رمضان المبارک کی آمد ہوتے ہی پھلوں کی قیمتیں آسمانوں تک پہنچ جاتی ہیں جس کے باعث غریب آدمی بنا پھل کھائے رمضان گزار دیتا ہے۔ وہیں کراچی سے تعلق رکھنے والانوجوانوں کا گروپ جیل چورنگی کے قریب ایک اسٹال پر 10 روپے کلو پھل فروخت کر رہا ہے۔
اس نیک کام میں ان نوجوانوں کو مخیر حضرات کی مدد بھی حاصل ہے جبکہ علاقے کے بچے بھی اپنے گھروں سے پھل لا لا کر انہیں عطیہ کر رہے ہیں۔
ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ یہاں روزانہ 400 افراد آتے ہیں، لوگ زیادہ ہوجاتے ہیں اور پھل کم پڑجاتے ہیں لیکن وہ جیسے تیسے چلا رہے ہیں۔
یہاں سے پھل خریدنے والے بھی بے حد خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہاں سے ملنے والے پھل بہترین کوالٹی کے ہیں۔ یہاں سے پھل خریدنے والوں میں زیادہ تر افراد کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔