گنوا دی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی

مسلمانوں کا ماضی انتہائی شاندار تھا،جتنا عرصہ عدل و انصاف،امانت و دیانت اور مساوات مسلمانوں کی میراث رہیں،پوری دنیا پر مسلمانوں کا ڈنکا بجتا تھا،مگر جونہی مسلمانوں نے اس میراث کو پس پشت ڈالا تو دنیا نے دیکھا کہ وہی مسلمان جو جاہ و جلال اور شان و شوکت کے مالک تھے زوال پزیر ہو گئے-جو قومیں قدرت کے بنائے ہوئے قوانین پر کاربند رہتی ہیں وہ زمانے میں معزز و محترم رہتی ہیں، لیکن جن قوموں نے قدرت کے بنائے ہوئے قوانین سے منہ موڑا، ان کا مقدر ذلت و رسوائی ٹھہرا۔

آج بحثیت مسلمان اور پاکستانی ہم زندگی کے ہر شعبے میں تنزلی کا شکار ہو چکے ہیں۔ عدل و انصاف،امانت و دیانت ہمیں زندگی کے کسی شعبے میں نظر نہیں آتا۔

یورپ میں رہتے ہوئے میں نے اس چیز کو شدت سے محسوس کیا ہے کہ ہم نے کلمہ پڑھ کر اسلام تو قبول کر لیا ہے،مگر ہم آج تک مسلمان نہیں بن سکے،ہم نماز،روزہ،حج اور ذکات تو ادا کرتے ہیں مگر جو مسلمان ہونے کی پہچان ہے اس سے کوسوں دور ہیں۔مسلمان ہونے کا تقاضہ ہے کہ ہم عدل و انصاف اور مساوات سے کام لیں،تمام شہریوں کے حقوق کا احترام کریں،مسلمان حکمرانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کی صحت،تعلیم اور سماجی حقوق کا بندوبست کرے۔ہر شہری کو انصاف تک رسائی حاصل ہو۔مگر مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ مسلمانوں کی جو درخشاں روایات تھی آج ہمیں وہ مغربی معاشرے میں نظر آتی ہیں۔انہوں نے اسلام کے سنہری اصولوں کو قانون کا درجہ دے دیا ہے۔جس کی وجہ سے وہ ترقی اور عروج کی بلندیوں پر ہیں۔آج ہم ایک ایٹمی قوت ہونے کے باوجود اقوام عالم میں ایک باوقار اور باعزت مقام حاصل نہیں کر سکے۔آج کے مسلمان حکمرانوں کا طرز زندگی بھی ہمارے سامنے ہے کہاں حضرت عمر فاروق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا دور حکمرانی کہ ایک معمولی شخص بھی اٹھ کر مسلمان حکمران سے سوال کر سکتا ہے۔مسلمان حکمران عوام کے حقوق کو اپنے حقوق پر ترجیح دیتے تھے،جس کی وجہ سے عوام بھی اپنے حکمرانوں سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے تھے۔ آج بھی اگر ہم اپنے اسلاف کی چھوڑی ہوئی میراث کو اپنا لیں تو پھر سے ہمارا تابناک ماضی لوٹ آئے گا، پھر سیہم اقوام عالم میں عزت و وقار سے زندگی گزار سکیں گے۔
گنوا دی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی
ثریا سے زمیں پر آسماں نے ہم کو دے مارا۔

Mirza Rohail Baig
About the Author: Mirza Rohail Baig Read More Articles by Mirza Rohail Baig: 19 Articles with 18217 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.