کی شہادت میسو ر کی اسلامی ریاست کے خاتمے کا سبب بنی اور مسلمانوں کا ایک ہزار سالہ دور حکمرانی ختم کر دیا گیااور ان کی قسمت پر غلامی کی مہر ثبت ہوگئی ۔

جب مسلمانوں کو بغاوت کا مُرتکب قرار دے کر من حیث القوم ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جانے لگا تو ایسے نازک موڑ پر سرسید احمد خان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کی نشاۃ ثانیہ کے خواب کی تعبیر کا بیڑہ اٹھایا انہوں نے ۱۸۵۷ء میں علی گڑھ کالج کی بنیاد رکھی اور اس کے ذریعہ مسلمانوں کو جدید علوم سے روشناس کرا کر ان کی عظمت اور خود اعتمادی کو بحال کیا اس کے نتیجے میں ۱۹۰۶ ء میں مسلم لیگ قائم ہوئی جب مسلم قائدین نے یہ محسوس کیا کہ ہندو اکثریت انہیں متحدہ ہندوستان میں باعزت زندگی گزارنے اور مسلمانوں کی تہذیب و ثقافت کو پروان چڑھنے نہیں دے گی تو بالآخر ۲۳ مارچ ۱۹۴۰ء کو لاہور میں قرار داد پاکستان منظور کی گئی ۔ جسے مولوی فضل الحق نے پیش کیا اور قائدآعظم کی سربراہی میں مسلم لیگ نے مسلمانان ہند کے لئے آزاد زندگی گزارنے کی جدوجہد کا ایک نیا راستہ کھول دیا۔ ایک روشن نصب العین سامنے آگیا اس قرار داد نے ہندوؤں اور کانگرس کے ذہنوں میں ایک نئے اندیشے کا بیج بو دیا انہوں نے بوکھلا کر اس قرار داد کو شدت سے برا بھلا کہا ۔ ہندوؤ ں اور کانگرس کی کاروائیوں کا سب سے پہلا نشانہ قائدآعظم بنے لیکن قائدآعظم نے ان کی اس دشمنی کو کوئی اہمیت نہ دی بلکہ وہ بڑے وقار، اعتماد، حوصلے اور خوشی کے ساتھ منزل کے حصول کے لئے بڑھتے رہے آپ نے اپنے سیکرٹری ایم ایچ سید سے علامہ اقبال کے بارے میں کہا "گو آج اقبال ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن اگر آج وہ زندہ ہوتے تو یہ دیکھ کر یقینا خوش ہوتے کہ انہوں نے ہمارے بارے میں جو چاہا تھا وہ ہم نے کر دکھایا ہے " اس طرح جو سفر ۱۸۵۷ء میں ہندوستان کے مسلمانوں نے شروع کیا تھا وہ ۲۳ مارچ ۱۹۴۰ء کو قرار داد کی شکل میں منظور ہوا اور ۱۴ اگست ۱۹۴۷ء کو پاکستان بن گیا۔

۲۳ مارچ کا دن ہمیں اس عہد وپیمان کی یاد دلاتا ہے جسے ہمارے آباو اجداد نے اپنے قیمتی خون سے تحریر کیا۔انہوں نے پاکستان کے لئے اپنی قیمتی جانوں اور مال اسباب کا نذرانہ اس لئے پیش کیا تاکہ یہاں اسلامی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے اور ہم اس آزاد دھرتی کی مانگ کو اپنے خلوص و وفا اور چاہت کے جذبوں سے چار چاند لگا دیں ۔ آ ج ہمیں بھی یہ وعدہ کرنا ہے کہ آزادی کی نعمت اور عظمت کو پیش نظر رکھ کراپنے پیارے وطن کی تعمیر و ترقی اور تکمیل کے لئے اپنی جان ، مال اور وقت قربان کر دیں گے یہاں پر اتحاد ، تنظیم اور نظم کا بول بالا ہوگا۔ تاکہ آنے والی نسلوں کو امن ، چین اور سکون نصیب ہوسکے۔

اس پاک سرزمین کی خوبصورت وادیاں، پھولوں اور پھلوں سے لبریز باغات اور لہلہاتے کھیت یُونہی سرسبز و شاداب رہیں گے یہ بلندو بالا پہاڑ، دلفریب نظارے، کانوں میں روح پرور موسیقی کا رس گھولتی آبشاریں ، یہ حد نظر تک پھیلے سبزمیدانوں کے خطے یوں ہی سلامت رہیں گے۔ ہماری روحوں اور ہمارے اسلاف نے یہ عہد کیا ہے کہ ہم اس آزاد سر زمین پر گلشن اسلام کی آبیاری کریں گے اس پاک وطن کو تمام عالم میں اسلام کا مضبوط قلعہ بنائیں گے۔ ۲۳ مارچ ۱۹۴۰ء کو شروع ہونے والی تحریک حریت ایک سیل رواں بن گئی جس سے علامہ اقبال کے خواب کو تعبیر ملی۔ قائدآعظم محمد علی جناح کی انقلاب پرورشخصیت اور ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کو پیکر حقیقی میسر آیا۔ یہ اﷲ تعالیٰ کا خاص فضل و انعام ہے اس پر جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔

۱۴ اگست ۱۹۴۷ء کا آفتاب آزادی کی خوشخبری کے ساتھ طلوع ہوا۔ خطہء ارض پر ایک خوبصورت پاکستان وجود میں آگیا۔ لیکن یہ حصول آزادی ابھی حقیقی اسلامی نظریے کی تکمیل کا آغاز تھا۔ اس کی تکمیل موجودہ باشعور نسل پر تاحال ایک قرض اور فرض ہے ۔ ۲۳ مارچ مسلمانوں کی مذہبی، معاشرتی اور تہذیبی آزادی کی جدوجہد اور تجدید عہد کا دن ہے جس کا مطلب ہے ہم آزاد وطن میں اپنی زندگیوں کو اسلام کے سانچے میں ڈھالیں گے آنے والی نسلوں اور تمام دنیا کو اس کے امن و سلامتی والے راستے سے متعارف کروائیں گے اس کے گرانقدر اصولوں کو اپنا کر دنیا کو امن و محبت کا گہوارہ بنائیں گے۔ تاکہ چارسُو اسلام کی سچی خوشبُو پھیل کر رہے ۔ وطن کی آزادی کے بعد ہمیں ہرگز یہ نہیں سمجھ لینا چاہیے کہ ہماری حقیقی منزل اور نظریے کی تکمیل ہو گئی ہے بلکہ آج ہمیں اس بات کا عہد وپیمان کرنا ہے کہ ہم نے نظریہ اسلام کی تکمیل کے لئے پاکستان حاصل کیا تھا اور اﷲ تعالیٰ کے سچے دین اسلام کو عملی شکل میں یہاں نافذ کریں گے تاکہ ۲۳ مارچ ۱۹۴۰ء کی تحریک حصول پاکستان کی تاریخ تعمیر پاکستان کے بعد تکمیل پاکستان تک پہنچ جائے۔
٭٭٭٭

23 مارچ ہمیں اپنے آباؤاجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے
اس پاک سرزمین کی خوبصورت وادیاں، پھولوں اور پھلوں سے لبریز باغات اور لہلہاتے کھیت ہمیشہ سرسبز و شاداب رہیں گے
 

Sultan Mahmood Shaheen
About the Author: Sultan Mahmood Shaheen Read More Articles by Sultan Mahmood Shaheen: 11 Articles with 9687 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.