داعی ومفسر قرآن مولانااسلم شخوپوری کی شہادت ۔۔۔۔۔۔۔

انسان کا عزم و ارادہ اسے عظیم بناتا ہے ،کچھ لوگ جسمانی معذوری کو ترقی کا ذریعہ بنا لیتے ہیں ،وہ احساس کمتری کے بجائے پرعزم ہوکر منزل کو پالیتے ہیں جس کی وجہ سے وہ رہتی دنیا کے لیے آئیڈیل بن جاتے ہیں ،لاکھوں انسان ان سے جینے اور آگے بڑھنے کا درس سیکھتے ہیں ،ایسا ہی ایک تاریخی اور عظیم نام داعی و مفسر قرآن ،محدث و مبلغ ،ممتاز مذہبی سکالر اور معروف کالم نگار مولانا محمد اسلم شیخوپوری شہید ؒ کا ہے ۔

مشفقانہ انداز تکلم ،محققانہ طرز گفتگو ،نفیس اور بے ضرر انسان ،عالیٰ صفات کے مالک ،علوم و معارف کے بحر بیکراں ،ہزاروں علماءکے استاذ و مربی اور قرآنی تعلیمات کو پوری دنیا میں پھیلانے کے لیے بے چین شخصیت حضرت مولانا محمد اسلم شیخوپوری شہید ؒ پوری امت مسلمہ کے لیے قیمتی سرمایہ تھے ،ان کی شہادت پر یہ قول ”سو فیصد “صادق آتا ہے کہ ایک عالم کی موت عالََم کی موت ہے ،حضرت شہید نے اپنی 54سالہ حیات مستعار میں قرآ ن پا ک کی گراں قدر خدمت سر انجام دیں ،جس سے ہمیشہ استفادہ کیا جاتا رہے گا ،قرآن پاک سے مولانا محمد اسلم شیخوپوری شہید ؒ کو قلبی لگا ﺅ اور عشق تھا ،قرآنی تعلیمات کی ترویج واشاعت کی جدوجہد کی وجہ سے آپ ؒ کو داعی قرآن کے لقب سے یا د کیا جانے لگا تھا ۔حضرت مولانا محمد اسلم شیخوپوری ؒ نے قرآن پاک سے یہ قلبی تعلق و عشق امام اہلسنت حضرت مولانا سر فراز خان صفدر ؒ اور اما م التفسیر حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی ؒ سے سیکھا تھا ،بچپن میں بیماری اور معذوری کی وجہ سے آپ نے صرف گیارہ ماہ میں قرآن پاک حفظ کیا اور درس نظامی کو بہترین انداز میں پڑھنے کے بعد دورہ حدیث شریف نصرة العلوم گجرانوالہ سے کیا ۔

آپ ؒ نے حالات سے ڈٹ کر مقابلے کرنا سیکھا اور لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے بجائے ضرورت مندوں ،حاجت مندوں اور بے سہاروں کا ہمدرد بننا زیادہ پسند کیا ،درس وتدریس کے شعبہ سے آخری دم تک منسلک رہے ،آپ کے دروس قرآن میں لفاظی سے زیادہ سوز و گداز سامعین کو متاثر اور بے چین کر دیتا تھا،آپ کی فکر اور جدوجہد کی وجہ سے عالمی سطح پر درس قرآن ڈاٹ کام ویب سائٹ کے ذریعے قرآن پاک کا پیغام پوری دنیا مین پھیلنے لگا اور اس طرح ہر عام وخاص کے لیے علوم قرآنیہ کا حصول آسان سے آسان تر ہوتا چلا گیا۔

حضرت مولانا محمد اسلم شیخوپوری ؒ نے تصنیف و تالیف کے میدان میں جم کر کام کیا ،آسان درس قرآن و حدیث ،خلاصۃ القرآن ،عشاق قرآن کے ایما ن افروز واقعات ،تفہیمات ،دروس معلم ،ندائے منبر و محراب ،50تقریریں اور تفسیر تسہیل البیان جس کی تکمیل حضرت شہید ؒ کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش تھی ،چار جلدوں میں چھپ چکی ہے ،اصلاحی اور فقہی موضوعات پر بھی قابل قدر تصانیف فرمائیں ،صحافت کے شعبہ میں آپ کی آمد اہل قلم کے لیے باعث افتخار ومسرت تھی ،دس سال تک آپ کی ”پکار “شہر شہر اور قریة قریة گونجتی رہی ،جس کے ذریعے واضح ،دوٹوک اور دلائل و براہین سے مزین حقائق ہرایک تک نہ صرف پہنچتے رہے بلکہ آپ کا ”قاری “اس موصوع پر قائل ہوئے بغیر نہیں رہتا تھا ،اپنی ذات میں انجمن اور جامع شخصیت کے حامل مولانا محمدا سلم شیخوپوری شہید ؒ کی شہادت ہر محب وطن پاکستانی کو سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ محبت ،علم اور احترام انسانیت کادرس دینےوالے اس مر د قلندر کو کیو ں گولیوں کا نشانہ بنا دیا گیا ....؟آخر ان کا قصور کیا تھا ....؟وہ تو خود معذور تھے دوسروں کو کیا نقصان پہنچاتے ....؟کیا ان کا قصور قرآنی تعلیمات کو دنیا میں عام کرنا تھا....؟کیا وہ اس لیے شہید کر دیے گئے کہ وہ ایک جید عالم دین تھے ....؟کیا وہ اس لیے شہید کیے گئے کہ وہ مسلمانوں کا تعلق قرآن پاک سے جوڑنا چاہتے تھے ....؟کیا وہ اس لیے شہید کر دیے گئے کہ اسلام و پاکستان مخالف قوتوں کے ایجنڈے کی تکمیل میں رکاوٹ بنتے جارہے تھے ....؟ مفکر اسلام مولانا زاہد الراشدی حفظہ اللہ نے حضرت مولانا محمد اسلم شیخو پوری شہید ؒ کی شہادت کے موقع پر ارشاد فرمایا تھاکہ نیوو رلڈ آرڈر کے تحت ایسے علماءکو قتل کیا جارہا ہے جن کی بات سن کر لوگ اپنی رائے بدل دیتے ہیں ،استعمار کی کوشش ہے کہ مسلم معاشرے سے علماءکو دور کیا جائے کیونکہ یہی علماء ومدارس استعماری ایجنڈے کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔

یقینا مولانا محمداسلم شیخو پوری شہید ؒ سمیت وطن عزیز کے سینکڑوں علماء کرام و طلبہ مدارس دینیہ کی شادتیں اسی کی کڑی ہیں ، جس کا ثبوت اپریشن ضرب عضب اور ردالفساد جے نتیجہ میں ہونے کی گرفتاریا ں اور انکشافات ہیں، جو کرائے کے قاتلوں اور ان کی پشتپناہی کرنے والوں کو بے نقاب کررہےہیں ،ضرورت اس امرکی ہے ارباب اختیار اس کے روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں ،تاکہ وطن عزیزکسی اور بڑے سانحہ سے محفوظ ہو جائے۔

Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 247137 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More