سفاک نظام

انا للہ و انا الیہ راجعون
کل میں نے اپنے سٹاف کو چھُٹی دے دی تھی ، ہماری ساری سائٹس پر کام بند ہوگیا تھا
اس عید پر مجھے عجیب سی خوشی محسوس ہو رہی تھی شائد مجھے صبر آ گیا تھا یا مجھ اپنی محرومیوں کا بدل مل گیا تھا ۔ بہت عرصے بعد مجھے لگ رہا تھا واقعی عید ہے لیکن ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
آج کی صبح بڑی دلخراش تھی ، میری عادت ہے جب بھی نیند سے جاگتا ہوں سب سے پہلے L.E.Dآن کرتا ہوں ۔ سائڈ ٹیبل پر پڑا ریموٹ اٹھا یا بٹن پریس کیا L. E .D کی سکرین روشن ہوئی پہلا منظر دیکھتے ہی میں اک دم سے اٹھ کے بیٹھ گیا
یا اللہ رحم فرما دل دہلا دینے والی خبر ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
120 افراد ، ایک سو بیس خاندان ۔۔۔ میرے مسلمان بھائی ، میرے پاکستانی بھائی
نیوز کاسٹر بول رہا تھا جو جہاں تھا وہیں جل کے کوئلہ ہو گیا
120 خاندان زندہ جل گئے ، 120 خاندانوں کے خواب ، 120 خاندانوں کی عید ، 120 خاندانوں کی خوشیاں ، 120 خاندانوں کا مستقبل ، سب ہی ایک ہی ساعت میں جل کے خاکستر ہو گیا
نیوز کاسٹر بول رہا تھا جاں بحق افراد کی تعداد 140 ہو گئی
پاک آرمی کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں
ایدھی فاؤنڈ یشن ، اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں
ایسا کیا تھا وہاں جو لوگ امڈ پڑے تھے
پٹرول ، صرف پٹرول تھا ۔۔ کیا وہاں واقعی صرف پٹرول تھا ؟
نہیں صرف پٹرول نہیں تھا ، وہا ں صدیوں کی محرومی تھی ، وہاں صدیوں کی غربت تھی
وہاں صدیوں کی لا علمی تھی وہاں صدیوں کی جہالت تھی جو لوگوں کو وہاں کھینچ لائی تھی ورنہ کس کو نہیں پتہ تھا کہ وہ موت کے عین اوپر کھڑے تھے ایک دھشت ناک موت پتہ تھا سب کو پتہ تھا لیکن
بھوک تہذیب کے سارے آداب بھُلا دیتی ہے ،جہاں پینے کے لئے صاف پانی نا ہو وہاں پٹرول ملنے لگے وہ بھی مفت ؟
قریب کوئی ہسپتال نہیں جہاں برن یونٹ ہو
چلو برن یونٹ نا سہی وہاں میٹرو بھی قریب نہیں تھی نا وہاں اورنج ٹرین تھی جس کے فرش پر ادھ جلی لاشوں کو لٹایا جاتا اور وہ بھلے چنگے ہو کر بھاگنے دوڑنے لگتے ۔
آج میرا وطن پھر لہو لہو گیا ۔ آج میرےوطن کے 150 بھائی بہن نا صرف چہرے کی شناخت گنوا بیٹھے بلکہ اپنی جنس تک ڈی این اے ٹیسٹ کے حوالے کر گئے
ایک سوال خود سے کرتا ہوں ۔ ۔ ۔
بنی گالا سے لیکر جاتی عمرہ تک ، بلاول ہاؤس سے لیکر نائن زیرو تک ، پارلیمنٹ سے لیکر سینٹ تک
کچھ تبدیلی آئی ؟ دورہ مختصر ہو گیا ، خادم بھی پہنچ گئے ، کپتان بھی پہنچ گئے کھپے بھی آ گئے اور ٹھپے بھی آنے والے ہیں ۔ کوئی تبدیلی آئی ؟
نہیں ہر گز نہیں کوئی تبدیلی نہیں ،ہوتا ہے، ہوتا ہے ، ہوتا ہی رہتا ہے

تبدیلی آنی بھی نہیں کیوں کہ اس جلتے پاکستان کے سفاک نظام کو میں سپورٹ کرتا ہوں 150 خاندان تو کیا 20 کروڑ بھی جل جائیں گے خاک ہو جائیں گے
پھر بھی میں یہ ہی کہوں گا
اک واری فیر ۔ ۔ ۔ شیر ۔۔۔۔۔ اوپر اللہ نیچے بلّا
اور ویسے بھی ذندہ تو بھٹو نے رہنا ہے باقی کیڑے مکوڑوں نے آخر ایک دن مرنا ہی ہے
پٹرول کے جلتے جہنم میں یا بم دھماکے میں یا ہسپتال کے ننگے فرش پے ، آخر سب نے مرنا ہے
نہیں موت آئے گی تو ہماری بے حسی کو ، ہماری جہالت کو ، ہمارے استحصالی نظام کو اور نہیں مرے گا تو بھٹو نہیں مرے گا
نیوز کاسٹر بول رہا تھا جو جہاں تھا وہیں جل کے خاکستر ہو گیا
shahbaz ahmed ghumman
About the Author: shahbaz ahmed ghumman Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.