’’اذان‘‘ لغت میں خبر دینے کو کہتے ہیں اور اصطلاحِ
شریعت میں چند مخصوص اوقات میں نماز کی خبر دینے کے لئے چند مخصوص الفاظ کے
دہرانے کو ’’اذان‘‘ کہا جاتا ہے۔ ’’اذان‘‘ کی مشروعیت کا پس منظر کچھ اس
طرح سے ہے کہ حضورِ اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم جب مکہ مکرمہ سے ہجرت فرماکر
مدینہ منورہ تشریف لائے اور وہاں مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور مسجد
بنائی گئی تو آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم سے مشورہ کیا
کہ نماز کے وقت اعلان کے لئے کوئی ایسی چیز متعین کی جانی چاہیے جس کے
ذریعہ تمام لوگوں کو ’’اوقاتِ نماز‘‘ کی اطلاع ہوجایا کرے، تاکہ سب لوگ وقت
پر مسجد میں حاضر ہوکر باجماعت نماز ادا کرسکا کریں ، چنانچہ بعض صحابہ
کرام رضی اﷲ عنہم نے یہ مشورہ دیا کہ نماز کے وقت کسی بلند جگہ پر ’’آگ‘‘
رُوشن کردی جایا کرے تاکہ اُسے دیکھ کر لوگ مسجد میں جمع ہوجایا کریں، بعض
نے کہا کہ نصاریٰ کی طرح ’’ناقوس‘‘ بنالیا جائے اور بعض نے کہا کہ یہود کی
طرح ’’سینگ‘‘ بنا لیا جائے۔ وغیرہ وغیرہ۔
چنانچہ صائب الرائے صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم نے ان تجاویز کے سلسلے میں عرض
کیا کہ ’’آگ‘‘ تو یہودی اپنی عبادت کے وقت اعلان کے لئے رُوشن کرتے ہیں ،
اسی طرح ’’ناقوس‘‘ نصاریٰ اپنی عبادت کے وقت اعلان کے لئے بجاتے ہیں، لہٰذا
ہمیں یہ دونوں طریقے اختیار نہ کرنے چاہئیں کہ اِس سے یہود و نصاریٰ کی
مشابہت لازم آتی ہے ، بلکہ ان کے علاوہ دوئی دوسرا طریقہ سوچنا چاہیے!۔
بات معقول تھی، اس لئے بغیر کسی فیصلہ کے مجلس برخاست ہوگئی اور صحابہ کرام
رضی اﷲ عنہم اپنے اپنے گھر تشریف لے گئے۔ ایک صحابی حضرت عبد اﷲ بن زید رضی
اﷲ عنہ نے جب یہ دیکھا کہ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم اس سلسلے میں بہت زیادہ
فکر مند ہیں اور کوئی بہتر طریقہ سامنے نہیں آرہا تو وہ بہت پریشان ہوئے،
اُن کی دلی خواہش تھی کہ یہ مسئلہ کسی نہ کسی طرح جلد از جلد طے ہوجائے
تاکہ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی فکر و پریشانی دُور ہوجائے، چنانچہ یہ اسی
سوچ و فکر میں گھر آکر سوگئے ، رات کو خواب میں کیا دیکھتے ہیں کہ ایک
فرشتہ اُن کے سامنے کھڑے ہوکر اذان کے کلمات کہہ رہا ہے۔
جب صبح ہوئی تو اُٹھ کر بارگاہِ رسالت صلی اﷲ علیہ وسلم میں حاضرہوئے اور
اپنا خواب بیان کیا ، آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایاکہ :
’’بلاشبہ یہ خواب سچا ہے، اور فرمایاکہ: ’’بلال رضی اﷲ عنہ کو اپنے ہم راہ
لواور جو کلمات خواب میں تم کو تعلیم کئے گئے ہیں وہ اِن کو بتاتے رہو وہ
انہیں زُور زُور سے ادا کریں گے، کیوں کہ وہ تم سے بلند آواز ہیں۔‘‘(مظاہر
حق جدید شرح مشکوٰۃ شریف:۴۵۳/۱)
چنانچہ جب حضرت بلال رضی اﷲ عنہ نے اذان دینا شروع کی اور اُن کی آواز شہر
میں پہنچی تو حضرت عمر فاروق رضی اﷲ عنہ دوڑتے دوڑتے آئے اور عرض کیا کہ:
’’یارسول اﷲ ! (صلی اﷲ علیہ وسلم ) قسم ہے اُس ذات پاک کی کہ جس نے آپؐ کو
حق کے ساتھ مبعوث فرمایا ہے ، ابھی جو کلمات ادا کئے گئے ہیں، میں نے خواب
میں ایسے کلمات سنے ہیں ۔‘‘ یہ سن آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے اﷲ تعالیٰ کا
شکر ادا کیا۔ منقول ہے کہ اسی رات میں دس، گیارہ یا چودہ صحابہ کرام رضی اﷲ
عنہم نے ایسا ہی خواب دیکھا تھا۔بہرحال اذان کی مشروعیت میں صحیح اور مشہور
یہی ہے کہ اس کی ابتداء حضرت عبد اﷲ بن زید انصاری اور حضرت عمر فاروق رضی
اﷲ عنہما کا یہی خواب تھا جو اُنہوں نے اس رات دیکھا تھا۔
اِس میں شک نہیں ’’اذان‘‘ اﷲ تعالیٰ کے اذکار میں سے ایک عظیم ترین اور ایک
اہم ترین ذکر ہے، جس میں اﷲ تعالیٰ کی وحدانیت اور حضور نبی کریم صلی اﷲ
علیہ وسلم کی رسالت کی شہادت کا اعلان کیا جاتاہے ، لوگوں کو کامیابی و
کامرانی کی طرف بلایا جاتا ہے اور اسلام کی شان و شوکت کا ایک بہترین عملی
مظاہرہ کیا جاتا ہے، جس کی مثال دُنیا کے کسی بھی مذہب میں نہیں پائی جاتی۔
یہی وجہ ہے کہ ’’اذان‘‘ دینے کی اہمیت و فضیلت اور اُس کا اجر و ثواب
احادیث و روایات بہ کثرت وارد ہوا ہے۔ چنانچہ حضرت معاویہ رضی اﷲ عنہ سے
روایت ہے کہ میں نے سرورِ کائنات صلی اﷲ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا
ہے کہ قیامت کے دن سب سے اُونچی گردنوں والے لوگ ’’مؤذن‘‘ ہوں گے۔(صحیح
مسلم)
حضرت ابو سعید خدری رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے
ارشاد فرمایاکہ: ’’مؤذن کی انتہائی آواز کو جو بھی سنتا ہے خواہ انسان ہو
یا جن یا اور کوئی بھی چیز ہو تو وہ سب قیامت کے دن اِس (کے ایمان) کی
گواہی دیں گے۔ ‘‘(صحیح بخاری)
حضرت ابو ہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رحمت کائنات صلی اﷲ علیہ وسلم نے
ارشاد فرمایا کہ: ’’اذان دینے والے کی بخشش اُس کی آواز کی انتہاء کے مطابق
کی جاتی ہے۔ہر خشک و تر چیز اور نماز میں آنے والے آدمی اُس کے (ایمان کے)
گواہ ہوجاتے ہیں۔ پچیس (۲۵) نمازوں کا ثواب (اُس کے زائد اعمال میں) اُس کے
لئے لکھا جاتا ہے اور ایک سے دوسری نماز کے درمیان اُس سے جو گناہ سرزد
ہوتے ہیں وہ معاف کردیئے جاتے ہیں۔‘‘(احمد، ابوداؤد، نسائی، ابن ماجہ)
حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے
ارشاد فرمایا کہ: ’’جو شخص (مزدوری اور اُجرت کے لالچ کے بغیر) محض ثواب
حاصل کرنے کی نیت سے سات سال تک اذان دے تو اُس کے لئے جہنم سے نجات لکھ دی
جاتی ہے۔‘‘ (ترمذی وابن ماجہ)
حضرت عقبہ بن عامر رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ ہادیٔ عالم صلی اﷲ علیہ وسلم
نے ارشاد فرمایا کہ: ’’تمہارا رب راضی ہوتا ہے پہاڑ کی چوٹی پر بکریاں
چرانے والے سے جو نماز کے لئے اذان دیتا ہے اور نماز پڑھتا ہے ، پس اﷲ عز
وجل (ملائکہ مقربین سے) فرماتے ہیں کہ: ’’میرے اِس بندے کی طرف دیکھوکہ یہ
پابندی سے اذان دیتا ہے اور (پابندی کے ساتھ) نماز پڑھتا ہے اور مجھ سے
ڈرتا ہے، پس میں نے اپنے (اِس) بندے کے گناہ بخش دیے ہیں اور میں اِس کو
جنت میں داخل کروں گا۔‘‘(ابو داؤد، نسائی)
حضرت عمر رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ حضورِ اقدس صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد
فرمایا کہ: ’’جب مؤذن ’’اﷲ اکبر، اﷲ اکبر‘‘کہے تو تم میں سے بھی ہر شخص
’’اﷲ اکبر، اﷲ اکبر‘‘ کہے، پھر جب مؤذن ’’اشہد ان لا الٰہ الا اﷲ‘‘ کہے تو
تم میں سے بھی ہر شخص ’’اشہد ان لا الٰہ الا اﷲ‘‘ کہے، پھر جب مؤذن ’’اشہد
ان محمدا رسول اﷲ‘‘ کہے تو تم میں سے بھی ہر شخص ’’اشہد ان محمدا رسول اﷲ‘‘
کہے،پھر جب مؤذن ’’حی علیٰ الصلوٰۃ‘‘ کہے تو تم میں سے ہر شخص ’’لاحول ولا
قوۃ الا باﷲ‘‘ کہے، پھر جب مؤذن ’’حی علیٰ الفلاح‘‘ کہے تو تم میں سے ہر
شخص ’’لاحول ولاقوۃ الا باﷲ‘‘ کہے، پھر جب مؤذن ’’اﷲ اکبر، اﷲ اکبر‘‘ کہے
تو تم میں سے بھی ایک شخص ’’اﷲ اکبر، اﷲ اکبر‘ کہے، پھر جب مؤذن ’’لا الٰہ
الا اﷲ‘‘ کہے تو تم میں سے بھی ہر شخص ’’لا الٰہ الا اﷲ‘‘ کہے۔ پس جس نے
(اذان کے کلمات کے جواب میں یہ کلمات ) صدقِ دل سے کہے تو وہ جنت میں داخل
ہوگا۔‘‘(صحیح مسلم)
حضرت عبد اﷲ بن عمرو بن العاص رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ دو عالم
صلی اﷲ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ: ’’جب تم مؤذن کی آواز سنو تو اُس کے
الفاظ کو دہراؤ اور پھر (اذان کے بعد) مجھ پر درود بھیجو ، کیوں کہ جو شخص
ایک مرتبہ مجھ پر درود بھیجتا ہے اﷲ تعالیٰ اُس کے بدلہ میں دس مرتبہ اُس
پررحمت نازل فرماتا ہے، پھر( مجھ پر درود بھیج کر) میرے لئے (اﷲ تعالیٰ کے
وسیلے سے) دُعاء کرو! ’’وسیلہ‘‘ جنت کا ایک (اعلیٰ) درجہ ہے ، جو اﷲ تعالیٰ
کے بندوں میں سے صرف ایک بندے کو ملے گا، اور مجھ کو اُمید ہے کہ وہ خاص
بندہ میں ہی ہوں گا، لہٰذا جو شخص میرے لئے وسیلہ کی دُعاء کرے گا (قیامت
کے دن) اُس کی سفارش مجھ پر ضروری ہوجائے گی۔‘‘ (صحیح مسلم)
حضرت ابن عمر رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے
ارشاد فرمایاکہ: ’’قیامت کے دن تین آدمی مشک کے ٹیلوں پر ہوں گے، ایک وہ
غلام کہ جس نے اﷲ تعالیٰ کے بھی حقوق ادا کیے اور اپنے آقا کے بھی حقوق ادا
کیے، اور دوسرا وہ شخص جو لوگوں کو نماز پڑھاتا ہو اور لوگ اِس سے خوش ہوں
اور تیسرا وہ شخص جو روزانہ پانچ نمازوں کے لئے اذان کہتا ہو۔‘‘(جامع
ترمذی)
الغرض اذان دینے کے فضائل و برکات اور اُن پر گراں قدر اجر و ثواب کا ملنا
احادیث و روایات میں بہ کثرت وارد ہوا ہے، جن پر صحیح طرح سے عمل پیرا ہونا
اور اُنہیں ٹھیک ٹھیک بجا لانا انسان کی بخشش و مغفرت کے لئے کافی ہے۔ خوش
نصیب ہیں وہ لوگ جو اندھیروں میں جاکر مسجدوں کو آباد کرتے ہیں، اُن میں
کلام پاک کی تلاوت کرتے ہیں، اﷲ تعالیٰ کا ذکر اور اُس کی تسبیحات کرتے ہیں
اور لوگوں کو اﷲ کا منادی بن کر روزانہ صبح و شام پانچ مرتبہ نماز کی طرف
اور کامیابی و کامرانی کی طرف آنے کی دعوت دیتے ہیں۔
|