انڈیا: مسلمان کرکٹر کے آنسو پر قوم پرستی کی بحث

انڈیا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہونے والے نئے مسلمان کرکٹر محمد سراج کے آنسوؤں نے قوم پرستی کی بحث کو نیا موڑ دے دیا ہے۔

محمد سراج کو اتوار کی رات انڈیا کے شہر راجکوٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں ٹیم انڈیا کی کیپ دی گئی اور جب سارے کھلاڑی قطار میں کھڑے ہوئے اور قومی نغمہ بجایا جانے لگا تو فرط جذبات سے ان کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے۔
 

image


سوشل میڈیا اور بطور خاص ٹوئٹر پر اس کے بعد سے محمد سراج ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف اسعد اختر نے لکھا: 'جب ملک میں اس بات پر بحث جاری ہے کہ قومی ترانہ بجائے جانے کے وقت اٹھنا چاہیے یا نہیں ایسے میں محمد سراج کی آنکھوں کے آنسوؤں نے بتایا دیا کہ سچا وطن پرست کیسا ہوتا ہے۔'

ایک دوسرے صارف گنیش گنانگ نے لکھا: 'جس کسی نے محمد سراج کو 'جَن گَن مَن' پر روتے ہوئے دیکھا ہے وہ کبھی 52 سیکنڈ کے لیے کھڑے ہونے پر اعتراض نہیں کریں گے۔'

آشوتوش پاٹھک نے لکھا کہ 'قومی ترانے کے درمیان سراج کی آنکھوں میں آنسو آنا یہ بتاتا ہے کہ ملک کے لیے کھیلنا ان کے لیے کتنا عظیم کام ہے۔ آپ کے لیے عزت ہے!'
 

image

محمد سراج کو رواں سال آئی پی ایل کی نیلامی سے قبل بہت کم لوگ جانتے تھے لیکن حیدرآباد کی ٹیم نے ان کے لیے ڈھائی کروڑ کی بولی لگا کر انھیں راتوں رات کرکٹ کی دنیا میں متعارف کرا دیا۔

جنوبی ریاست تیلنگانہ سے تعلق رکھنے والے محمد سراج کے والد حیدرآباد میں آٹو ركشا چلاتے رہے تھے اور ان کی والدہ سال بھر پہلے تک دوسرے گھروں میں کام کرتی تھیں۔

سراج تین سال پہلے تک صرف ٹینس گیند سے کھیلتے تھے اور باضابطہ کرکٹ گيند سے کھیلنا نصیب نہیں ہوا تھا۔
 

image

لیکن راجکوٹ میں ان کا پہلا میچ ان کی کارکردگی کی وجہ سے زیادہ یادگار نہیں کہا جائے گا کیونکہ انھیں نیوزی لینڈ کے کپتان کی وکٹ تو ملی لیکن چار اوورز میں انھوں نے 50 سے زیادہ رنز دے دیے اور نیوزی لینڈ یہ میچ باآسانی 40 رنز سے مقابلہ جیت گئی۔

بعض ٹوئٹر صارفین نے سراج کے آنسوؤں کا ذکر کرتے ہوئے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی بھی کوشش کی۔

گجرات کے سابق آئی پی ایس ڈی جی ونزارا کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا: 'مادر ہند کے سچے پوت کرکٹر محمد سراج ایک مثال ہیں جن سے مذہب کے نام پر قومی ترانے کی مخالفت کرنے والوں کو سبق لینا چاہیے۔'

انڈیا میں وطن پرستی کو فروغ دینے کے لیے عدالت عظمی نے گذشتہ سال سینما گھروں میں فلم دکھانے سے پہلے قومی ترانہ بجانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد سینما گھروں میں تشدد کے کئی واقعات رونما ہوئے اور کئی گرفتاریاں بھی ہوئیں۔
 

رواں سال جنوری میں چینئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران قومی گیت بجائے جانے کے وقت اس کے احترام میں نہ کھڑے ہونے کے جرم میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔

اس سے قبل جنوبی شہر تھیرواننت پورم میں 12 لوگوں کو حراست میں لیا گیا تھا اور چینئی میں آٹھ لوگوں کو پیٹا گيا تھا جبکہ فروری میں شمالی شہر جموں میں دو لوگوں کو سینما گھر سے اسی جرم میں گرفتار کیا گیا۔

ایک بڑے طبقے کا خیال ہے کہ وطن پرستی کا ثبوت قومی گیت پر کھڑے ہونا ہے جبکہ بہت سے لوگ اسے ذاتی معاملہ کہتے ہیں۔
 

image

انڈیا کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش سمیت ملک کی بعض ہندوتوا نواز حکومتوں نے یہ حکم جاری کیا تھا کہ 15 اگست کو یوم آزادی کے موقعے پر ریاست کے سبھی مدرسے اپنے طلبہ کے ساتھ قومی ترانہ گانے اور پرچم کشائی کا اہتمام کریں اور ثبوت کے طور پر اس تقریب کی ایک ویڈیو مقامی انتظامیہ کو دیں۔

بہرحال ہندوستان میں اب بھی قومی ترانے کے بجانے پر کھڑے ہونے یا نہ ہونے کی بحث جاری ہے۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Hyderabadi speedster Mohammed Siraj earned his first national call-up as India took on New Zealand in the second T20I at the Saurashtra Cricket Association in Rajkot on Sunday. As the two teams took the field for the national anthem, it was a proud moment for Siraj, who got into the team as a direct replacement for Ashish Nehra, with the veteran having announced his retirement after India’s first T20 win in Delhi.